کولمبیا کی نئی حکومت نے اسرائیل سے معاشی تعلقات کی بحالی کے اقدام کو انجام دینا شروع کردیا ہے، اسی کوشش کے طور پر حکومت نے معاشی پینل کے منصوبوں کا اعلان کر دیا، جبکہ اسرائیل کے غزہ پر ظلم کے سبب سابقہ حکومت نے اسرائیل سے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔
EPAPER
Updated: August 08, 2026, 10:03 PM IST | Bogota
کولمبیا کی نئی حکومت نے اسرائیل سے معاشی تعلقات کی بحالی کے اقدام کو انجام دینا شروع کردیا ہے، اسی کوشش کے طور پر حکومت نے معاشی پینل کے منصوبوں کا اعلان کر دیا، جبکہ اسرائیل کے غزہ پر ظلم کے سبب سابقہ حکومت نے اسرائیل سے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔
کولمبیا کی نئی حکومت نے جمعہ کو اسرائیل کے ساتھ دو طرفہ معاشی کمیشن کے قیام اور سرکاری دورے کے منصوبوں کا اعلان کیا، یہ اقدام سابقہ انتظامیہ کی طرف سے دو سال قبل غزہ میں نسل کشی پر تعلقات منقطع کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔نائب صدر خوسے مانوئل ریسٹریپو نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ یہ اقدام، جو اس وقت کے منتخب صدر ابیلاردو ڈی لا ایسپریلا کے عہدہ سنبھالنے سے چند گھنٹے قبل طے پایا تھا، کولمبیا-اسرائیل دو طرفہ اقتصادی کمیشن اور اکتوبر میں کولمبیائی وفد کے مجوزہ دورے پر مشتمل ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نیا طریقہ کار ’’سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، جدت طرازی اور کولمبیائی صلاحیتوں کے لیے نئے دروازے کھولے گا۔‘‘ دریں اثناء متوقع سرکاری دورہ تجارت، جدت طرازی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر مرکوز ہوگا، جو نئے قائم کردہ کولمبیا-اسرائیل دو طرفہ اقتصادی کمیشن کے ذریعے ہوگا۔واضح رہے کہ سابقہ صدر گستاو پیٹرو کی زیرقیادت کولمبیا کی حکومت نے مئی۲۰۲۴ء میں مہینوں کی کشیدگی کے بعد اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے، پیٹرو نے کہا تھا کہ وہ نسل کش حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار نہیں رکھ سکتے۔ مزید برآںبوگوٹا نے جنوبی افریقہ کی طرف سے بین الاقوامی عدالت انصاف (ICJ) میں اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے مقدمے میں بھی مداخلت کی تھی، جسے کئی دیگر ممالک نے حمایت دی تھی۔
جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ پر بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے غزہ میں جنگی جرائم اور انسانی حقوق کے خلاف جرائم کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔تاہم غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اکتوبر ۲۰۲۳ء میں اسرائیل کی غزہ پر جنگ شروع کرنے کے بعد سے۷۳۳۰۰؍ سے زیادہ فلسطینی شہید اور۱۷۴۲۰۰؍ سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ۱۰؍ اکتوبر۲۰۲۵ء کو جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود، اسرائیلی حملوں میں کم از کم۱۲۵۰؍ فلسطینی شہید اور۴۱۱۰؍ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: روسی تیل خریدنے پر ہندوستان پر ۱۰۰؍ فیصد امریکی ٹیرف کا خطرہ، بل منظور
مزید برآں ڈی لا ایسپریلا، جنہوں نے جمعہ کو جنوب مغربی شہر کالی میں ایک تقریب کے دوران صدر کے طور پر حلف اٹھایا، نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ان کی حکومت عہدہ سنبھالنے کے بعد اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی اور معاشی تعلقات بحال کرے گی اور آئی سی جے مقدمے میں کولمبیا کی مداخلت واپس لے لے گی۔نائب صدرریسٹریپو نے کہا کہ کولمبیائی حکام نے جمعہ کو اسرائیلی وزیر خارجہ گڈعون ساعر اور اسرائیلی وفد سے ملاقات کی، انہوں نے اس بات چیت کو دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے مرحلےکا آغاز قرار دیا۔