Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایکناتھ شندے کی شیوسینا (ادھو) کے رکن پارلیمان سے ملاقات، سیاسی حلقوں میں ہلچل

Updated: May 07, 2026, 3:06 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

نائب وزیر اعلیٰ اچانک سنجے دینا پاٹل کی اہلیہ کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچے، خبر ملتے ہی ادھو ٹھاکرے نے بھی اپنے نمائندے کو رکن پارلیمان سے ملنے روانہ کیا۔

Is Sanjay Dina Patil (Far Left) Now With Uddhav Thackeray Or Not.Photo:INN
سنجے دینا پاٹل( بالکل بائیں) اب ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ہیں یا نہیں۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر کی سیاست میں ایک روز قبل اس وقت ہلچل مچ گئی جب نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور شیوسینا (ادھو) کے رکن پارلیمان سنجے دینا پاٹل ایک ساتھ نظر آئے۔ حالانکہ یہ ملاقات انسانی ہمدردی کے تحت تھی ۔ سنجے پاٹل کی اہلیہ کا گزشتہ دنوں ایکسیڈنٹ ہوا تھا ۔ ایکناتھ شندے انہی کا حال چال پوچھنے اسپتال گئے تھے ۔ چونکہ گزشتہ کئی دنوں سے آپریشن ٹائیگر کے تحت شیوسینا (ادھو) کے اراکین پارلیمان کی شندے گروپ میں شمولیت کے امکان کی خبریں چل رہی ہیں اسلئے اس خبر نے میڈیا میں کھلبلی مچادی۔ خاص کر اس وقت ایکناتھ شندے اور سنجے پاٹل ایک ساتھ کار میں بیٹھے نظر آئے۔ 
 
 
اطلاع کے مطابق شیوسینا (ادھو) کے رکن پارلیمان سنجے دینا پاٹل کی اہلیہ پاٹل کا گزشتہ دنوں ایکسیڈنٹ ہو گیا تھا اور وہ ملنڈ کے فوٹیز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ منگل کی رات اچانک نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اسپتال پہنچے۔ اہم بات یہ ہے کہ شندے اور پاٹل ایک ہی کار میں بیٹھ کر وہاں پہنچے جس کی وجہ سے میڈیا میں ہلچل مچ گئی۔یاد رہے کہ اس تعلق سے دونوں ہی طرف سے کوئی بیان نہیں دیا گیا لیکن میڈیا لگاتار اس خبر کو ’بریکنگ نیوز‘ کے طور پر چلاتا رہا۔اس خبر کی اہمیت اس وقت بڑھ گئی جب ادھو ٹھاکرے نے خوداپنے سب سے قریبی ملند نارویکر کو سنجے دینا پاٹل سے ملنے بھیجا اور ان کی اہلیہ کی خیریت دریافت کروائی۔ نارویکر نے فون پر ادھو ٹھاکرے سے سنجے پاٹل سے بات بھی کروائی۔ 
 
 
یاد رہے کہ اپریل کے مہینے میں ادھو ٹھاکرے کی پارٹی کے ۶؍ اراکین پارلیمان کی ملاقات ایکناتھ شندے سے ہوئی تھی جس کے بعد یہ افواہ اڑ گئی تھی کہ شیوسینا(ادھو) کے اراکین پارلیمان شیوسینا (شندے) میں شامل ہونے والے ہیں۔ یہ ملاقات بھی تھانے کے آس پاس ہی ہوئی تھی۔ منگل کی رات جب ایکناتھ شندے اور سنجے پاٹل کی ملاقات ہوئی تو اسی طرح کی باتیںہونے لگیں۔ سوال یہ تھا کہ سنجے پاٹل کی اہلیہ کا ایکسیڈنٹ تو کافی پہلے ہوا تھا شندے نے اسپتال پہنچنے میں اتنا وقت کیوں لگایا؟ جبکہ وہ تھانے ہی میں رہتے ہیں جو کہ ملنڈ سے بالکل متصل ہے؟ نیز ان کی ملاقات کے فوراً بعد ادھو ٹھاکرے نے اپنے نمائندے کو سنجے پاٹل کے پاس کیوں بھیجا؟ اس سے پہلے انہیں سنجے پاٹل کی اہلیہ کے ایکسیڈنٹ اور ان کی تیمار داری کا خیال کیوں نہیں آیا؟ ہر چند کہ دونوں ہی طرف سے اس ملاقات کو ’تیمارداری‘ کا نام دیا جا رہا ہے لیکن سیاسی ذرائع اسے نظر انداز کرنے کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان درپردہ رابطے کا کام تو جاری ہے۔    

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK