ایڈیشنل کمشنر پرشانت روڈ ےنے شہریوں سےہنگامی حالات میںکنٹرول روم سے رابطہ کرنے کی اپیل کی۔افسر نے نالوں کی صفائی کا بھی جائزہ لیا۔
ایڈیشنل میونسپل کمشنر ،مانسون کی تیاریوںکا احوال معلوم کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
اگلے چند دنوں میں ممبئی اور تھانے میں مانسون کی آمد کی توقع کی جارہی ہے، اسی کے پیش نظر تھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی) کی سبھی ۹؍ وارڈ کمیٹیوں میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت ایڈیشنل کمشنر۲؍پرشانت روڈے نے پیر کو دی۔ انہوںنے نالوں کی صفائی اور دیگر تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور ممبرا اور دیوا کے نالوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت متعلقہ افسران کو دی۔
نالہ صفائی کا کام ۸۰؍ فیصد مکمل ہونے کا دعویٰ
تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے ہدایت دی ہے کہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں جاری نالوں کی صفائی کے تمام کاموں کو۵؍ جون تک مکمل کر لیا جائے۔ اس تناظر میں اب تک کئے گئے ڈرین کی صفائی کے کام کا جائزہ ایڈیشنل کمشنر پرشانت روڈے نے لیا۔ اس موقع پر محکمہ سالڈ ویسٹ اینڈ کنسٹرکشن کے ذریعے بتایا گیا کہ شہر میں نالوںکی صفائی کا ۸۰؍ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور بقیہ کام ۵؍جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رانی شندے، تمام وارڈ کمیٹیوں کے اسسٹنٹ کمشنر، ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر افسران موجود تھے۔
وارڈ کمیٹی کی سطح پر ایمرجنسی روم آپریشنل
میونسپل ہیڈ کوارٹر میںسال بھر میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ۲۴؍ گھنٹے کام کرتا ہے ۔ اسی طرح مانسون کے دوران پیر سے ہر وارڈ کمیٹی میں ایمرجنسی کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس کمرے میں موجود ٹیلی فون اور دیگر سسٹمز کا ذاتی طور پر معائنہ کیا جانا چاہیے۔ ایڈیشنل کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ مانسون کے دوران ڈیزاسٹر کنٹرول روم سے رابطہ میں رہیں۔
نالوں کی صفائی جنگی پیمانے پر جاری
نالوں کی صفائی کے تعلق سے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رانی شندے نے بتایا کہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں نالوںکی صفائی کے کام کیلئے جن جگہوں پر افرادی قوت کم ہے وہاں اضافی افرادی قوت کے ساتھ جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریلوے کے قریب پلوں اور کلورٹ کی صفائی کے حوالے سے بھی جانکاری دی گئی۔ انہوںنے بتایاکہ نالے کی صفائی کے بعد بھی پہاڑی علاقوں سے کچرا بعض نالوں میں بہہ رہا ہے اور اسے نکالنے کا کام بھی جاری ہے۔ایڈیشنل کمشنر نے کہا کہ شہر کے نشیبی علاقوں کیساتھ ساتھ کچھ جگہوں پر جہاں اصطبل اور طبیلےہیں ان کا معائنہ کیا جانا چاہیے۔ بعض مقامات پر یہ دیکھا گیا کہ چارا نالیوں میں پھینکنے کی وجہ سے پانی کا بہاؤ رک گیا ہے، اس تناظر میں پرشانت روڈے نے شہر میں جن جگہوں پر اصطبل اور طبیلے ہیں ان کا معائنہ کرنے کی بھی ہدایات دیں کہ آیا وہ صاف ہیں یا نہیں۔
افسر نے یہ بھی کہا کہ نیز نالوں کی صفائی کے بعد متعلقہ محکمے کے عوامی نمائندوں کو لے کر نالوں کا معائنہ کیا جائے، اگر ان کی کوئی تجاویز ہیں تو ان پر عمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ موسلادھار اور شدید بارش کے دوران مقامی عوامی نمائندوں سے رابطہ رکھا جائے۔ میٹنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ ان کی تجاویز پر عمل کیا جائے۔
تھانے شہر میں کوسٹل روڈ، بلٹ ٹرین کا کام چل رہا ہے اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ایگزیکٹیو انجینئر کو ان جگہوں کا بھی معائنہ کرنا چاہیے۔ ایڈیشنل کمشنر پرشانت روڈے نے یہ بھی ہدایات دیں کہ اگر بھاری بارش کے دوران ان کام کی جگہوں پر پانی جمع ہو جائے تو پانی کی نکاسی کا راستہ ہونا چاہیے اور اسی طریقے سے کام کیا جانا چاہیے۔
تمام اسسٹنٹ کمشنرز معائنہ کریں
متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ہر وارڈ کمیٹی میں نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ کریں۔ میٹنگ میں ضروری مشینری اور افرادی قوت کی ضرورت پڑنے پر اس سلسلے میں تعاون کرنے کی بھی ہدایات دی گئیں۔