• Sun, 11 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بدلاپور جنسی زیادتی کے ملزم کوبی جے پی نےکونسلر بنا دیا

Updated: January 11, 2026, 11:32 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Badlapur

اپوزیشن نے سوال کیا ’’ بی جے پی اور کتنا گرے گی؟‘‘ عوام نے احتجاج کی دھمکی دی، بالآخر تشار آپٹے کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔

Tushar Apte had to resign after the public threatened to protest. Photo: INN
عوام کی جانب سے احتجاج کی دھمکی کے بعد تشار آپٹے کو استعفیٰ دینا پڑا۔ تصویر: آئی این این

جمعہ کے روز کل گاوں۔بدلاپور میونسپل کونسل کے پہلے جنرل اجلاس میں پانچ کونسلروں کی نامزدگی عمل میں آئی۔ حیران کن طور پر بی جے پی نے بدلا پور کے اس اسکول کے سیکریٹری کونسلر نامزد کر دیا جہاں ۲؍ سال قبل معصوم بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعے کا کلیدی ملزم اکشے شندے انکائونٹر میں مارا جا چکا ہے لیکن اسکول کے سیکریٹری تشار آپٹے بھی اس معاملے میں ملز م ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ عہدہ تشار آپٹے کو میونسپل انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے کے عوض دیا گیا ہے۔ حالانکہ عوام کے احتجاج اور اپوزیشن کی تنقیدوں کے بعد تشار آپٹے کو اپنی رکنیت سے استعفیٰ دینا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: اویسی کا ’’باحجاب وزیرِ اعظم‘‘ کا خواب؛ سیاسی حلقوں میں لفظی جنگ چھڑ گئی، بی جے پی حملہ آور

یاد رہے کہ اگست ۲۰۲۴ میں بدلاپور کے ایک معروف اسکول میں دو کمسن بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ کلیدی مرکزی ملزم اکشے شندے پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہو چکا ہے تاہم تحقیقات کے دوران اسکول انتظامیہ کا مجرمانہ کردار سامنے آیا تھا۔ اسکول کے چیئرمین اودئے کوتوال اور سیکریٹری تشار آپٹے پر الزام ہے کہ انہوں نے جان بوجھ اس گھناؤنے جرم کی معلومات چھپانے کی کوشش کی تھی۔ ان دونوں کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد وہ ۴۹ دنوں تک روپوش رہے۔ بالآخر انہیں کرجت کے ایک فارم ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم تشار آپٹے محض ۴۸ گھنٹوں میں ضمانت پر رہا ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اویسی کا ’’باحجاب وزیرِ اعظم‘‘ کا خواب؛ سیاسی حلقوں میں لفظی جنگ چھڑ گئی، بی جے پی حملہ آور

اپوزیشن کی جانب سے سخت تنقید
اس معاملے میں اپوزیشن کی جانب سے سخت تنقید ہوئی۔ شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے اس تقرری پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا بدلاپور اس واقعے کے خلاف احتجاج کی آگ میں جل رہا تھا لیکن بی جے پی نے پولیس پر دباؤ ڈال کر متاثرہ بچی کی ماں کی فریاد دبانے کی کوشش کی۔ تشار آپٹے مفرور تھا ہمیں لگا وہ سلاخوں کے پیچھے ہوگا لیکن بی جے پی لیڈروں نے اسے گھوڑے پر بٹھا کر ایوان میں پہنچا دیا۔ یہ انسانیت اور انصاف کا جنازہ نکالنے کے مترادف ہے۔ این سی پی (شرد) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے ایک ٹویٹ کے ذریعے سوال کیا ہے کہ ’’ بی جے پی اور کتنا نیچے گرے گی؟‘‘ انہوں نے لکھا ہے ’’ بدلا پور جنسی زیادتی کے ساتھی ملزم تشار آپٹے کو بی جے پی نے نامزد کونسلر بنا دیا ہے۔ بی جے پی کو لوگوں کی نہیں تو ضمیر کی تو سننی چاہئے۔کونسلر کو جیت دلانے میں مدد کرنے پر ایسے شخص کو نامزد کونسلر بنا دیا گیا۔ ‘‘ روہت پوار نے کہا ’’ بی جے پی آخر اور کتنا نیچے گرے گی؟ وہ لوگوں کو پیغام کیا دینا چاہتی ہے؟ ایسی ذہنیت کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ شیوسینا (ادھو) کے رکن اسمبلی امبا داس دانوے نے کہا ہے کہ بدلا پور میں معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی کے ملزم کو ’ پارٹی وتھ ڈیفرنس ‘ ( دوسروں سے الگ پارٹی ) کی جانب سے سیدھے نامزد کونسلر کا عہدہ۔ عوام کو اب سمجھ میں آ گیا ہوگا کہ اس ملزم کی گرفتاری واردات کے ۴۴؍ دن بعد کیوں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا ’خوف سے آزاد مہاراشٹر ‘ یہ صرف بی جے پی کی لفاظی ہے۔ ورنہ مجرموں کو پناہ دینا یہی بی جے پی کا اصل کاروبار ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایم آئی ایم کی جیت ہوئی تو عبدالمالک یونس مالیگائوں کے میئر ہوں گے

تشار آپٹے کا استعفیٰ 
اپوزیشن کی تنقیدوں اور بدلا پور کے عوام کی جانب سے احتجاج کی دھمکی کے بعد تشار آپٹےسنیچر کی شام اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ اس کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی اور آدرش اسکول کی بدنامی نہ ہو اس وجہ سے میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK