۷۰؍ لاکھ روپے کی لاگت سے انہیں نصب کیا گیا تھا۔ اس مشہورسیاحتی مقام کے عوام نے تشویش کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: September 16, 2026, 1:04 PM IST | Siraj Sheikh | Murud-Janjira
۷۰؍ لاکھ روپے کی لاگت سے انہیں نصب کیا گیا تھا۔ اس مشہورسیاحتی مقام کے عوام نے تشویش کا اظہار کیا۔
مشہور سیاحتی شہر مروڑ جنجیرہ میں ماضی میں کچھ واقعات ایسے ہوئے ہیں جس کے سبب شہر کے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر کے مقامی انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے تھے۔ لاکھوں روپے خرچ کر کے بازار پیٹھ،گول بنگلہ ناکہ،ماروتی ناکہ،چکل پکھاڑی ناکہ اور دیگر چوراہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصبکئے گئے اور اس کی خوب تشہیر بھی کی گئی جس پر عوام نے اطمینان کا سانس لیا تھا لیکن صورتحال یہ ہے کہ سبھی کیمرے صرف دکھاوے کے لئے رہ گئے ہیں۔افسوس کی بات یہ ہے کہ کیمرے نصب کئے جانے کے بعد اس کی کوئی نگرانی نہیں ہوئی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ تھوڑے عرصے تک کام کرنے کے بعد کیمرے ناکارہ ہو گئے۔
یہ بھی پڑھئے:مکہ مکرمہ کے قریب حوثیوں کا ڈرون مار گرایا گیا، سعودی عرب کی سخت وارننگ
اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق شہری انتظامیہ نے عوام کی حفاظت کے ساتھ ساتھ چوری ڈکیتی، لڑائی جھگڑے، حادثات اور دیگر نامناسب سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور اس کی روک تھام کیلئے شہر کے اہم چوراہوں اور ناکوں پر۷۰؍ لاکھ روپے کی لاگت سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھےلیکن یہ اب ناکارہ ہو گئے ہیں۔ حالانکہ اس معاملے کو امن کمیٹی کی میٹنگ میں بھی اٹھایا گیا تھا لیکن کچھ نہیں ہوا۔
اس ضمن میں اس نمائندے نے صدر بلدیہ ارا دھانادانڈیکر سے استفسارکیا تو انہوں نے کہا کہ جلد ہی کیمروں کو درست کرواکے نگرانی شروع کر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے:یہ ہماری آخری ملاقات ہو سکتی ہے: منوج جرنگے
اس سلسلے میں یہاں کے سماجی خادم زاہد فقجی نے کہا کہ شہروں میں لگے کیمرے شہری انتظامیہ اور پولیس کی تیسری آنکھ کہلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کا بند ہونا عوامی تحفظ کیلئے انتہائی سنگین اور حساس مسئلہ ہےجس کی وجہ سے شہر میں جرائم کی شرح بڑھ سکتی ہے ۔زاہد نامی شخص نے کہا کہ شہری انتظامیہ فوری طور پر ٹیکنیشین ٹیمیں تشکیل دے کر کیمروں کو درست کرائیں اور ایک مرکزی کنٹرول روم بنایا جائے جو۲۴؍ گھنٹے کیمروں کی نگرانی کریں اور اس کی دیکھ ریکھ کرے۔