محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں درجۂ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے البتہ دن کا درجۂ حرارت کم و بیش ۳۳؍ ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 9:17 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں درجۂ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے البتہ دن کا درجۂ حرارت کم و بیش ۳۳؍ ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
اکتوبر میں گرمی کی شدت جھیلنے کے بعد ممبئی واسیوں کیلئے یہ راحت کی خبر ہے کہ شہر ومضافات میں درجۂ حرارت میں کمی آنے لگی ہے۔ جمعہ کو اس موسم کا سب سے کم درجۂ حرارت درج کیا گیا اور محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں درجۂ حرارت میں مزیدکمی آسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس ہفتے کے اخیر تک ممبئی و مضافات میں کم سے کم درجۂ حرارت ۱۸؍ ڈگری تک جاسکتا ہے اور آئندہ ہفتے منگل سے اس میں مزید کمی ہوکر ۱۷؍ ڈگری تک گرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کرلا کاپڑیا نگر کی جامع مسجدمیں صوبائی جمعیت اہلحدیث کاانعامی مسابقہ
ماہرین کے مطابق بحر عرب سے ٹھنڈی ہوائوں کے شہر میں داخل ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق اب تک ملک کے اندرونی حصوں سے شمال مشرقی سمت سے گرم ہوائیں شہری علاقوں میں داخل ہورہی تھیں جس کی وجہ سے گرمی زیادہ تھی۔ اب طوفان مخالف ماحول بن کر راجستھان کے اندرونی حصوں میں داخل ہوگیا ہے اور ہوائوں کا رُخ تبدیل ہوکر شمال مغربی سمت کی ہوائیں شہری علاقوں میں داخل ہورہی ہیں۔
موسم کا حال بتانے والے نجی ادارے اسکائی میٹ کے ماہر مہیش پالاوت کے مطابق اس وقت جو ہوائیں ممبئی میں آرہی ہیں وہ گجرات کے ساحلی علاقوں اور بحر عرب سے آرہی ہیں جو قدرے ٹھنڈی ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق ممبئی میں ہوائوں میں رطوبت کی مقدار زیادہ ہونے اور ان ٹھنڈی ہوائوں کی آمد سے یہاں کا درجۂ حرارت مزید کم ہوسکتا ہے۔یاد رہے کہ جمعہ کو سانتا کروز میں کم سے کم درجہ حرارت ۱۸ء۹؍ ڈگری سیلسیئس جو اس سال اس موسم کا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔ دوسری طرف قلب شہر قلابہ میں درجہ حرارت ۲۳ء۸؍ ڈگری سیلسیئس تھا۔ البتہ سنیچر کو سانتا کروز میں کم سے کم درجہ حرارت ۲۰؍ اور قلابہ میں ۲۴؍ ڈگری اور ان دونوں مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۵ء۳؍ اور ۳۵؍ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے تک درجہ حرارت میں مزید کمی کے ساتھ ۱۷؍ ڈگری سیلسیئس تک جانے کا امکان ہے۔ اس سال اکتوبر میں ممبئی واسی زیادہ سے زیادہ ۳۸ء۶؍ ڈگری سیلسیئس تک گرمی جھیل چکے ہیں۔
اگرچہ مہیش کے مطابق سمندر سے آنے والی ہوائوں کی وجہ سے شہر کی فضا میں آلودگی بھی کم ہوسکتی ہے لیکن سنیچر کو عام طور پر ممبئی کے زیادہ تر علاقوں میں فضائی آلودگی خراب سطح پر تھی۔ شہر و مضافات میں سنیچر کو فضائی آلودگی کی سطح ۱۵۴؍ سے ۱۷۹؍ کے درمیان دکھائی دے رہی تھی۔