دردناک حادثہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب مزدوروں کو روزگار کے لیے حیدرآباد لے جایا جا رہا تھا۔
حادثے میںٹرک اورپک اَپ وین کے پرخچے اڑ گئے۔ تصویر: آئی این این
گوندیا بالاگھاٹ ہائی وے پر ناگرا موہرن ٹولی کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک اور پک اَپ گاڑی کے درمیان آمنے سامنے کی خوفناک ٹکر ہو گئی۔ اس شدید سڑک حادثے میں پک اَپ میں سوار ۶؍ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جب کہ ۷؍ دیگر زخمی ہو گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد پڑوسی ریاست مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع کے رہنے والے تھے۔رپورٹ کے مطابق، یہ دردناک حادثہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب مزدوروں کو روزگار کے لیے حیدرآباد لے جایا جا رہا تھا۔ ٹرک اور پک اَپ کے درمیان ٹکر اتنی شدید تھی کہ پک اَپ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور وہ پوری طرح چکناچور ہو گئی۔
اس واقعے میں ۶؍ افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ۷؍ افراد شدید طور پر زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت آروش مابھرے، کرن سنتوش ویدیہ، سنتوش مابھرے، سشیلا مابھرے، روپ سین ستیاکار اور جیوتی ستیاکار کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تمام ہلاک شدگان مدھیہ پردیش کے ضلع بالاگھاٹ کے مختلف علاقوں کے رہائشی تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور گوندیا دیہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ گاڑی کے اندر پھنسے ہوئے زخمیوں کو سخت مشقت کے بعد باہر نکالا گیا اور فوری علاج کے لیے گوندیا کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