• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برطانوی-ہنگریائی مصنف ڈیوڈ سالوئی نے اپنے ناول ”فلیش“ کیلئے ۲۰۲۵ء کا بکر پرائز حاصل کیا

Updated: November 11, 2025, 10:04 PM IST | London

جیوری پینل نے فاتح ناول کو ”غیر معمولی“ قرار دیتے ہوئے اس کی اصلیت اور جذباتی گہرائی کی تعریف کی۔

David Szalay. Photo: X
ڈیوڈ سالوئی۔ تصویر: ایکس

برطانوی-ہنگریائی مصنف ڈیوڈ سالوئی نے اپنے ناول ’فلیش‘ (Flesh) کیلئے ۲۰۲۵ء کا بکر پرائز اپنے نام کرلیا ہے۔ پیر کو لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں انہیں ۵۰ ہزار پاؤنڈ (تقریباً ۵۸ لاکھ ۲۱ ہزار روپے) کی انعامی رقم سے نوازا گیا۔ ’فلیش‘ میں جذباتی طور الگ تھلگ رہنے والے ایک شخص کی زندگی کو بیان کیا گیا ہے جو ہنگری کی ایک ہاؤسنگ اسٹیٹ سے لے کر لندن کے اشرافیہ کے حلقوں تک مختلف سماجی دنیاؤں سے گزرتا ہے۔ اس کے تجربات میں بڑی عمر کی خواتین کے ساتھ پیچیدہ تعلقات اور عراق کی جنگ میں گزارا گیا وقت شامل ہے۔

منصفین نے سالوئی کے ناول ’فلیش‘ کو ”غیر معمولی“ اور ”نہایت خاص تحریر “ قرار دیا اور اس کی اصلیت اور جذباتی گہرائی کی تعریف کی۔ جیوری پینل کے چیئرمین روڈی ڈوائل نے اس ناول کو ’تاریک لیکن مکمل پڑھنے پر مجبور کردینے والا‘ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”ہمیں ’فلیش‘ کے بارے میں خاص طور پر اس کی انفرادیت پسند آئی۔ یہ کسی دوسری کتاب جیسا نہیں ہے۔“

یہ بھی پڑھئے: سوڈان کی الفاشر کے ظلم پرعالمی اقوام کی مجرمانہ خاموشی کی سخت مذمت

جیوری پینل نے ہندوستانی ناول نگار کرن دیسائی، برطانوی مصنف اینڈریو مِلر اور شارٹ لسٹ میں شامل مصنفین سوسن چوئی، کیٹی کٹامورا اور بین مارکووِٹس کی کتابوں کے درمیان سالوئی کے ناول کا انتخاب کیا۔ اس سال کے جیوری پینل میں اداکارہ سارہ جیسیکا پارکر، مصنفین ایوبامی ادیبایو اور کائلی ریڈ، نقاد کرس پاور اور ڈوائل شامل تھے۔ اس کتاب نے پرائز سیزن کے دوران مشہور فنکاروں دعا لیپا اور سٹورمزی کی حمایت سے بھی قابل ذکر توجہ اور توثیق حاصل کی تھی۔

سالوئی ۱۹۷۴ء میں کنیڈین شہر مونٹریال میں پیدا ہوئے لیکن انہوں نے برطانوی دارالحکومت لندن میں پرورش پائی۔ ۵۱ سالہ سالوئی اب آسٹریا کی راجدھانی ویانا میں رہتے ہیں اور ۶ کتابوں کے مصنف ہیں۔ ایک سابقہ انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ناول ہنگری سے شروع ہو کر انگلینڈ پر ختم ہونے والے یورپ بھر کے ثقافتی اور اقتصادی تضادات کو ظاہر کرے۔ انہوں نے ہنگری کے یورپی یونین میں داخلے کے وقت ایک ہنگریائی تارک وطن کے بارے میں لکھنے کو ’ایک فطری نقطہ آغاز‘ قرار دیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: الفاشر، سوڈان: بے گھر افراد کی تعداد تقریباً ۸۹؍ ہزار: آئی او ایم کی تازہ رپورٹ

واضح رہے کہ سالوئی، اس سے قبل ۲۰۱۶ء میں اپنے ناول ‘آل دیٹ مین اِز’ (All That Man Is) کیلئے بکر پرائز کیلئے شارٹ لسٹ ہوئے تھے، لیکن ‘فلیش’ ان کا پہلا ناول ہے جس نے بکر پرائز حاصل کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK