Inquilab Logo Happiest Places to Work

کل عید میلاد النبیؐ کے جلوس کیلئے پولیس کا سخت بندوبست

Updated: August 25, 2026, 4:14 PM IST | Nadeem Asran/Shahab Ansari | Mumbai

جلوس کے راستوں پر ٹریفک کےنظام میں تبدیلی اور پارکنگ کو ایک دن کے لئے ممنوع قرار دے دیا گیا۔ بائیکلہ سے کرافورڈ مارکیٹ تک پولیس فورس تعینات۔

The Badi Masjid in Madanpura has been decorated in observance of Eid-e-Milad-un-Nabi (PBUH). Picture: Inquilab
عیدمیلادالنبی ؐ کے پیش نظرمدنپورہ کی بڑی مسجد کو سجایا گیا ہے۔ تصویر: انقلاب

 ۲۶؍ اگست بروز بدھ (کل)کو جنوبی ممبئی سے نکلنے والے تاریخی جلوس عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر جہاں پولیس نے خلافت ہاؤس بائیکلہ سے لے کر کرافورڈ مارکیٹ تک حفاظتی انتظامات سخت کرنے اور کسی بھی شر پسند عناصر سے نمٹنے کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس فورس تعینات کی ہے۔ وہیں گاڑیوں کی آمد و رفت میں سہولت اور ٹریفک کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے پولیس نے ٹریفک نظام میں چند تبدیلیاں کی ہیں۔ 

ہر سال کی طرح امسال بھی عید میلاد النبیؐ کا جلوس جنوبی ممبئی کے علاوہ مضافاتی علاقوں گوونڈی، ملاڈ مالونی، ممبرا، میرا روڈ، پنویل سے حسب روایت جوش و خروش سے نکالا جائے گا۔ جہاں جہاں جلوس نکالا جائے گا، ان تمام مقامات پر پولیس کا بندوبست اور ٹریفک نظام میں تبدیلی کی گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: نیدرلینڈز کا غزہ سے متعلق خدشات کے باعث ’یوروویژن ۲۰۲۷ء‘ میں شرکت سے انکار

جلوس عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر پولیس فورس کو تعینات کرنے سے متعلق ڈپٹی کمشنر آف پولیس جینت مینانے بتایا کہ ضرورت کے مطابق بائیکلہ سے کرافورڈ مارکیٹ تک پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ جلوس کے پیش نظر بائیکلہ، ڈونگری، پائیدھونی، ایم آر اے مارگ، ناگپاڑہ اور آگری پاڑہ پولیس کے ایک ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلوس خلافت ہاؤس سے بائیکلہ بریج، سندر گلی، دگڑی چال، کالا پانی، مدنپورہ، ناگپاڑہ، دو ٹانکی، جے جے، بھنڈی بازار، محمد علی روڈ، کرافورڈ مارکیٹ، سے عبدالرحمٰن اسٹریٹ اور پائیدھونی سے گزرتا ہوا مستان تالاب پر ختم ہوگا۔ ان علاقوں میں دوپہر ۲؍ بجے سے رات ۱۲؍ بجے تک دو، تین اورچار پہیہ گاڑیوں کے داخلہ کو ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ علاقوں میں پارکنگ کو بھی ایک دن کے لئے ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور گاڑیوں کی آمد و رفت کو معمول کے مطابق رکھنے کیلئے بائیکلہ سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی )کی جانب جانے والی گاڑیوں کو جے جے بریج کے نیچے سے گزرنے پر دوپہر ۲؍ بجے سے رات ۱۲؍ بجے تک پابندی عائد کر دی گئی ہے، سبھی گاڑیوں کو جےجے فلائی اوور کے اوپر سے گزرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس طرح سی ایس ایم ٹی سے بائیکلہ، لال باغ جانے والی گاڑیوں کو بھی جےجےفلائی اوور اور بائیکلہ بریج سے گزرنے یا پھر پی ڈی میلو روڈ پر منتقل کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی : میونسپل اسکولوں کا تعلیمی معیار بہترکرنے کیلئے انتظامیہ متحرک

جلوسِ عیدمیلادالنبی ؐ سے متعلق بی ایم سی کو خط

گوونڈی کی ایک غیر سرکاری تنظیم نے میئر، بی ایم سی کمشنر، بی ایم سی میں اپوزیشن لیڈر کشوری پیڈنیکر اور دیگر ذمہ داران کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ عید میلادالنبیؐ کے جلوس کے راستوں پر عارضی بیت الخلاء اور کوڑاکرکٹ پھینکنے جیسی سہولیات مہیا کرائی جائیں۔ تنظیم کے ذمہ دار نے ۲۵؍ اگست شام تک مطالبہ پورا نہ ہونے پر ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا انتباہ دیا ہے۔ گوونڈی سٹیزنس ویلفیئر فورم نامی تنظیم کے بانی اور وکیل شیخ فیاض عالم نے جو خط لکھا ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ ۲۰۱۹ء میں بی ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی نے متذکرہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ۲؍ کروڑ روپے کی تجویز منظور کی تھی۔ تاہم اس کے بعد کورونابحران کے سبب یہ سہولتیں فراہم کرنے کا سلسلہ جاری نہیں رہ سکا تھا۔ انہوں نے اس خط کے ذریعہ جلوس گزرنے کے تمام راستوں پر ماضی کی طرح عارضی بیت الخلاء، پینے کے پانی کا انتظام، ایمرجنسی حالات کیلئے طبی امداد اور ایمبولنس کی سہولت، حسب ضرورت عارضی روشنی کا انتظام، بیریکیڈ لگانے اور راستوں پر دیگر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اگرمنگل ۲۵؍ اگست کی شام ۵؍ بجے تک اس تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تو وہ بامبے ہائی کورٹ سے اس سلسلے میں رجوع ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK