Inquilab Logo Happiest Places to Work

جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے ڈونگری چلڈرن ہوم میں لنگرِ رسول کی تقسیم

Updated: August 25, 2026, 4:20 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

رضا اکیڈمی کی جانب سے اہتمام کیا گیا۔ مولانا سید معین الدین اشرف نے کہا کہ اس کے ذریعے بچوں کے چہروں پر خوشیاں لانے کی کوشش کی گئی۔

`Langar-e-Rasool` is being distributed at the Dongri Children`s Home by Raza Academy. Picture: Inquilab
رضا اکیڈمی کی جانب سے ڈونگری چلڈرن ہوم میں ’لنگر ِ رسول‘ تقسیم کیا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب

جشن ِ عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے رضا اکیڈمی، ممبئی کی جانب سے ڈونگری میں واقع چلڈرن ہوم میں پیر کی دوپہر میں بچوں میں لنگرِ رسول تقسیم کیا گیا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ چلڈرن ہوم کے بچوں کو بھی کھانا کھلا کر پیغام مصطفیٰ پر عمل کیا جائے۔ اس موقع پر مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے کہا کہ جشن ِ عید میلادالنبیؐ محض خوشی منانے کا نہیں بلکہ رحمت ِ عالم ؐ کی تعلیمات کو عام کرنے اور انسانیت کی خدمت کا بھی موقع ہے۔ حضور اکرم ؐ نے یتیموں، مسکینوں، کمزوروں اور ضرورت مندوں کے ساتھ حسنِ سلوک، محبت اور شفقت کا درس دیا۔ اسی تعلیماتِ نبوی ؐ پر عمل کرتے ہوئے بچوں میں لنگرِ رسول کی تقسیم کی گئی اور بچوں کے چہروں پر خوشیاں لانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حضور نبی کریم ؐ پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ؐکی سیرتِ طیبہ ہمیں محبت، اخوت، ہمدردی اور خدمتِ خلق کا پیغام دیتی ہے۔ ہمیں چاہئے کہ جشن میلادالنبیؐ کی خوشیوں کو معاشرے کے محروم اور ضرورتمند افراد تک پہنچائیں اور انہیں بھی اس میں شریک کریں۔ 

یہ بھی پڑھئے: کل عید میلاد النبیؐ کے جلوس کیلئے پولیس کا سخت بندوبست

رضااکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ رضا اکیڈمی کی جانب سے جشن ِ میلادالنبیؐ کی مناسبت سے مختلف فلاحی اور سماجی سرگرمیوں انجام دی جارہی ہیں۔ چلڈرن ہوم میں بچوں کو کھانا کھلانا اور اپنے ہاتھوں سے تقسیم کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکارِ دو عالم ؐ کی بارگاہ میں عقیدت کا بہترین اظہار یہ ہے کہ ہم آپؐ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کریں اور ضرورت مندوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رضا اکیڈمی آئندہ بھی خدمتِ خلق، دینی بیداری اور فلاحی سرگرمیوں کو اپنے مشن کے طور پر جاری رکھے گی۔ 

محمد سعید نوری کے مطابق ڈونگری چلڈرن ہوم میں بچوں کے ساتھ وقت گزارنے اور ان میں لنگرِ رسول تقسیم کرنے سے جہاں بچوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی وہیں اس موقع پر موجود ذمہ داران نے بھی اس اقدام کو سراہا۔ اس کے علاوہ ملک و ملت اور پوری انسانیت کیلئے خیر و برکت، امن و سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی گئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: لازمی مراٹھی کیخلاف رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کا احتجاج

آج جشن میلاد کانفرنس کا انعقاد 

جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے منگل ۲۵؍ اگست (آج) کی شب میں سنی بلال مسجد میں کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس میں بطور خاص مولانا سید خلیل اشرف اشرفی، مولانا محمد فیاض نوری، مولانا محمد اسلم رضوی، قاری مشتاق نعیمی اور مولانا محمد ابراہیم آسی وغیرہ کے خطابات ہوں گے۔ کانفرنس کی صدارت مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں کریں گے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK