Inquilab Logo Happiest Places to Work

گئو کشی کے الزام میں این سی پی (اجیت) لیڈر پر معاملہ درج

Updated: August 01, 2026, 9:57 AM IST | Z. A. Khan | Hingoli

ہنگولی کے بسمت تعلقے میں ایک کھیت سے ۱۹؍ جانور برآمد ہوئے ، سکل ہندو سماج کی جانب سے احتجاج ۔

Vice President of the Municipality Syed Imran has been accused of cow slaughter (file photo)
نائب صدر بلدیہ سید عمران پر گئوکشی کا الزام لگایا گیا ہے ( فائل فوٹو)

ہنگولی ضلع کے  بسمت تعلقے میں واقع جاولہ کھنداربن شیوار میں  ایک کھیت سے   ۱۹؍ مویشیوں کے برآمد ہونے پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ سکل ہندو سماج نے نہ صرف این سی پی (اجیت ) کے نائب صدرِ بلدیہ کے خلاف گئو کشی کا معاملہ درج کروایا بلکہ جمعہ کے روز بسمت میں کاروباری بھی بند کروایا۔  اس موقع پر تحصیلدار کو مختلف مطالبات پر مشتمل ایک یادداشت بھی پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’جنتر منتر پر پتھرائو بی جے پی کے غنڈوں نے کیا تھا‘‘

واضح رہے کہ بسمت تعلقہ کے جاولہ کھنداربن شیوار میں واقع ایک کھیت پر بسمت دیہی پولیس نےگزشتہ بدھ(  ۲۹؍ جولائی) کو چھاپہ مارا تھا جہاں سے  ۱۹؍ مویشی بر آمد ہوئے تھے۔ الزام ہے کہ انہیں ذبح کیلئے رکھا گیا تھا۔    اس معاملے میں جمعرات ۳۰؍ جولائی کوبسمت میونسپل کونسل کے این سی پی (اجیت ) کے نائب صدرِ بلدیہ سید عمران علی کے خلاف معاملہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جس مقام پر مویشی باندھے گئے تھے وہاں شدید کیچڑ اور بدبو پھیلی ہوئی تھی۔اس واقعے کے خلاف سخت احتجاج کیلئے سکل ہندو سماج کی جانب سے جمعہ ۳۱؍ جولائی کو بسمت بند کی اپیل کی گئی تھی، جسے  بھرپور عوامی تائید حاصل ہوئی۔ بڑی تجارتی دکانوں کے ساتھ ساتھ پان اور چائے کی دکانوں کے مالکان نے بھی بند میں حصہ لیا۔ بعد ازاں ہندو سماج کی جانب سے سب ڈیو یژنل آفیسر (ایس ڈی او) کے دفتر تک ایک مارچ نکالا گیا، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔اس موقع پر سب ڈیویژنل آفیسر کے توسط سے ایک یادداشت پیش کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس مقدمے میں ہندو سماج کے مذہبی جذبات مجروح ہونے کے پیشِ نظر مزید متعلقہ دفعات شامل کی جائیں، ملزم کو مکوکا کے تحت فوری گرفتار کیا جائے، اور عوامی عہدے کے غلط استعمال اور سنگین نوعیت کے جرم کے باعث اسے فوری طور پر بلدیہ کے رکن کے عہدے کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: بینک منیجر کی بدزبانی پر سوابھیمانی شیتکری سنگٹھنا کے لیڈر نے تھپڑ جڑ دیا

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی عہدیدار پریتی جیسوال نے بھی سب ڈیویژنل آفیسر کے دفتر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بسمت دیہی پولیس تھانے میں درج مقدمے کی سیاسی دباؤ سے بالاتر ہوکر غیر جانبدارانہ اور جامع تحقیقات کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے سے وابستہ پورے نیٹ ورک، مویشیوں کی نقل و حمل کی زنجیر اور مالی لین دین کی بھی مکمل جانچ کی جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK