Updated: November 21, 2026, 10:00 PM IST
| New Delhi
ساؤتھ ایشیا جسٹس کیمپین (ایس اے جی سی) کی اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق دفتر کو دی گئی رپورٹ میں ہندوستان کی مردم شماری ۲۰۲۷ء، آبادیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی اور نجی شمار کنندگان کی تقرری سے متعلق ترامیم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ یہ اقدامات مسلمانوں اور کمزور طبقات کو نشانہ بنانے والے ملک گیر این آر سی کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
ساؤتھ ایشیا جسٹس کیمپین (ایس اے جی سی) نے اقوامِ متحدہ کے خصوصی طریقہ کار سے رجوع کرتے ہوئے بھارت کی آئندہ مردم شماری ۲۰۲۷ء کے سوالنامے، آبادیاتی تبدیلیوں (ڈیموگرافک چینجز) سے متعلق مرکز کی اعلیٰ سطحی کمیٹی اور نجی افراد کو مردم شماری کے شمار کنندہ کے طور پر تعینات کرنے کی اجازت دینے والی ترامیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے اقوامِ متحدہ کو خبردار کیا ہے کہ مردم شماری ۲۰۲۷ء اور حکومت کی نئی تشکیل کردہ کمیٹی کو ملک گیر سطح پر شہریت کی تصدیق کی مہم چلانے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے، جو غیر متناسب طور پر مسلمانوں اور دیگر کمزور طبقات کو نشانہ بنا سکتی ہے۔ ۱۴؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر (او ایچ سی ایچ آر) کو پیش کی گئی اپنی رپورٹ میں اس سول سوسائٹی پلیٹ فارم نے خبردار کیا کہ مردم شماری کا سوالنامہ، حکومت کی آبادیاتی کمیٹی اور شہریت سے متعلق موجودہ اقدامات مل کر ملک گیر نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ یہ درخواست اقوامِ متحدہ کے خصوصی طریقہ کار کے تحت دائر کی گئی ہے جس میں تعلیم، مذہب یا عقیدہ، اقلیتی مسائل، نسل پرستی اور ترقی کو متعلقہ شعبوں کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آدھار کارڈ تاریخ پیدائش کا حتمی ثبوت نہیں: دہلی ہائی کورٹ
ہندوستان ۲۰۱۱ء کے بعد اپنی پہلی قومی مردم شماری کرانے جا رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق، حکومت کی جانب سے ۱۴؍ اگست ۲۰۲۶ء کو نوٹیفائی کئے گئے سوالنامے میں ایسی معلومات طلب کی گئی ہیں جو شہریت کے تعین پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، جن میں جواب دہندگان کے شناختی دستاویزات کے نمبرز، والدین کے نام، مذہب اور جائے پیدائش شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سوالنامے میں موبائل نمبرز، ووٹر آئی ڈی اور آدھار نمبرز بھی مانگے گئے ہیں۔ اس کے ۴۰؍ میں سے ۸؍ سوالات نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) کے ۲۰۲۰ء کے شیڈول سے مطابقت رکھتے ہیں، جسے وزارتِ داخلہ اس سے قبل این آر سی (این آر سی ) کے قیام کی جانب پہلا قدم قرار دے چکی ہے۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ ڈیٹا کی رازداری اور پرائیویسی کے خدشات سے ہٹ کر، ان سوالات کو باضابطہ اعلان کئے بغیر ملک گیر این پی آر (این پی آر ) مرتب کرنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تنظیم نے آسام کے تجربے کا حوالہ دیا، جہاں ۳۱؍ اگست ۲۰۱۹ء کو شائع ہونے والے حتمی این آر سی سے تقریباً ۱۹؍ لاکھ افراد کو باہر کر دیا گیا تھا۔ سات سال گزرنے کے باوجود رجسٹرار جنرل آف انڈیا نے ابھی تک اس رجسٹر کو باضابطہ طور پر نوٹیفائی نہیں کیا ہے اور خارج کئے گئے افراد کو فارنرز ٹریبونلز میں اپیل کرنے کیلئے درکار مستردی کی پرچیاں بھی نہیں ملیں، جس سے ان کی شہریت کی حیثیت غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۷۰ء تک ہندوستان میں ہندو ۷۵؍ فیصد اور مسلمان۲۰؍ فیصد ہوںگے
