بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی ۱۳۵؍ ویں جینتی پر چیتیہ بھومی( دادر) میں گورنرجشنو دیو ورما کا اظہار خیال۔ وزیر اعلیٰ کا بھی خطاب ۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ڈاکٹر امبیڈکرکوخراج عقید ت پیش کرتےہوئے۔تصویر: پی ٹی آئی
بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی ۱۳۵؍ ویں جینتی پر دادر میں واقع چیتیہ بھومی میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا تھاجس میں خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کے گورنر جشنو دیو ورما نےکہاکہ ’’ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا دیا گیا آئین سماجی تبدیلی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ ان کے خیالات کی وجہ ہی سے محروم، پسماندہ اور کمزور طبقات کو عزت نفس، مساوی مواقع اور انصاف کا میسر ہوا ہے۔‘‘ گورنر نے زور دے کر کہا کہ آئینی بنیاد کی وجہ سے ہندوستان کی جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ’’ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے ذریعہ پیش کردہ خیالات معاشی نقطہ نظر، مالیاتی نظام اور معاشی استحکام کیلئے آج بھی رہنمائی کرتے ہیں۔ عالمی معیشت میں ہونے والی تبدیلیوں کے پس منظر میں ان کا فلسفہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔‘‘اس تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ سونیترا اجیت پوار، قانون ساز کونسل کے چیئرمین پروفیسر رام شندے، خوراک اور شہری رسد کے وزیر چھگن بھجبل، ثقافتی امور کے وزیر ایڈوکیٹ آشیش شیلار، ہنر، روزگار، کاروباری اور اختراع کے وزیر منگل پربھات لودھا، مٹی اور پانی کے تحفظ کے وزیر سنجے راٹھوڑ، سماجی انصاف کے وزیر سنجے شرساٹھ، قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر انا بنسوڑے، ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے اور دیگر بھی موجود تھے۔
ذات پات اور امتیاز سے پاک سماج کی تشکیل کا عزم
گورنر جشنو دیو ورما نے کہا کہ’’ ڈاکٹر امبیڈکر صنفی مساوات کے میدان میں بھی ایک علمبردار تھے۔ انہوں نے مسلسل کوشش کی کہ خواتین کو تعلیم، جائیداد اور شخصی آزادی کے حقوق حاصل ہوں۔ ان کے تعاون کی وجہ سے ہی ہندوستان کے جمہوریہ بننے کے بعد سے خواتین کو ووٹنگ کے مساوی حقوق ملے۔ اس موقع پر گورنر نے ذات پات اور امتیاز سے پاک سماج کی تشکیل کا عزم کرنے کی اپیل کی۔‘‘
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہاکہ ’’لندن اسکول آف اکنامکس میں اپنی تحقیق کے ذریعے ڈاکٹر امبیڈکر نے ہندوستان میں ایک مرکزی بینک کی ضرورت پر روشنی ڈالی تھی۔ ان کے خیالات کی بنیاد پر ریزرو بینک آف انڈیا کا قیام عمل میں آیا۔ نیز’گولڈ اسٹینڈرڈ‘ اور کرنسی کی قوت خرید کے بارے میں ان کے خیالات آج کی عالمی معیشت میں اب بھی قابل قدر ہیں۔ ریزرو بینک کے قیام کی بنیاد ان کے مقالے ’روپے کے مسائل‘ کے ذریعے۱۹۲۳ء میں رکھی گئی تھی۔ آج دنیا ڈاکٹر امبیڈکر کے پیش کردہ معاشی نظریات کی بنیاد پر آگے بڑھ رہی ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بھی واضح کیا کہ’’ہندوستان کی معیشت ان کے مقالے میں پیش کردہ اصولوں پر استوار ہے۔‘‘
ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر انسانیت کے معمار ہیں:ایکناتھ شندے
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ’’بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کا دیا ہوا آئین ہمارا قومی مذہب ہے اور باباصاحب نہ صرف ہندوستانی آئین کے معمار ہیں بلکہ انسانیت کے معمار بھی ہیں۔ انہوں نے جو آئین لکھا، اس نے ملک کے آخری فرد کو بھی انصاف اور احترام حاصل کرنے کی راہ ہموار کی۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’ جب عظیم لوگ پرامن طریقے سے کام کرتے ہیں تو انقلاب برپا ہوتا ہے۔ مہاد چاودر جھیل ستیہ گرہ نے سماج میں عزت نفس کا احساس پیدا کیا۔ بابا صاحب نے زندگی بھر استحصال زدہ، دلتوں اور پسماندہ گروہوں کیلئے کام کیا اور انہیں بااختیار بنایا۔ ہندوستان کی جمہوریت ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے دیئے گئے آئین کی وجہ سے دنیا میں مضبوطی سے کھڑی ہے۔ ‘‘انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ’’ اندو مل میں بین الاقوامی معیار کی یادگار کا کام تیزی سے جاری ہے اور یہ یادگار آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہوگی۔‘‘
تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا حقیقی معنوں میں ڈاکٹر امبیڈر کو خراج عقیدت :سونیترا اجیت پوار
نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار نے کہاکہ ’’بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی جینتی تحریک، عزم اور شکرگزاری کے ساتھ ساتھ ان کے خیالات کو یاد کرنے کا دن ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ ڈاکٹر امبیڈکر کے انسانی فلاح و بہبود کے خیالات کو آگے بڑھانا اور سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر ملک کی ہمہ جہت اور تیز رفتار ترقی حاصل کرنا ہی انہیں حقیقی خراج عقیدت ہے۔‘‘ نائب وزیر اعلیٰ سنیترا اجیت پوار نے کہا کہ ’’چیتیہ بھومی بابا صاحب کے خیالات کا توانائی کا مرکز ہے۔‘‘انہوںنے کہاکہ ’’ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ایک آئینی ماہر اور ماہر اقتصادیات تھے۔ سماج کو اتحاد، مساوات اور بھائی چارے کی اقدار پر استوار کرتے ہوئے انہوں نے سب کو عزت و احترام کے ساتھ جینے کا راستہ دکھایا۔ ان کے خیالات کی مشعل کو مسلسل جلائے رکھنا اور اس کے مطابق عمل کرنا ضروری ہے۔‘‘
نائب وزیر اعلیٰ سنیترا اجیت پوار نے بھی اس یقین کا اظہار کیا کہ’’ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی بین الاقوامی معیار کی یادگار، جو اندو مل کی جگہ پر بنائی جا رہی ہے، ایک ایسا مرکز بنے گی جو دنیا کو امن اور مساوات کا پیغام دے گی۔‘‘
ہندوستانی آئین کے معمار،بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی جینتی(مہاپری نروان دیوس) کے موقع پر گورنر جشنو دیو ورما، وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیر اعلی ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ سونیترا اجیت پوار اور دیگر معززین نے امبیڈکر کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر تمام بھکشوؤں کو گورنر جشنو دیو ورما نے چیوردن دیا۔ اس کے بعد بی ایم سی کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا دورہ کیا۔