ناگپور سمیت کئی علاقوں میں غیریقینی موسم، گڈچرولی میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان۔
EPAPER
Updated: October 29, 2026, 1:18 PM IST | Ali Imran | Nagpur
ناگپور سمیت کئی علاقوں میں غیریقینی موسم، گڈچرولی میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان۔
خلیجِ بنگال سے اٹھنے والا سمندری طوفان ’ارنب‘ آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرا چکا ہے، تاہم اسکے اثرات ودربھ سمیت مہاراشٹر کے دیگر علاقوں تک محسوس کیے جارہے ہیں۔ ناگپور اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں موسم کی غیر یقینی صورتِ حال کے پیش نظر شہریوں اور کسانوں کی تشویش بڑھ گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق، طوفان ۲۸؍اکتوبر کی علی الصباح آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرایا۔ اس دوران ہوا کی رفتار ۱۲۵ سے ۱۳۵ کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہی۔
ودربھ میں ۲۸ -۲۹ ؍اکتوبر کو شدید بارش کا امکان
محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ودربھ کے بعض اضلاع میں ۲۸؍اور ۲۹؍اکتوبر کو موسلادھار بارش ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ مشرقی ودربھ کے ضلع گڑھ چرولی میں طوفان کے اثرات زیادہ نمایاں رہنے کا امکان ہے، جہاں بعض مقامات پر انتہائی موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ۴۰ سے ۵۰ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مروڈ جنجیرہ کی راجپوری جیٹی کے اطراف بڑی مقدار میں ریت اور گاد جمع
چندرپور اور ایوت محل میں بھی الرٹ
بدھ کی صبح گرمی رہی لیکن پھر ودربھ کے بعض اضلاع میں تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے شروع ہوگئے ہیں، جس سے موسم میں اچانک تبدیلی دیکھی جارہی ہے۔ چندرپور اور ایوت محل اضلاع کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دھان کی کٹائی کا موسم قریب ہونے کے باعث اچانک خراب ہونے والے موسم نے کسانوں کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ کھیتوں میں کھڑی فصلوں کو تیز ہواؤں اور شدید بارش سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ایسے میں کسانوں کو فصلوں کی حفاظت اور زرعی کاموں کی منصوبہ بندی کے حوالے سے نئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ طوفان کے اثرات کے باعث ودربھ اور مہاراشٹر کے دیگر علاقوں میں آئندہ دو دن موسم غیر یقینی رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں اور کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ محکمۂ موسمیات کی تازہ ہدایات پر نظر رکھیں اور خراب موسم کے دوران ضروری احتیاط برتیں۔