Updated: May 17, 2025, 3:59 PM IST
| Mumbai
جمعہ کو ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور تاج ہوٹل کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے جس کے بعد پولیس نے سیکوریٹی سخت کر دی ہے۔ یہ دھمکی ممبئی پولیس کے سرکاری ای میل پر موصول ہوئی ہے۔ ایئرپورٹ پولیس نےاس ای میل کو جعلی قرار دیا ہے۔ ممبئی پولیس نے اجنبی شخص کے خلاف کیس درج کیا ہے۔
ممبئی ایئر پورٹ نے اس ای میل کو جعلی قرار دیا ہے۔ تصویر: آئی این این
جمعہ کو چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور تاج ہوٹل کےقریب سیکوریٹی سخت کی گئی ہے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق دونوں مقامات کی چھان بین کرنے کے بعد کوئی بھی مشکوک شئے برآمد نہیں ہوئی ہے۔ ایئرپورٹ پولیس نے اس ای میل کو جعلی قرار دیا ہے۔ بھارتیہ نیائے سنہتا کے تحت ای میل بھیجنے والے شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عازمین کیلئے مزیدکوٹہ ملنے کی تمام امیدیں ختم
بم کی دھمکی ممبئی پولیس کی سرکاری ای میل آئی ڈی پر بھیجی گئی تھی
آئی اے این ایس کے مطابق ’’یہ ای میل قصوروار دہشت گردوں افضل گرواور سیواکو شنکر کو پھانسی دینے کے تعلق سے تھا جسے پولیس نے غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔ یہ ای میل ممبئی پولیس کی سرکاری ای میل آئی ڈی پر بھیجے گئے ہیں۔ دھمکی موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے ایئرپورٹ اور ہوٹل کے اطراف سیکوریٹی چیکس بڑھا دیئے ہیں۔ ای میل کے تعلق سے تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فلسطین حامی گریجویشن تقریر، نیویارک یونیورسٹی کا ڈگری دینے سے انکار
افضل گرو کون ہے؟
افضل گرو کو ۲۰۱۱ء میں ہندوستانی پارلیمنٹ میں حملے کے کیس میں مجرم قرار دیا گیا تھا جس میں ۹؍ افراد نے اپنی جانیں گنوائی تھیں۔ یہ جموں کشمیر کا رہائشی تھا اور اس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔قانونی کارروائی کے کئی برسوں بعد اسے موت کی سزا سنائی گئی تھی اور ۹؍ فروری ۲۰۱۳ء میں دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔ اس کی پھانسی اب بھی پورے ہندوستان، خاص طور پر کشمیر میں، بحث کا موضوع ہے۔

قبل ازیں ۱۳؍ مئی ۲۰۲۵ء کو مہاراشٹر کے سیکریٹریٹ کو بھی اجنبی نمبر سے بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔ حکام کے مطابق ’’انتباہ کا یہ پیغام پیر کی شام ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم کو بھیجا گیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس جگہ پر اگلے ۴۸؍ گھنٹوں میں دھماکہ ہونے والا ہے۔ پولیس ٹیم نے منترالیہ کے کامپلیکس میں سرچ سخت سرچ آپریشن کیا ہے۔ تاہم، تفتیش کے دوران کوئی مشکوک شئے برآمد نہیں ہوئی ہے۔ ہند پاک تنازع کے درمیان ممبئی پولیس ہائی الرٹ پر ہے۔ علاوہ ازیں مالی دارالحکومت میں سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے۔