میٹنگ میں عوامی نمائندوں نے پبلک پارکس، گراؤنڈز، پبلک ٹوائلٹس اور بعض عوامی مقامات پر منشیات کے استعمال سے متعلق شکایات اور تجاویز پیش کیں۔
EPAPER
Updated: May 31, 2026, 11:47 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
میٹنگ میں عوامی نمائندوں نے پبلک پارکس، گراؤنڈز، پبلک ٹوائلٹس اور بعض عوامی مقامات پر منشیات کے استعمال سے متعلق شکایات اور تجاویز پیش کیں۔
ممبئی مضافاتی ضلع کے نگراں وزیر ایڈوکیٹ آشیش شیلار نے اعلان کیا ہے کہ ۲۵؍ جون سے ’ منشیات سے پاک مہاراشٹر‘ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوںنے یہ اعلان سنیچر کو منعقدہ ممبئی مضافاتی ضلع کی منصوبہ بندی کمیٹی میں کیا۔ یہ میٹنگ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سرپرست وزیر ایڈوکیٹ آشیش شیلار اور ضلع کے شریک سرپرست وزیر منگل پربھات لودھاکی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس دوران دونوں ہی وزیر وںنے تمام عوامی نمائندوں، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ۲۵؍ جون سے ریاست بھر میں نافذ ہونے والی ’منشیات سے پاک مہاراشٹر مہم‘ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اس تعلق سے منترالیہ سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہےکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کی گئی اپیل کے مطابق ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کی میٹنگ میں تقریباً۱۶۰؍ معززین آن لائن شریک ہوئے تھے۔ میٹنگ میں ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے، ممبئی مضافاتی ضلع کلکٹر سوربھ کٹیار پولیس، برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن، مہاڈا، ایم ایم آر ڈی اے، ایم آئی ڈی سی، مختلف محکموں کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ اور عوامی نمائندے بھی شریک ہوئے تھے۔
میٹنگ میں عوامی نمائندوں نے پبلک پارکس، گراؤنڈز، پبلک ٹوائلٹس اور بعض عوامی مقامات پر منشیات کے استعمال سے متعلق شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ ایڈوکیٹ آشیش شیلار نے ہدایت دی کہ متعلقہ ایجنسیاں ان تمام معاملات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور موثر کارروائی کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ شہریوں کیلئے محفوظ اور صاف ستھرا ماحول پیدا کرنے کیلئے ہم آہنگی سے کام کرے۔
یہ بھی پڑھئے: ہونہار طلبہ کی تعداد کم ہونے سے ۱۱؍ ویں داخلے کے کٹ آف میں کمی آنے کا امکان
مشترکہ سرپرست وزیر منگل پربھات لودھا نے کہا کہ ریاستی حکومت کے ’’منشیات سے پاک مہاراشٹر مشن‘ کے تحت اسکولوں، کالجوں اور مختلف سماجی سطحوں پر وسیع پیمانے پر عوامی بیداری پیدا کی جائے گی۔ نوجوانوں کو نشے سے پاک طرز زندگی کی طرف راغب کرنے کیلئے مختلف سرگرمیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے تمام عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں حصہ لیں اور عوامی بیداری پیدا کریں۔میٹنگ میں عوامی نمائندوں نے ساحلی علاقوں میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر بھی توجہ مبذول کرائی۔ سرپرست وزیر ایڈوکیٹ شیلار نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں وہاں کا دورہ کرنے کے بعد ضروری کارروائی کی جائے گی۔میٹنگ میں ویسٹرن ایکسپریس وے پر ٹریفک جام کے مسئلے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ آشیش شیلار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک پولیس پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ٹریفک انتظام کو مزید موثر بنائیں۔