Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھولیہ کا درجہ حرارت ۴۱؍ڈگری کےپار، ناندیڑ میں بھی گرم لہر کا الرٹ

Updated: April 15, 2026, 11:01 AM IST | Z A Khan And Ismail Shaad | Nanded And Dhule

شہر کے مصروف راستے سنسان۔ شہری انتظامیہ کی لوگوںکوبلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت۔

A Busy Road In Dhule City Is Deserted. Photo: INN
دھولیہ شہر کی ایک مصروف سڑک جو سنسان نظر آرہی ہے۔ تصویر:آئی این این
ان شہروں میں شدید گرمی کے سبب عوام بحال ہیں۔گزشتہ دنوں ۲؍ دن سے دھولیہ میں درجہ حرارت ۴۱؍ ڈگری  تک پہنچ گیا ہے اور یہ اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت   ہے۔ 
دھولیہ میں۲؍دن تک شہرکا درجہ حرارت ۳۸؍  ڈگری   تک تھا۔پیر سے گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔منگل کو شہر میں بلا کی گرمی محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق منگل کو شہر کا درجہ حرارت۴۱؍ڈگری درج کیا گیا جو مئی سے قبل اب تک سب سے زیادہ گرم دن بتایا گیا۔لُو کی شکایتیں بڑھ گئی ہیں۔اس لیے لوگ بلا ضرورت گھر سے باہر نہیں نکل رہے ہیں۔صبح ۱۰؍ بجے سے شہر کے گہما گہمی والے راستے سنسان نظر آرہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔اس لئے شہری انتظامیہ نے بھی شہریوں سے بہت ضروری کام ہونے کی صورت میں ہی گھر سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا ہے  اورگرمی سے حفاظت کیلئے رومال، ٹوپی، چھتری کا استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔بازار کے علاقوں میں دکانداروں نے گاہکوں کو دھوپ سے بچانے کے لئے سبز پردے اور شامیانے لگائے ہیں۔ شام ۷؍ بجے تک شہر میں گرم لہریں محسوس کی جارہی ہے۔
 
 
اسی طرح ناندیڑ ضلع میں بھی گزشتہ چند دنوں سے درجۂ حرارت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک  کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر ضلع پریشد ناندیڑ کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سنتوش سوریہ ونشی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔انہوں نے کہاکہ   خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں،  لیموں پانی، چھاچھ، لسی اوراوآر ایس جیسے مشروبات کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو ،ہلکی غذا اور پانی سے بھرپور پھل جیسے تربوز، سنگترہ اور انگور کا استعمال کریں ۔
 
 
ہیٹ اسٹروک کی علامات اور فوری اقدامات:
اگر کسی شخص کو تیز بخار، چکر آنا، متلی، سر درد یا بے ہوشی جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوراً اسے سایہ دار جگہ پر لٹائیں، جسم کو گیلے کپڑے سے ٹھنڈا کریں اور قریب کے پرائمری ہیلتھ سینٹر یا سرکاری اسپتال لے جائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK