سیکولر فرنٹ کے کانگریس اور این سی پی (شرد پوار) کے گروپ لیڈروں نے میئر نارائن چودھری سے وضاحت طلب کی۔
EPAPER
Updated: September 25, 2026, 10:26 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
سیکولر فرنٹ کے کانگریس اور این سی پی (شرد پوار) کے گروپ لیڈروں نے میئر نارائن چودھری سے وضاحت طلب کی۔
دھامنکر ناکہ میں گنیش اتسو کے دوران مہاراشٹر بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان کی آمد اور ان کے استقبال کے موقع پر میئر نارائن چودھری کے بی جے پی کے انتخابی نشان ’کمل‘ کے ساتھ نظر آنے کے بعد بھیونڈی کی سیاست میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ اس معاملے پر کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے گروپ لیڈروں نے میئر کو خط لکھ کر اپنی سیاسی پوزیشن واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کی رات دھامنکر ناکہ مترا منڈل کے گنیش اتسو میں رویندر چوہان گنپتی درشن کے لئے پہنچے تھے۔ اس موقع پر میئر نارائن چودھری بھی ان کے استقبال کے لئے موجود تھے۔ اسی دوران میئر کے سینے پر بی جے پی کا انتخابی نشان ’کمل‘ لگایا گیا جس کی تصویر اور ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد تنازع ہوگیا۔
اس معاملے پر کانگریس کے گروپ لیڈر اور ڈپٹی میئر طارق عبدالباری مومن اور این سی پی (شرد چندر پوار) کی گروپ لیڈر مسرت ارشد انصاری نے مشترکہ طور پر میئر کو خط لکھا۔ خط کے مطابق میئر نے تلک بھون میں کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اور این سی پی (شرد چندر پوار) کے رکن پارلیمنٹ سریش مہاتر( بالیا ماما) کی موجودگی میں سیکولر فرنٹ میں شامل ہوکر سیکولر اصولوں پر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اسی یقین دہانی کی بنیاد پر دونوں پارٹیوں کے کارپوریٹروں نے ان کی میئر کی حیثیت سے حمایت کی تھی لیکن میئر کا بی جے پی کے انتخابی نشان کے ساتھ عوامی پروگرام میں نظر آنا سیاسی طور پر سوالات پیدا کرتا ہے۔
اسی دوران میئر نارائن چودھری نے بی جے پی میں شمولیت کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کے پہلے شہری کی حیثیت سے ریاستی صدر رویندر چوہان کے استقبال کیلئے دھامنکر ناکہ پہنچے تھے۔ ان کے مطابق اس دوران دھامنکر ناکہ مترا منڈل کے صدر و بی جے پی گروپ لیڈر سنتوش شیٹی نے ان کے سینے پر بی جے پی کا انتخابی نشان لگایا۔ رویندر چوہان کی موجودگی کے سبب انہوں نے فوری طور پر نشان نہیں ہٹایا۔ میئر نے واضح کیا کہ ان کی وابستگی کانگریس اور این سی پی (شرد پوار) حمایت یافتہ سیکولر فرنٹ کے ساتھ برقرار ہے۔