وسندھرا اور رام مادھو سمیت۱۳؍ نائب صدور میں طارق منصور بھی ، باسط علی کو اقلیتی مورچہ کی ذمہ داری، اسمرتی ایرانی جنرل سیکریٹری بنیں۔
EPAPER
Updated: August 18, 2026, 10:31 AM IST | Agency | Mumbai
وسندھرا اور رام مادھو سمیت۱۳؍ نائب صدور میں طارق منصور بھی ، باسط علی کو اقلیتی مورچہ کی ذمہ داری، اسمرتی ایرانی جنرل سیکریٹری بنیں۔
بی جے پی نے پیر کو پارٹی صدر نتن نبین کی قیادت میں اپنی نئی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا جس میں کئی نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ بی جے پی کی مرکزی ٹیم میں جہاں سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کی قومی جنرل سکریٹری کے طور پر واپسی ہوئی ہے وہیں آئی ٹی سربراہ امیت مالویہ کو باہر کاراستہ دکھا کر ان کی جگہ دیپک مہسکے کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ پارٹی نے وسندھرا راجے اور رام مادھو سمیت ۱۳؍ نائب صدور بنائے ہیں جن میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر طارق منصوربھی شامل ہیں۔ نتن نبین کی ٹیم میں دوسرا اہم مسلم نام باسط علی کا ہے جسے اقلیتی مورچہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ نئی ٹیم میں نوجوانوں اور تجربہ کار لیڈروں کے درمیان مناسب توازن قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے ہے۔۱۳؍ نائب صدور میں ۶؍ خواتین ہیں جبکہ پارٹی لیڈرشپ ٹیم میں کل ۱۲؍ خواتین کو جگہ ملی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تیل کی آمدنی میں کمی اور فیکٹریوں کی تباہی سے معاشی مسائل بڑھے
کل ۶۵؍عہدیداروں کا اعلان کیاگیا جن میں سے ۵۱؍ نئے ہیں۔ ان میں ۶؍کی عمر۴۰؍ سال سے کم،۱۵؍کی ۴۰؍ سے ۴۹؍ کے بیچ اور ۲۱؍ کی ۵۰؍ سے ۵۹؍ سال کے درمیان ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نئی ٹیم میں۱۲؍خواتین اور اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے ۶؍ لیڈرشامل ہیں۔ بی جےپی کے تنظیمی ڈھانچہ میں یہ تبدیلیاں ۲۰۲۹ء تک کے اسمبلی انتخابات اور آئندہ لوک سبھا الیکشن کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:راہل گاندھی کیخلاف مقدمہ پر سپریم کورٹ کی روک
مرکزی وزیر پیوش گوئل کو پارٹی کا قومی خزانچی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ واحد مرکزی وزیر ہیں جنہیں پارٹی کی نئی قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔بی جے پی نے بی ایل سنتوش کو قومی جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے اہم عہدہ پر برقرار رکھا ہے۔تریپورہ کے سابق وزیر اعلیٰ بپلب کمار دیب کو بھی ۸؍قومی جنرل سیکریٹریوں کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت کو نئے نائب صدور میں شامل کیا گیا ہے۔