رپورٹ میں وزارتِ داخلہ کی جانب سے ۲۶؍ مئی ۲۰۲۶ء کو سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں قائم کی گئی ’’آبادیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی‘‘ پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے دائرہ کار میں ’’غیر قانونی امیگریشن اور دیگر غیر معمولی وجوہات‘‘ سے منسوب آبادیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینا، مذہبی اور سماجی برادریوں میں آبادی کی ساختی تبدیلیوں کا تجزیہ کرنا اور ان سے نمٹنے کیلئے اقدامات تجویز کرنا شامل ہے۔ تنظیم نے مؤقف اختیار کیا کہ کمیٹی کا ڈھانچہ کسی مطالعے سے پہلے ہی غیر قانونی امیگریشن کو آبادیاتی تبدیلی کی وجہ فرض کر لیتا ہے اور مذہبی شناخت و قومی سلامتی کے تناظر میں اس جائزے سے خاص طور پر مسلمانوں کی نشاندہی اور جانچ پڑتال میں آسانی ہو سکتی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے عام نجی افراد کو ملک بھر میں آبادیاتی تبدیلیوں پر معلومات فراہم کرنے کی دعوت پر بھی غیر مصدقہ یا جانبدارانہ معلومات کے استعمال کے خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔ یہ خدشات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب تنظیم کے بقول ملک میں فرقہ وارانہ پولرائزیشن اور مذہب، ہجرت اور شہریت کو سیاسی رنگ دینے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ رپورٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت حکمران بی جے پی کے سینئر رلیڈرس کے بیانات کا حوالہ دیا گیا ہے، جنہوں نے بارہا مسلمانوں کو ہندوستان کے آبادیاتی توازن کیلئے خطرہ بننے والے ’’درانداز‘‘ قرار دیا ہے۔ ۲۰۱۱ء کی مردم شماری کے مطابق ہندوستان کی آبادی میں مسلمان ۲ء۱۴؍ فیصد یعنی تقریباً ۱۷؍ کروڑ ۲۰؍ لاکھ تھے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے مینڈیٹ اور مردم شماری کے ذریعے مذہب و والدین کے پس منظر کی معلومات اکٹھی کرنے کے ساتھ جب اس طرح کی بیان بازی کو ملا کر دیکھا جائے تو اس سے مسلم آبادی میں اضافے کو ہندوستانی ریاست کیلئے خطرہ بنا کر پیش کرنے والے بیانیے کو تقویت ملنے کا اندیشہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: الیکشن کمیشن کواپوزیشن کے ۴۸؍ سوالوں پر سخت اعتراض
رپورٹ میں ایک اور تشویش ۱۶؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو نوٹیفائی کئے گئے مردم شماری قواعد ۱۹۹۰ء میں کی گئی ترمیم سے متعلق ہے، جو مردم شماری کے شمار کنندہ کے طور پر نجی افراد کو بھرتی کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ مناسب نگرانی اور تحفظات کے بغیر نجی افراد کی شمولیت سے حکام کو اس عمل میں سیاسی طور پر متاثرہ افراد کو شامل کرنے کا موقع مل سکتا ہے، جس سے اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات کی گنتی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ تنظیم نے ان پیش رفتوں کو ۲۰۲۵ء میں شروع ہونے والی ووٹر لسٹوں کی ملک گیر خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے وسیع تر تناظر میں بھی جوڑا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کمیٹی کا کام، مردم شماری ۲۰۲۷ء ، آسام کا این آر سی تجربہ اور ایس آئی آر کی مشق مل کر آبادیاتی جانچ پڑتال کو ادارہ جاتی شکل دینے اور مسلمانوں و دیگر کمزور گروہوں پر اس کے غیر متناسب اثرات کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کرتے ہیں۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ مناسب قانونی تحفظات کے بغیر ان اقدامات پر عمل درآمد سے مساوات، عدم امتیاز، پرائیویسی، وقار اور سلامتی کے حقوق پامال ہو سکتے ہیں اور آسام کے تجربے کی روشنی میں مسلمان اور دیگر اقلیتیں بے وطنی کے خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں۔ تنظیم نے اقوامِ متحدہ کے خصوصی طریقہ کار سے درخواست کی ہے کہ وہ ہندوستان کی وسیع تر سیاسی اور ادارہ جاتی پیش رفت کے تناظر میں حکومتی آبادیاتی کمیٹی اور مردم شماری ۲۰۲۷ء کی تیاریوں کے مضمرات کا جائزہ لے۔