دبئی میں۲۸؍ویں یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کانگریس میں ہندوستان کو دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستانیوں کے لیےتجدیدی ڈاک حل فراہم کرتا رہے گا اورانہیں دیگر ممالک کے ساتھ بھی ساجھا کرتا رہے گا۔
EPAPER
Updated: September 19, 2025, 9:03 PM IST | Dubai
دبئی میں۲۸؍ویں یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کانگریس میں ہندوستان کو دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستانیوں کے لیےتجدیدی ڈاک حل فراہم کرتا رہے گا اورانہیں دیگر ممالک کے ساتھ بھی ساجھا کرتا رہے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہندوستان کے لیے ایک اور سفارتی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے دبئی میں۲۸؍ویں یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کانگریس میں ملک کے دوبارہ انتخاب کی تصدیق کی۔جیسوال نےایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اعلان کیا، ہندوستان کیلئے ایک اور اعزاز!دبئی میں۲۸؍ویں یو پی یو کانگریس میں منعقدہ انتخابات میں ہندوستان ۲۰۲۵ء تا ۲۰۲۸ء کے لیے یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کے پوسٹل آپریشنز کونسل اور کونسل آف ایڈمنسٹریشن کے ایشیا پیسیفک گروپ میں دوبارہ منتخب ہو گیا ہے۔ ہم ہندوستان پر اپنے اعتماد اور حمایت کے لیے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘‘
جیسوال نے مزید کہا کہ’’ ہندوستان اپنے شہریوں کیلئے جدید ڈاک حل فراہم کرتا رہے گا اور انہیں دیگر ممالک کے ساتھ بھی ساجھا کرے گا۔‘‘اس تقریب میں مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے ہندوستان کی نمائندگی کی۔ واضح رہے کہ ہندوستان ۱۸۷۴؍ سے یو پی یو کا رکن ہے۔ سندھیا نے بھی ایکس پر یہ خبر شیئر کی اور اس جیت کو وزیر اعظم مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے نام منسوب کیا۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم مل کر ڈاک کے شعبے میں جدت کو آگے بڑھا رہے ہیں، اور پائیداری کی جانب گامزن ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک سو ۴۵؍ کروڑ لوگوں کی خدمت کرتا ہے اور یو پی یو کے ایک جدید، جامع اور لچکدار عالمی ڈاک نظام کے مشن میں اپناکردار ادا کرے گا۔
اس تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، سندھیا نے اس بات پر زور دیا کہ انڈیا پوسٹ، جو دنیا کا سب سے بڑا ڈاک نیٹ ورک ہے، چھ الگ الگ کاروباری خدمات جیسے پاسپورٹ سیوا کیندروں کے ساتھ ایک لاجسٹکس لیڈر میں تبدیل ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفرز، اپ گریڈ شدہ ڈاک سافٹ ویئر، اور سی آر ایم ٹولز جیسے اقدامات کارکردگی اور جوابدہی کو مضبوط بنا رہے ہیں۔سندھیا نے کہا کہ کوئی بھی نجی کوریئر سروس ۶؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار گاؤں میں انڈیا پوسٹ کی موجودگی کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ کانگریس میں ہندوستان کے لیے ایک اہم سنگ میل یو پی آئی-یو پی یو انٹیگریشن پروجیکٹ کی نقاب کشائی تھی، جو محکمہ ڈاک، این پی سی آئی انٹرنیشنل پیمنٹس لمیٹڈ، اور یونیورسل پوسٹل یونین کے ساتھ شراکت میں تیار کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ہندوستان کے یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) کو یو پی یو کے انٹرکنیکشن پلیٹ فارم سے جوڑنا ہے تاکہ سرحد پار رقوم کی منتقلی کے لیے ایک محفوظ اور مؤثر نظام قائم کیا جا سکے۔ توقع ہے کہ اس سے لاکھوں ہندوستانی گھرانوں کو فائدہ ہوگا جبکہ وسیع تر اقتصادی ترقی کا بھی راستہ کھلے گا۔
یہ بھی پڑھئے: عدالت نے اڈانی گروپ کے خلاف مضامین اور ویڈیوز ہٹانے کا حکم کالعدم قرار دیا
واضح رہے کہ یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو)، اقوام متحدہ کی ایک خصوصی ایجنسی ہے جو۱۹۲؍ رکن ممالک کے درمیان عالمی ڈاک تعاون کی نگرانی کرتی ہے۔۱۸۷۴؍ میں قائم ہوئی اور برن، سوئٹزرلینڈ میں مقیم، یہ تنظیم مشترکہ اصولوں، معیارات، اور ٹیکنالوجی کو قائم کرکے بین الاقوامی میل خدمات کو ہم آہنگ کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔ یہ بغیر کسی رکاوٹ، قابل اعتماد، اور موثر سرحد پار ڈاک تبادلے کو سہولت فراہم کرتی ہے۔دبئی نے۲۸؍ویں یونیورسل پوسٹل کانگریس کی میزبانی کی، جو یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کا سب سے بڑا فیصلہ سازی کا فورم ہے، جس میں۱۹۲؍ رکن ممالک کے۲۰۰۰؍ نمائندوں نے شرکت کی۔