اپوزیشن پارٹی نے ’ایکس‘ پر لکھا ’’سرکاری پیسے کا کیسے غلط استعمال ہوتا ہے، اس کا نمونہ دیکھ لیجیے، یہ حکومت کا کیلنڈر ہے یا وزیر کی اپنی پرائیویٹ فیکٹری کا؟‘‘
EPAPER
Updated: March 27, 2026, 12:13 PM IST | Mumbai
اپوزیشن پارٹی نے ’ایکس‘ پر لکھا ’’سرکاری پیسے کا کیسے غلط استعمال ہوتا ہے، اس کا نمونہ دیکھ لیجیے، یہ حکومت کا کیلنڈر ہے یا وزیر کی اپنی پرائیویٹ فیکٹری کا؟‘‘
بہار کے محکمۂ صحت عامہ و انجینئرنگ کے وزیر سنجے سنگھ ان دنوں سرخیوں میں ہیں۔ ریاست کی اہم اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے ایک کیلنڈر کے حوالے سے نتیش حکومت کے اس وزیر کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ سنجے سنگھ اور ان کے اہل خانہ کی کیلنڈر پر شائع تصویر شیئر کرتے ہوئے آر جے ڈی نے طنز کستے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’سرکاری پیسے کا کیسے غلط استعمال ہوتا ہے، اس کا نمونہ دیکھ لیجیے۔ یہ بہار حکومت کا کیلنڈر ہے یا وزیر کی اپنی پرائیویٹ فیکٹری کا؟‘‘
ریاست کی سیاست میں ان دنوں وزیر سنجے سنگھ کے محکمے کی جانب سے جاری کردہ کیلنڈر کو لے کر زبردست بحث جاری ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کیلنڈر میں چھپی تصاویر میں سنجے سنگھ اپنے اہل خانہ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اسی کے متعلق آر جے ڈی نے سوشل میڈیا پر۴؍ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’سرکاری پیسے کا کیسے غلط استعمال ہوتا ہے، اس کا نمونہ دیکھ لیجیے۔‘‘
آر جے ڈی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر مزید لکھا کہ ’’بہار حکومت کے ’پی ایچ ای ڈی‘ کے وزیر سنجے سنگھ اپنے محکمے کے جاری کردہ کیلنڈر پر اپنے خاندان اور بچوں کی تصاویر لگوا کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ یہ بہار حکومت کی وزارت کا کیلنڈر ہے یا وزیر جی کی اپنی پرائیویٹ فیکٹری کا؟‘‘ پارٹی نے طنز کرتے ہوئے مزید لکھا’’خود نمائی کے معاملے میں تو انہوں نے وزیراعظم مودی اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ جب کوئی پارٹی زمینی کارکنوں کو چھوڑ کر دھنا سیٹھوں کو وزارتیں ریوڑیوں کی طرح بانٹے گی، تو یہی ہوگا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’روہت پوار خود این سی پی پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں‘‘
واضح رہے کہ وزیر سنجے سنگھ چراغ پاسوان کی پارٹی ’لوک جن شکتی پارٹی‘ (رام ولاس پاسوان) کے لیڈر ہیں ۔ گزشتہ سال بہار میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں انہوں نے ویشالی ضلع کی مہوا سیٹ سے جیت حاصل کی تھی۔ سنجے سنگھ نے اسمبلی انتخاب میں آر جے ڈی کے مکیش کمار روشن کو ہرایا تھا۔