آج سے متاثرین کے کاغذات جمع کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: May 24, 2026, 9:53 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
آج سے متاثرین کے کاغذات جمع کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔
ممبئی کے باندرہ میں واقع غریب نگرجھوپڑپٹی کے بے گھر کئے گئے باشندوں کی قانونی مدد اور باز آبادکاری کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) اور پی یو سی ایل ،گھربچاؤ گھر بناؤ آندولن، ممبئی فار پیس اور سروہرا آندولن وغیرہ جیسی تنظیمیں اتوار ۲۴؍ مئی( آج) سے متاثرین کے کاغذات جمع کروانے کی مہم شروع کریں گی۔ یہ مہم کئی دن تک جاری رہے گی ۔
اس دوران اے پی سی آر اورمذکورہ این جی اوزکے نمائندے اور سماجی خدمت گار صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک دستاویزات جمع کریں گے۔ اس دوران ۲۰۱۱ء سے پہلے مہاڈا یا بی ایم سی میں جمع کروائے گئے دستاویزی ثبوتوں کو یکجا کیا جائے گا۔ساتھ ہی پیدائش کا سرٹیفکیٹ، الیکٹرک بل، ۲۰۱۱ء سے پہلے کا راشن کارڈ اور ووٹر کارڈ وغیرہ اہم دستاویزات ہوں گے۔یکجا کرنے کےبعدان دستاویزات کو حکام کے پاس جمع کرایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر کارروائی کا حکم
ان تفصیلات کے تعلق سے اے پی سی آر مہاراشٹر کے ایک ذمہ دار شاکر شیخ نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار کرنےپر آگاہ کرایا۔ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ’’ متاثرین کی راحت رسانی کےلئے یہ قدم اٹھایاجارہا ہے، دستاویزات جمع ہونے کے بعد ٹھوس اندازمیں کام شروع کیا جائے گا تاکہ بے گھرکئے جانے والوں کوانصاف مل سکے۔ چونکہ یہ کام وقت طلب ہے ، ۵۰۰؍ متاثرین کی تفصیلات جمع کرنی ہیں، اس لئے کافی وقت لگے گا ۔‘‘