Inquilab Logo Happiest Places to Work

کھڑولی ندی میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش۱۸؍ گھنٹے بعد برآمد

Updated: April 14, 2026, 7:08 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

پڑگھا کے قریب واقع کھڑولی ندی ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہوئی، جہاں اتوار کو نہانے گیا۲۰؍ سالہ نوجوان معین الدین منشی طویل تلاش کے بعد پیر کی صبح مردہ حالت میں برآمد ہوا۔

Youth Moinuddin Munshi.Photo:INN
متوفی نوجوان معین الدین منشی- تصویر:آئی این این
پڑگھا کے قریب واقع کھڑولی ندی ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہوئی، جہاں اتوار کو نہانے گیا۲۰؍ سالہ نوجوان معین الدین منشی طویل تلاش کے بعد پیر کی صبح مردہ حالت میں برآمد ہوا۔ تقریباً۱۸؍ گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس تلاش میں مقامی نوجوانوں نے رات بھر کوششیں جاری رکھیں جبکہ اہل خانہ نے ریسکیو نظام پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، نئی بستی کے رہائشی معین الدین منشی اتوار کے روز اپنے دوستوں کے ساتھ ندی میں نہانے گیا تھا، جہاں گہرے پانی میں ڈوب کر لاپتہ ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو بلایا گیا، مگر اندھیرا ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا تھا۔اس کے بعد نئی بستی کے نوجوانوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری رات ندی میں تلاش جاری رکھی۔ پیر کی صبح تقریباً۸؍بجے معین الدین کی لاش ندی سے نکالی گئی اور اسے فوری طور پر پڑگھا کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔
اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ فائر بریگیڈ تاخیر سے موقع پر پہنچا اور اندھیرے کا بہانہ بنا کر واپس چلا گیا جس کے باعث قیمتی وقت ضائع ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب لاش برآمد ہوئی تب تک بھی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر نہیں پہنچ سکا تھا ۔
 
 
ممبئی-بڑودہ ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، ایک شخص کی موت 
 تعلقہ کے پُنڈاس-کھانڈپے گاؤں کی حدود سے گزرنے والے ممبئی-بڑودہ ایکسپریس وے پر چار پہیہ اور دو پہیہ گاڑی کے درمیان پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں پارِیولی گاؤں کے رہائشی شرد پاٹل(۵۲)موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ۲؍ دیگر افراد معمولی زخمی ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی گنیش پوری پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کا مقدمہ درج کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال روانہ کر دیا گیا۔
 
 
موصولہ اطلاعات کے مطابق اکلوولی-وجریشوری کی جانب سے ممبئی-ناسک ہائی وے کی سمت تیز رفتاری سے آنے والی ایک چار پہیہ گاڑی کا ڈرائیور اچانک گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔ اسی دوران دو پہیہ سوار شرد پاٹل وڑپا کی سمت سے اپنے کام سے گھر واپس جا رہے تھے کہ بے قابو گاڑی نے انہیں زور دار ٹکر ماری اور کچل دیا، جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہو گئے۔واضح رہے کہ ممبئی-بڑودہ ایکسپریس وے کا کام ابھی جاری ہے اور باضابطہ افتتاح سے قبل پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے کے باعث علاقے میں غم کی فضا پائی جا رہی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK