Inquilab Logo Happiest Places to Work

زمین اور مکان کیلئے نئے قانون کا مسودہ تیار،پراپرٹی کارڈ لازمی ہوگا

Updated: May 12, 2026, 11:05 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

جولائی سے عملدرآمد کا امکان ۔وزیر محصولات چندرشیکھر باونکلے نے کہا کہ سرکاری دستاویز بنانے کیلئے ’لینڈ ٹائٹلنگ ایکٹ‘ نافذ کرنے والی مہاراشٹر پہلی ریاست ہوگی۔

This Law Will Make It Easier To Sell And Buy Property. Photo:INN
اس قانون سے جائیدادبیچنے اور خریدنے میں آسانی ہوگی۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر میں زمین  اور شہری علاقوں میں مکان کا سرکاری دستاویز بنانے کے قانون ’لینڈ ٹائٹلنگ ایکٹ‘   کے نفاذ  کیلئے تیاری  جاری ہے۔ اس قانون کا مسودہ تیار ہے اور اس پر جولائی سے عمل درآمد کا امکان ہے۔ وزیر محصولات چندر کانت باونکلے کا دعویٰ ہے کہ مہاراشٹر اس طرح کا قانون نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست ہوگی۔ اس نئے قانون کے ساتھ ریاست کے تمام پلاٹوں /مکان کیلئے ’پراپرٹی کارڈ‘ لازمی ہو جائے گا۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس قانون کو نافذ کرنے سے یہ فائدہ ہو گاکہ بیرون ملک کی ریاست اور اس کے شہروں  میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور یہاں کی ملکیت کی بھی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اسی کے ساتھ زمین اور مکان کی خرید و فروخت میں ہونے والی دھوکہ بازی سے بھی بچا جاسکے گا۔
حکومت کا منصوبہ کیا ہے؟
پراپرٹی کارڈ میں پراپرٹی کی تمام تفصیلات کے ساتھ اس کی مارکیٹ ویلیو بھی ہوگی۔ اس سے جائیداد کے مالک کیلئے اپنی جائیداد بیچنا یا نئی جائیداد خریدنا بہت آسان ہو جائے گا، چاہے وہ دنیا میں کہیں بھی ہو۔وزیر محصولات کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس قانون سے  لین دین میں شفافیت آئے گی اوردھوکہ دہی روکنے میں مدد ملے گی۔ ملکیت کا پراپرٹی کارڈ بن جانے سے ریاست کی ملکیت دنیا کے کسی بھی ملک کے شہری کو فروخت کی جاسکے گی۔ اس طرح سرمایہ کاری بھی بڑھے گی کیونکہ متعدد مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ کوئی غیر ملکی سرمایہ کار محض اس لئے ریاست میں سرمایہ کاری نہیں کرتا کیونکہ زمین یا ملکیت کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوتی اور دھوکہ بازی کا اندیشہ رہتا ہےلیکن اب ’لینڈ ٹائٹلنگ  ایکٹ‘ اور ’پراپرٹی کارڈ‘ سے بیرون ملک سرمایہ کار بھی زمین کی تصدیق کر سکیں گے۔
کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی امین پٹیل نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ ’لینڈ ٹائٹلنگ ایکٹ‘ سے زمین کی خرید و فروخت میں جو دھوکہ بازی ہوتی ہے،اس پر روک  لگے گی۔
فلیٹ مالکان کیلئے خوشخبری
فی الحال شہری علاقوں میں پلاٹ کیلئے پراپرٹی شیٹ اور دیہی علاقوں میں ’سات بارہ کا  اتارا‘موجود ہے۔ تاہم کثیر المنزلہ عمارتوں میں مالک کےفلیٹ کی ملکیت کیلئے کوئی علاحدہ سرکاری دستاویز دستیاب نہیں ہے۔ اس کمی کو دور کرنے کیلئے حکومت ایک ’ورٹیکل پراپرٹی کارڈ‘ متعارف کرانے جا رہی ہے۔ اس نظرثانی شدہ تجویز کو جون میں منعقد ہونے والی ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں منظور کئے جانے کا امکان ہے۔
پراپرٹی کارڈ دراصل کیا ہے؟
جس طرح زراعت کیلئے ’سات بارہ ‘ ہے، اسی طرح شہر میں زمین یا مکان کیلئے ’پراپرٹی کارڈ‘ ہے۔ یہ ایک سرکاری دستاویز ہے اور سٹی سروے ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کیا جاتا ہے۔آسان الفاظ میں کہا جائے تو جیسے آپ کے پاس آدھار کارڈ آپ کی شناخت ہے، ویسے ہی پراپرٹی کارڈ آپ کی زمین یا مکان کی شناخت ہے۔ اس پراپرٹی کارڈ میں زمین یا مکان کے تعلق سے بنیادی تفصیلات ہوتی  ہیں مثلاً زمین یا مکان کس کے نام پر ہے؟ زمین کا رقبہ (سائز) کیا ہے ؟اور یہ کہاں واقع ہے۔جائیداد کس قسم کی ہے ؟رہائشی، کمرشیل، کھلی زمین وغیرہ۔اس کے علاوہ  یہ تمام معلومات بھی فراہم کرتا ہے کہ اس سے پہلے کتنی بار زمین کا سودا کیا گیا ہے یا اس پر کوئی قرض ہے یا نہیں۔ اس میں جائیداد کی قیمت بھی ہوگی۔
 
 
پراپرٹی کارڈ کیوں ضروری ہے؟
(۱) ملکیت کا ثبوت: عدالت یا بینک میں یہ سب سے ٹھوس ثبوت مانا جاتا ہے کہ جائیداد آپ کی ہے۔
 (۲)خرید و فروخت: مکان بیچتے وقت یا قرض لیتے وقت بینک یہی مانگتا ہے ۔
(۳)تنازع سے حفاظت: حدود اور مالک کا نام صاف لکھا ہوتا ہے اس لئے تنازع کم ہوتا ہے۔
 (۴)میونسپل ریکارڈ:بی ایم سی اور ٹی ایم سی جیسے شہری انتظامیہ   میں ٹیکس اور نام تبدیل کروانے کیلئے یہ ضروری ہے۔
 
 
 کہاں سے ملتا ہے؟
مہاراشٹر میں یہ سٹی سروے آفس یا لینڈ ریکارڈ ڈپارٹمنٹ سے ملتا ہے۔ اب اکثر شہروں میں پراپرٹی کی تفصیل 
bhulekh.mahabhumi.gov.in
  ویب سائٹ سے آن لائن بھی نکال سکتے ہیں۔
بلدیہ میں شامل گاؤں کا بھی پراپرٹی کارڈ بنے گا
وزیر محصولات چندر شیکھر باونکلے نے بتایاکہ متعدد گاؤں کو میونسپل کارپوریشن میں شامل کیا گیا ہے۔ اس لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان گاؤں کی ملکیت کا جو سات بارہ بنا ہوا ہے، اسے ہٹاکر  میونسپل کارپوریشن میں شامل کئے جانے کے سبب اب ان کا پراپرٹی کارڈ بھی بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK