• Sun, 26 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ نے کولمبیئن صدر گستاؤ پیٹرو پر پابندیاں عائد کیں، پیٹرو ان کے خلاف قانونی اپیل کریں گے

Updated: October 25, 2025, 7:00 PM IST | Bogotá/Washington

پیٹرو نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کولمبیا نے ۲۰۲۱ء کے بعد سے کوکین کی ریکارڈ مقدار ضبط کی ہے اور کوکا کی کاشت کو کم کیا ہے۔

Petro and Trump. Photo: X
پیٹرو اور ٹرمپ۔ تصویر: ایکس

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے جمعہ کو بیان دیا کہ وہ امریکہ کی جانب سے ان پر، ان کی اہلیہ، ان کے بیٹے اور ملک کے وزیر داخلہ ارمانڈو بینیڈیٹی پر عائد کی گئی پابندیوں کے بعد پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ایک دن قبل، ٹرمپ نے پیٹرو پر ’منشیات کی اسمگلنگ‘ کو ممکن بنانے کا الزام لگایا تھا اور ان پر پابندی عائد کردی تھیں۔ پیٹرو نے اس اقدام کو ”تضاد“ قرار دیتے ہوئے ان پابندیوں کو قانونی طور پر چیلنج کرنے کا عزم کیا۔ 

پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ”دہائیوں تک منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر طریقے سے لڑنے کے بعد، اب مجھے اسی ملک (امریکہ) کی طرف سے اس کارروائی کا سامنا ہے جس کی کوکین کی مانگ کو کم کرنے میں ہم نے مدد کی ہے۔“ انہوں نے امریکی پابندیوں کے خلاف لڑنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ ”ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، اور کبھی گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔“ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے امریکی وکیل ڈین کووالک ان کی نمائندگی کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے جمعہ کو ان پابندیوں کا اعلان کیا جس کے تحت پیٹرو اور ان کے ساتھیوں سے منسلک تمام امریکی اثاثوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے ”منشیات کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے“ کیلئے لاطینی امریکہ میں ایک طیارہ بردار بحری بیڑے کو تعینات کرنے کی اجازت دی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: روس امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا: پوتن کا سخت ردعمل

اس سے قبل، ٹرمپ نے پیٹرو پر حملہ کرتے ہوئے انہیں ”غیر قانونی منشیات کا لیڈر“ قرار دیا اور ان پر ”منشیات کے گروپس کو پھلنے پھولنے دینے“ کا الزام لگایا۔ ٹرمپ کے ان تبصروں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے ہی کشیدہ تعلقات میں مزید کشیدگی آگئی تھی۔ پیٹرو نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کولمبیا نے ۲۰۲۱ء سے کوکین کی ریکارڈ مقدار ضبط کی ہے اور کوکا کی کاشت کو کم کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ”امریکی محکمہ خزانہ جو کچھ کہہ رہا ہے وہ جھوٹ ہے۔ میری ملکیت میں امریکہ میں کوئی اثاثہ نہیں ہے۔“ 

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ واشنگٹن نے کولمبیا کے کسی صدر کو یوں ذاتی طور پر نشانہ بنایا ہے۔ پیٹرو، جن کی صدارتی مدت دس ماہ میں ختم ہو جائے گی، نے کہا کہ انہیں تشدد کے بجائے امن اور اصلاحات کی کوشش کرنے پر سزا دی جا رہی ہے۔ پیٹرو نے بوگوٹا میں اپنے حامیوں سے کہا کہ ”ہماری خودمختاری فروخت کیلئے نہیں ہے۔ ہم منشیات سے لڑتے ہیں، امریکہ کیلئے نہیں، بلکہ کولمبیا کیلئے۔“

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کو رونالڈ ریگن کی آواز کے جعلی اشتہار پراعتراض،کنیڈا سے تجارتی مذاکرات ختم

اس اقدام نے بوگوٹا اور واشنگٹن کے درمیان خلیج کو مزید وسیع کر دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے اقدامات خطے کو غیر مستحکم کر سکتے ہیں اور منظم جرائم کے خلاف تعاون کو کمزور کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK