Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : جدوجہد رنگ لائی،مچھلی مارکیٹ کا اچانک افتتاح

Updated: April 08, 2026, 3:05 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

۴؍ماہ قبل تقریباً ۵۰؍لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی مچھلی مارکیٹ محض انتظامی فیصلوں کے فقدان کے باعث بند پڑی رہی، جس کے نتیجے میں درجنوں مچھلی فروش خواتین سڑک کنارے کاروبار کرنے پر مجبور تھیں۔

Mayor Narayan Chaudhary And MLA Mahesh Chogle Talking To Women Fish Vendors.Photo:INN
میئر نارائن چودھری اور رکن اسمبلی مہیش چوگلے مچھلی فروش خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے-تصویر:آئی این این
۴؍ماہ قبل تقریباً ۵۰؍لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی مچھلی مارکیٹ محض انتظامی فیصلوں کے فقدان کے باعث بند پڑی رہی، جس کے نتیجے میں درجنوں مچھلی فروش خواتین سڑک کنارے کاروبار کرنے پر مجبور تھیں۔ بالآخر ان کی مسلسل جدوجہد اور شکایات اس وقت رنگ لائیں جب میئر نے اچانک مداخلت کرتے ہوئے نہ صرف مارکیٹ کا افتتاح کر دیا بلکہ  تعطل کا شکار نظام پر بھی کئی سوالات کھڑے کر دئیے۔
منڈئی علاقے میں واقع اس مارکیٹ کی عمارت خستہ حالی کے باعث بند کی گئی تھی۔ جس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے اس کی مرمت و تجدید پر خطیر رقم خرچ کی۔ اگرچہ تعمیراتی کام وقت پر مکمل ہو گیا تھا مگر اسٹالس کی تقسیم کے معاملے میں تاخیر کے باعث مارکیٹ کا آغاز مسلسل التوا کا شکار رہا۔اس دوران مچھلی فروخت کرنے والی خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ روزگار متاثر ہونے کے ساتھ انہیں بنیادی سہولتوں کے بغیر سڑک کنارے بیٹھ کر کاروبار کرنا پڑا۔ کئی بار مطالبات اور شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی حتمی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ 
 
 
گزشتہ روز میئر نارائن چودھری اور رکن اسمبلی مہیش چوگلے کے دورے کے دوران خواتین نے ایک بار پھر اپنے مسائل پیش کئے۔ اس موقع پر میئر نے فوری قدم اٹھاتے ہوئے میونسپل انتظامیہ کا انتظار کئے بغیر مچھلی مارکیٹ کا افتتاح کر دیا اور موقع پر ہی خواتین کو اسٹال فراہم کرنے کی ہدایت دی، جس کے بعد خواتین نے نئی مارکیٹ میں اپنی دکانیں قائم کر لیں۔
 
 
میئر کے اس اقدام سے جہاں ایک طرف متاثرہ خواتین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اسے فوری عوامی راحت کا قدم قرار دیا جا رہا ہے، وہیں دوسری جانب اس اچانک افتتاح نے انتظامی ہم آہنگی پر سوالیہ نشان بھی لگا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میونسپل انتظامیہ کو اس پروگرام کی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK