مرکزی حکومت نے دو ریاستوں میں بچوں کی اموات کے درمیان دو سال سے کم عمر بچوں کو کھانسی اور زکام کی ادویات نہ تجویز کرنے اور نہ دینےکی ہدایات جاری کی ہیں۔
EPAPER
Updated: October 07, 2025, 8:02 PM IST | New Delhi
مرکزی حکومت نے دو ریاستوں میں بچوں کی اموات کے درمیان دو سال سے کم عمر بچوں کو کھانسی اور زکام کی ادویات نہ تجویز کرنے اور نہ دینےکی ہدایات جاری کی ہیں۔
مرکزی حکومت نے دو ریاستوں میں بچوں کی اموات کے درمیان دو سال سے کم عمر بچوں کو کھانسی اور زکام کی ادویات تجویز کرنے یا دینے سے منع کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں۔ وزارت صحت نے مشورہ دیا ہے کہ دو سال سے کم عمر بچوں کو کھانسی اور زکام کی ادویات تجویز یا فراہم نہیں کی جانی چاہئیں۔ایک ہدایت میں، وزارت نے کہا کہ عام طور پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کے لیے ان کی سفارش نہیں کی جاتی ہے، اور اس سے اوپر کی عمر میں، کوئی بھی استعمال احتیاطی طبی تشخیص اور ڈاکٹر کی گرانی کے بعد ہونا چاہیے۔اس سلسلے میں وزارت نے تمام ریاستوں اور یونین علاقوں کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو خط لکھا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اُترپردیش میں ذات پات کی سیاست تیز، یوگی کے نہلے پر کانگریس کا دہلا
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بچوں کی کھانسی کے سیرپ کے استعمال کے سبب اموات کے پیش نظر یہ ہدایات جاری کی گئی ہے۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ میں رپورٹ ہونے والی اموات کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ملٹی ڈسپلنری ٹیم نمونوں اور دیگر عوامل کا تجزیہ جاری رکھے ہوئے ہے۔اسی دوران، راجستھان حکومت نے ڈرگ کنٹرولر راجا رام شرما کو معطل کر دیا ہے اور کیسن فارما کی فراہم کردہ تمام۱۹؍ ادویات کی تقسیم بند کر دی ہے۔یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب دو بچوں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر بیمار ہو گئے، جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وزیر اعلی کی مفت ادویات اسکیم کے تحت تقسیم کردہ کھانسی کے سیرپ پینے سے ہوئیں۔ راجستھان میڈیکل سروسز کارپوریشن لمیٹڈ کے مطابق۲۰۱۲ء سے کیسن فارما کی ادویات کے۱۰؍ ہزار۱۱۹؍ نمونوں کی جانچ کی گئی ہے،، جن میں سے ۴۲؍ غیر معیاری پائے گئے۔
یہ بھی پڑھئے: اوور اسپیڈنگ اور لاپروا ڈرائیونگ سے ۴ء۱؍لاکھ جانیں گئیں
وزیر اعلی بھجن لال شرما نے اس معاملے میں تفصیلی تحقیقات کے احکامات جاری کیے ہیں۔اسی دوران، مدھیہ پردیش حکومت نے چھندواڑہ ضلع میں گردے کے انفیکشن کے شبہ میں نو بچوں کی ہلاکت کے بعد کولڈریف سیرپ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وزیر اعلی موہن یادو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ چھندواڑہ میں کولڈریف سیرپ سے بچوں کی اموات انتہائی المناک ہیں۔یہ سیرپ کانچی پورم کے ایک کارخانے میں تیار کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد، راجستھان کی ریاستی حکومت نے تمل ناڈو حکومت سے معاملے کی تحقیقات کرانے کی درخواست کی ہے۔