Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہونہار طلبہ کی تعداد کم ہونے سے ۱۱؍ ویں داخلے کے کٹ آف میں کمی آنے کا امکان

Updated: May 31, 2026, 11:36 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

امسال ۱۱؍ ویں کے داخلے کی پہلی میرٹ لسٹ میں ممبئی ڈویژن کے نامور کالجوں کا کٹ آف آسانی سے ۹۰؍ فیصد سے تجاوز کر گیا لیکن پچھلے سال کے مقابلے بیشتر معروف کالجوں کے کٹ آف میں معمولی کمی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اگرچہ امسال ۱۱؍ویں کے داخلے کیلئے پہلی میرٹ لسٹ میں ممبئی ڈویژن کے نامور کالجوں کا کٹ آف آسانی سے ۹۰؍ فیصد سے تجاوز کر گیا ہے، لیکن پچھلے سال کے مقابلے زیادہ تر معروف کالجوں میں۰ء۵۰؍ سے ۲؍فیصد کی معمولی کمی آئی ہے ۔جمعہ کی صبح ۱۱؍ بجے ، ۱۱؍ویں کے داخلوں کی پہلی فہرست کے اعلان کے بعد شام ۷؍بجے تک ریاست بھر میں ۴۹؍ہزار ۲۵۵؍ طلبہ نے ذاتی طور پر جونیئر کالجوں میں جا کر داخلہ حاصل کر لیا تھا جن میں سب سے زیادہ ۱۱؍ہزار ۸۱۴؍طلبہ نے پونے ڈویژن سے داخلہ لیا۔ اس کے بعد ناگپور سے ۷؍ہزار ۵۲۴؍ جبکہ تیسرے نمبر پرممبئی میں  ۷؍ ۴۶۰؍ طلبہ نے داخلہ کنفرم کروایا ۔

واضح رہے کہ امسال ایس ایس سی میں ۱۰۰؍فیصدنمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے ۴؍ہزار ۳۰۴؍ کی کمی آئی ہے  جس کی وجہ سے امسال بیشتر نامور کالجوں کے کٹ آف میں ۰ء۵؍ سے ۲؍فیصدکی کمی واقع ہوئی ہے ۔ممبئی ڈویژن میں ۱۰؍ویں کے نتائج میں ۹۰؍ فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد جو گزشتہ سال ۱۷؍ہزار ۸۹۵؍ تھی ، کم ہوکر ۱۳؍ ہزار ۵۹۱؍ پر آگئی ہے ، اس کی وجہ سے ۱۱؍ویں کے داخلے کے کٹ آف میں کمی آنے کا پورا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: پانی بحران کے خاتمے کیلئے اعلیٰ افسران کی میٹنگ

اعداد وشمار کے مطابق کامرس اسٹریم میں، ماٹونگا کے آر اے پودار کالج کا کٹ آف ۹۵ء۲۰؍ فیصدرہا جبکہ سائنس اسٹریم میں، واشی کے فادر اگنیل ۹۳ء۶۰؍ فیصد کے ساتھ اوّل پوزیشن پر رہا جو امسال کی فہرست میں سب سے زیادہ کٹ آف ہے ۔جن کالجوں کا پاس فیصد گزشتہ سال ۹۳؍ سے ۹۵؍فیصد تھا، اب ۹۲؍سے ۹۴؍ فیصدپر آگیاہے۔ ہونہار طلبہ کی تعداد میں کمی کے باعث اعلیٰ نمبروں کا مقابلہ کم ہوگیا ہے جس کا اثر پہلی داخلہ فہرست میں واضح طور پر نظر آرہا ہے۔ جونیئر کالجوں کے پرنسپلوں کے مطابق ’’۹۰؍فیصد سے زیادہ اسکور کرنے والوں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے نامور کالجوں کے کٹ آف میں کمی دکھائی دے رہی ہے ۔‘‘

اسی طرح گزشتہ سال کے مقابلے امسال ۸۵؍ سے ۹۰؍ اور ۸۰؍ سے ۸۵؍ فیصد کے زمرے میں پاس ہونے والے طلبہ کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس کی وجہ سے بھی امسال ۱۱؍ویں جماعت کے داخلے کے کٹ آف میں کمی کا امکان ہے ۔

جمعہ کو اعلان کردہ گیارہویں کے داخلوں کی پہلی فہرست میں، اگرچہ کچھ کالجوں میں کٹ آف مستحکم رہے لیکن بیشتر کالجوں میں آرٹس، کامرس اور سائنس کی شاخوں کے کٹ آف میں کمی آئی۔ یہ کمی ہونہار طلبہ کی تعداد میں کمی کی وجہ سے ہوئی ہے جس نے ۸۵؍سے ۹۰؍فیصد مارکس حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے بھی نامور کالجوں میں آسانی سے داخلے کی راہ ہموار کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ سوسائٹی تنازع: میڈیا اور بی جے پی کا ’بکرا جہاد‘ کا پروپیگنڈہ بے نقاب

چرچ گیٹ پر واقع ایچ آرکالج میں ،جس کو طلبہ کامرس اسٹریم کیلئے ترجیح دیتےہیں ، کٹ آف ۹۳ء۴۰؍ سے گھٹ کر ۹۳؍ فیصد پر آگیا ہے جو کہ ۰ء۴۰؍فیصد کی کمی ہے۔ سینٹ زیویئر کالج کا کٹ آف ۹۰ء۸۰؍ سے گھٹ کر ۹۰ء۴۰؍فیصد پر آگیا ہے۔ کے سی اور جے ہند کالج میں تقریباً ۰ء۴۰؍فیصد کی کمی آئی ہے جبکہ روپرل کالج میں کامرس اسٹریم کیلئے کٹ آف مستحکم ہے۔ آرٹس اسٹریم میں سینٹ زیویئر کالج کا کٹ آف ۹۳ء۴۰؍ سےکم ہو کر ۹۲ء۶۰؍فیصد رہ گیا ہے ۔ رویا کالج کا کٹ آف ۹۲ء۴۰؍ سے کم ہوکر ۹۱ء۸۰؍فیصد ہوگیا ہے مگر روپرل کالج کا کٹ آف ۸۶ء۸۰؍سے بڑھ کر ۸۷ء۶۰؍فیصد ہوگیاہے ۔سائنس اسٹریم میں رویا کالج کا کٹ آف ۹۴ء۴۰؍ سے گھٹ کر ۹۳ء۲۰؍فیصد رہ گیاہے ۔ مٹھی بائی کالج کا کٹ آف بھی ۹۱ء۶۰؍ سے ۸۸ء۲۰؍فیصد تک گر گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK