ریاستی حج کمیٹی نے حالات کی نزاکت اور عازمین کی دشواری کے پیش نظر اس ضمن میں اربن ڈسپنسریز میں نظم کرنے کے لئے وارڈ دفاتر میں بھی مکتوب بھیجنا شروع کیا اور ہیلتھ کمشنر کو بھی خط لکھا۔
EPAPER
Updated: September 19, 2026, 1:43 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ریاستی حج کمیٹی نے حالات کی نزاکت اور عازمین کی دشواری کے پیش نظر اس ضمن میں اربن ڈسپنسریز میں نظم کرنے کے لئے وارڈ دفاتر میں بھی مکتوب بھیجنا شروع کیا اور ہیلتھ کمشنر کو بھی خط لکھا۔
ممبئی کے۳؍ ہزار ۵۰۰؍ عازمین کے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے ریاستی حج کمیٹی کوشاں ہے۔ تاریخ میں توسیع بھی اطمینان کا باعث ہے مگر دوسری جانب صورتحال یہ ہے کہ۱۵؍ میونسپل اسپتالوں میں نظم کئے جانے کی کئی دن قبل بی ایم سی کمشنر اشوینی بھیڈے سے سفارش تو کی گئی ہے پھر بھی اب تک کوئی نظم نہیں کیا جاسکا ہے۔ اس کی بڑی وجہ تہواروں کے سیزن کے سبب ڈاکٹرس کی مصروفیت اور ان کی مختلف جگہ ڈیوٹی ہے۔ اس کی وجہ سے جو مسئلہ پیدا ہو رہا ہے اور جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے ، عازمین کے ساتھ حج کمیٹی بھی فکرمند ہورہی ہے کیونکہ آخری تاریخ میں محض ۱۱؍دن باقی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:بچوں کے ڈبہ بند دُودھ پر گمراہ کن دعویٰ، نیسلے کیخلاف کارروائی
میڈیکل افسران کو سفارشی خط بھیجا جارہا ہے
اب ریاستی حج کمیٹی نے جمعہ۱۸؍ ستمبر سے علاقوں کی سطح پر بی ایم سی کے زیرنگرانی چلائی جانے والی اربن ڈسپنسریز جن کی مجموعی تعداد۱۹۰؍ ہے، میں بھی نظم کرنے کیلئے وارڈ دفاتر کے ذریعے میڈیکل افسران کو سفارشی خط بھیجنا شروع کیا ہے تاکہ وہاں سے بھی عازمین کو فٹنس سرٹیفکیٹ مل سکے اور وہ ۳۰؍ ستمبر مقررہ تاریخ سے پہلے اسے حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرسکیں۔ اتنا ہی نہیں ایک دشواری یہ بھی ہے کہ امتحان ہونے کے باوجود اب تک حج ٹرینرس کا انتخاب بھی نہیں ہوسکا ہے اور اب تک ان کے ناموں کی فہرست جاری نہیں کی گئی ہے ورنہ وہ بھی عازمین کی رہنمائی اور ان کے معاون بنتے، جس سے عازمین کو اور آسانی ہوتی ۔
’’عازمین گھبرائیں نہ ‘‘
ان حالات کے باوجود حج کمیٹی نے یقین دلایا ہے کہ عازمین کو وقت ِمقررہ کے اندر بہرصورت سرٹیفکیٹ کے حصول کا نظم کرادیا جائے گا، عازمین پریشان نہ ہوں، وہ گھبرائیں نہ۔
یہ بھی پڑھئے:حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کا بڑا حملہ، ایک شہری جاں بحق، مواصلاتی ٹاور تباہ
اس تعلق سے ریاستی حج کمیٹی کی سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے محض اربن ڈسپنسریز میں نظم کرنے کے لئے وارڈ آفس کے توسط سے میڈیکل افسران کو ہی نہیں ہیلتھ ایجوکیشن کمشنر کو بھی مکتوب روانہ کیا ہے اور وارڈ آفس میں بھی اور ان سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے تاکہ کسی صورت عازمین کی یہ دشواری جلد ازجلد ختم ہو۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ فٹنس سرٹیفکیٹ دینے کا کام اب تک شروع ہی نہیں ہوسکا ہے بلکہ بھابھااسپتال (کرلا) اور کوپر اسپتال (ولے پارلے )میں یہ عمل جاری ہے مگر دشواری یہ ہے کہ بی ایم سی کمشنر سے۹؍ ستمبر کو ملاقات اور سفارشی خط دینے کے باوجود بی ایم سی کے شہر اور مضافات کے ۱۵؍ اسپتالوں میں یہ کام منظم انداز میں شروع نہیں ہوسکا ہے ورنہ یہ حالات نہ ہوتے۔ پھر بھی ریاستی حج کمیٹی اپنی جانب سے ہرسطح پر کوشاں ہے تاکہ عازمین کے لئے یہ مرحلہ آسانی سے طے ہوجائے اور وہ وقت کے اندر سرٹیفکیٹ جمع کراسکیں۔ اسی طرح کی کوشش ریاستی سطح بھی جاری ہے تاکہ عازمین کی پریشانی دور ہو۔
’’کسی عازم کی سیٹ کینسل نہیں کی جائے گی‘‘
خدیجہ نائیکواڑے نے عازمین حج کو اطمینان دلاتے ہوئے مزید کہا کہ ایک بھی منتخب عازم کی سیٹ فٹنس سرٹیفکیٹ کی وجہ سے کینسل نہیں کی جائے گی، وقتی دقت سے انکار نہیں مگر اسے بھی حل کرلیا جائے گا اور پوری امید ہے کہ تمام عازمین وقت پر اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرا سکیں گے۔
واضح ہوکہ وی این دیسائی اسپتال میں بھی عازمین بزم گلشن رضا اور ذمہ دار اشخاص کی کوششوں سے یہاں کئے گئے نظم سے استفادہ کررہے ہیں۔