Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’روہت پوار خود این سی پی پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں‘‘

Updated: March 27, 2026, 10:40 AM IST | Mumbai

سنیل تٹکرے کا جوابی حملہ، کہا’’ ہمارا منہ نہ کھلوائیں ہمیں سب معلوم ہے۔‘‘

Sunil Tatkre. Photo: INN
سنیل تٹکرے۔ تصویر: آئی این این

این سی پی (شرد) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے الزام لگایا تھا کہ این سی پی (اجیت) کے کار گزار صدر پرفل پٹیل  اور ریاستی صدر سنیل تٹکرے پارٹی پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔ روہت کے الزام پر سنیل تٹکرے نے بدھ کی رات جوابی حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا ’’ روہت پوار کو خود این سی پی پر قبضے کی جلدی ہے۔ وہ ہمارا منہ نہ کھلوائیں، ہمیں معلوم ہے کہ انہوں نے سونیترا بھابھی ( اجیت پوار کی بیوہ ) ، جے پوار اور پارتھ پوار ( اجیت پوار کے بیٹے) کے خلاف کون کون سی سازشیں کی ہیں۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: منشیات کی اسمگلنگ میں پنجاب سرفہرست، گزشتہ۳؍ سال میں ریکارڈ اضافہ

یاد رہے کہ روہت پوار نے الزام لگایا تھا کہ اجیت پوار کی موت کے صرف ۱۸؍ دن بعد ۱۶؍ فروری کو پرفل پٹیل ، سنیل تٹکرے اور برج موہن شریواستو نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کہا تھا کہ این سی پی (اجیت ) کا آئین تبدیل ہو گیا ہے اور پارٹی کے سارے اختیارات کارگزار صدر کے سپرد کر دیئے گئے ہیں۔ یعنی پرفل پٹیل اب پارٹی کے فیصلے کریں گے۔ سونیترا پوار کو جب اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کہا کہ ۲۸؍جنوری سے لے کر ۲۶؍ فروری تک اگر پارٹی کی طرف سے کوئی خط الیکشن کمیشن کو ملا ہو تو اس میں کہی گئی باتوں پر عمل نہ کیا جائے۔ روہت پوار کا الزام ہےکہ سنیل تٹکرے ، پرفل پٹیل اور برج موہن شریواستو مل کر این سی پی پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: افواہوں کے سبب پیٹرول پمپ پر گاڑیوں کا ہجوم

اسی کا جواب دیتے ہوئے سنیل تٹکرے نے کہا ’’ روہت پوار روزانہ شہرت کی خاطر کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں۔ جینت پاٹل ۴۰؍ سال سے سیاست میں ہیں، روہت پوار نے انہیں پارٹی سے نکالنے کامطالبہ کیا تھا۔ انہیں اب ہماری پارٹی کے تعلق سے بات کرنا بند کرنا چاہئے اور اپنی پارٹی میں کیا ہو رہا ہے وہ دیکھنا چاہئے۔‘‘ تٹکرے نے کہا’’ اجیت دادا کے خلاف جو سازشیں کی گئیں وہی اب سونیترا بھابھی ، جے پوار اور پارتھ پوار کے ساتھ کی جا رہی ہیں۔ عوام نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا ۔ اب یہ میرے پیچھے پڑے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا’’ دادا کے حادثے کے بعد ان کی لاش جب اسپتال میں لائی گئی ،وہاں سے پوسٹ مارٹم ہونے تک کیا کیا سازشیں ہو رہی تھیں ہمیں سب معلوم ہیں۔‘‘ رکن پارلیمان نے کہا ’’ روہت پوار کو خود این سی پر قبضے کی جلدی ہے۔ وہ ہمارا منہ نہ کھلوائیں ۔ ہمیں سب معلوم ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK