ڈمپنگ گراؤنڈ بحران کے تعلق سے میونسپل کمشنر حرکت میں آئے، چاوندرا گراؤنڈ کو بند کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: July 20, 2026, 2:59 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ڈمپنگ گراؤنڈ بحران کے تعلق سے میونسپل کمشنر حرکت میں آئے، چاوندرا گراؤنڈ کو بند کیا جائے گا۔
چاوِندرا ڈمپنگ گراؤنڈ کے قریب کچرے کی گاڑی سے ایک بچی کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والے بحران اور احتجاج کے نتیجے میں شہر میں کچرے کے بڑھتے ڈھیر کو دیکھتے ہوئے میونسپل کمشنر انمول ساگر نے مسئلہ کے مستقل حل کے لئے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
کمشنر نے واضح کیا ہے کہ متبادل ڈمپنگ گراؤنڈ کی تلاش جاری ہے اور جگہ دستیاب ہوتے ہی موجودہ ڈمپنگ گراؤنڈ کو بند کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔میونسپل انتظامیہ کے مطابق ڈمپنگ گراؤنڈ کے اطراف غیرقانونی طور پر کھڑی کی جانے والی بھاری گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس کیلئے ٹریفک پولیس سے تعاون طلب کیا گیا ہے۔ کچرا جمع کرنے اور منتقل کرنے والے ٹھیکیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام گاڑیاں فٹنس سرٹیفکیٹ، رجسٹریشن، انشورنس اور ڈرائیونگ لائسنس سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کریں۔ آلودگی پھیلانے کے معاملے میں بھی متعلقہ ٹھیکیداروں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آدھار اتھاریٹی کے نئے پورٹل میں خامی سے رجسٹریشن اور درستگی کا عمل متاثر
میونسپل کمشنر نے بتایا کہ تعمیراتی ملبہ (سی اینڈ ڈی ویسٹ) کو عارضی طور پر بائیو مائننگ کے ذریعے خالی کی گئی جگہ پر منتقل کیا جائے گا جبکہ بارش کا موسم ختم ہونے کے بعد اس کی مستقل منصوبہ بندی کی جائے گی۔ ڈمپنگ گراؤنڈ پر واچ ٹاور اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے تاکہ نگرانی کا مؤثر نظام قائم ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے۔ اگر ڈمپنگ گراؤنڈ کے قریب واقع پیپر روڈ غیرقانونی ثابت ہوئی تو ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ زمین کی پیمائش کے بعد حکومتی فنڈ سے حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے گی، سڑک کو بہتر بنایا جائے گا اور اطراف میں صفائی و جراثیم کش ادویات کا باقاعدہ چھڑکاؤ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: سونم وانگ چک سے بات چیت پر زور
دریں اثنا مقامی عوامی نمائندوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حادثے میں جان گنوانے والی بچی کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے، ڈمپنگ گراؤنڈ پر گنجائش سے زیادہ کچرا ڈالنے پر روک لگائی جائے اور ہر کچرا گاڑی کے ساتھ صفائی ملازم کی موجودگی لازمی بنائی جائے۔ کچرا لے جانے والی گاڑیوں کو پولیس تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
iمیونسپل ذرائع کے مطابق شہر میں صفائی کا نظام معمول پر لانے کیلئے پولیس کی نگرانی میں مرحلہ وار کچرا ڈمپنگ گراؤنڈ تک پہنچانے کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ گزشتہ چند دنوں سے جمع ہونے والے کچرے کو جلد از جلد ٹھکانے لگایا جا سکے۔