Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی وزیر بن گویر کیخلاف امریکہ سے جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ

Updated: June 29, 2026, 9:37 AM IST | Brussels

اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر کی آئندہ ماہ نیویارک آمد سے قبل ہند رجب فاؤنڈیشن نے درخواست جمع کرائی۔

Itamar Ben-Gvir. Photo: INN
ایتمار بن گویر۔ تصویر: آئی این این

ہند رجب فاؤنڈیشن (ایچ آر ایف) نے امریکی محکمۂ انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر کے خلاف جنگی جرائم، نسل کشی اور نسل کشی پر اکسانے کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے۔بیلجیم میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم نے بتایا کہ یہ درخواست بن گویر کی ۷؍ اور ۸؍جولائی کو نیویارک آمد سے قبل جمع کرائی گئی ہے۔فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ۲۰۲۵ء اور ۲۰۲۶ء میں غزہ جانے والے امدادی بحری قافلوں ’فلوٹیلا‘ کے شرکاء جن میں امریکی شہری بھی شامل تھے، اسرائیلی فورسیز کے ہاتھوں اغواء کے بعد تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی جنگی جرائم کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا حکم

مذکورہ تنظیم کے مطابق فلسطینی زیر حراست افراد کو بھوک، تشدد، ہتھکڑیاں اور بیڑیاں لگانے، نیند سے محروم رکھنے، طبی سہولتوں سے محروم کرنے، جنسی تشدد اور دیگر اقسام کی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ فاؤنڈیشن نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اگست۲۰۲۵ءکے درمیان اسرائیلی جیلوں میں حراست کے دوران کم از کم ۶؍فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ایچ آر ایف نے بن گویر پر ان   جرائم کی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے امریکی محکمۂ انصاف سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی باقاعدہ فوجداری تحقیقات شروع کی جائیں، بن گویر کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں یا تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں امریکہ چھوڑنے سے روکا جائے  اور امریکی قوانین کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

درخواست میں امریکی ’وار کرائمز ایکٹ‘ اور’’جینوسائیڈ اسٹیچوٹ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بن گویر پر تشدد، غیر انسانی سلوک، قتل، زیادتی، جنسی تشدد، نسل کشی اور نسل کشی پر اکسانے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔امریکہ میں ایچ آر ایف کے نمائندے جیک روم نے کہا کہ  ان پر کارروائی کرنا لازم ہے، خاص طور پر اس لئے کہ ان الزامات میں امریکی شہریوں سے مبینہ بدسلوکی بھی شامل ہے۔ جیک روم نے کہاکہ  دنیا کے ہر ملک بشمول امریکہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بن گویر کو گرفتار کرے اور ان کے   جرائم پرانہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

یہ بھی پڑھئے: یورپی ممالک میں گرمی کا قہر، تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، نظام زندگی متاثر

فاؤنڈیشن کے مطابق یہ درخواست غزہ میں مبینہ بین الاقوامی جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مختلف ممالک کے ملکی قوانین کے تحت کارروائی کرانے کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ فلسطینیوں کے خلاف تشدد پر اکسانے پر گزشتہ سال آسٹریلیا، کنیڈا، نیوزی لینڈ، ناروے اور برطانیہ نے ایتمار بن گویر پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK