Inquilab Logo Happiest Places to Work

سی پی آئی (ایم) کو غزہ نسل کشی کے خلاف ریلی کی اجازت دی گئی: ممبئی پولیس نے بامبےہائی کورٹ کو بتایا

Updated: August 12, 2025, 5:02 PM IST | Mumbai

سی پی آئی (ایم) کے وکیل نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ پارٹی کو حال ہی میں پونے میں بھی ایسا ہی احتجاج کرنے کی اجازت ملی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

منگل کو ممبئی پولیس نے بامبے ہائی کورٹ کو بتایا کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کو ۲۰ اگست کو آزاد میدان میں ایک پرامن ریلی نکالنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ ریلی سی پی آئی آئی (ایم) کی جانب سے ’غزہ میں اسرائیلی نسل کشی‘ کے خلاف احتجاج کے طور پر نکالی جائے گی۔ جسٹس رویندر گھوگے اور جسٹس گوتم انکھڈ کی بنچ کو بتایا گیا کہ احتجاج سہ پہر ۳ بجے سے شام ۶ بجے تک ہوگا۔ 

سی پی آئی (ایم) کے سینئر وکیل مہر دیسائی نے عدالت کو یقین دلایا کہ یہ تقریب پرامن رہے گی اور اس میں مہاراشٹر پولیس ایکٹ کے تحت عوامی اجتماعات کیلئے بنائے گئے ضوابط کی پیروی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ان ضوابط کے تحت، ایسے اجتماعات صرف آزاد میدان میں مخصوص علاقوں میں ہی منعقد کیے جا سکتے ہیں اور منتظمین اس بات کے ذمہ دار ہوں گے کہ وہ امن و امان میں خلل نہ ڈالیں۔

یہ بھی پڑھئے: بھتوڑیا قتل عام کے زندہ بچے تمام ۱۰؍ملزمین بری

اس سے قبل، ۲۵ جولائی کو ہائی کورٹ نے سی پی آئی (ایم) کی ایک ایسی ہی درخواست کو خارج کر دیا تھا جب پولیس نے آل انڈیا پیس اینڈ سالیڈیریٹی آرگنائزیشن (اے آئی پی ایس او) کو اسی جگہ پر غزہ کے خلاف احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس وقت، بنچ نے پارٹی پر مقامی مسائل کے بجائے بیرون ملک کے معاملات پر توجہ دینے پر تنقید کی تھی۔ عدالت نے تبصرہ کیا تھا کہ ”آپ غزہ اور فلسطین کے مسائل دیکھ رہے ہیں۔ اپنے ملک کو دیکھیں۔ حب الوطن بنیں۔ یہ حب الوطنی نہیں ہے۔“ کورٹ نے خبردار کیا تھا کہ ایسے مظاہروں کے سفارتی اثرات ہو سکتے ہیں کیونکہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی کا موقف پارٹی کے موقف سے مختلف ہے۔

موجودہ کیس اس وقت شروع ہوا جب سی پی آئی (ایم) نے آزاد میدان میں غزہ کے احتجاج کیلئے ۱۹ جولائی کی اپنی گزشتہ درخواست کو پولیس کی جانب سے مسترد کئے جانے کے خلاف ایک نئی اپیل دائر کی۔ پیر کو عدالت نے ریاست کے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر سے کہا کہ وہ غور کریں کہ کیا حفاظتی اقدامات کے ساتھ اس تقریب کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ پر مکمل قبضے کے خلاف اسرائیلی شہری سراپا احتجاج

دیسائی نے بنچ کو بتایا کہ پارٹی کو حال ہی میں پونے میں بھی ایسا ہی احتجاج کرنے کی اجازت ملی ہے۔ منگل کو پولیس نے تصدیق کی کہ ممبئی کی ریلی کیلئے بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ ضوابط کی پیروی اور پرامن انعقاد کی یقین دہانی کے ساتھ، عدالت نے درخواست کو نمٹا دیا جس کے بعد ۲۰ اگست کو ہونے والے اجتماع کی راہ ہموار ہو گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK