یورپی یونین نے ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ ( آئی آر جی سی ) کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر اتفاق کرلیا ہے،ایران میں اس دستے کو اسلامی جمہوریہ کی حفاظت اور ممکنہ بغاوتوں کو دبانے کے لیے بنایا گیا تھا۔
EPAPER
Updated: January 30, 2026, 11:14 AM IST | Brussels
یورپی یونین نے ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ ( آئی آر جی سی ) کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر اتفاق کرلیا ہے،ایران میں اس دستے کو اسلامی جمہوریہ کی حفاظت اور ممکنہ بغاوتوں کو دبانے کے لیے بنایا گیا تھا۔
یورپی یونین نے ایران کی اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر اتفاق کر لیا ہے، جو مظاہرین کے خلاف تشدد کے حوالے سے تہران کی سرزنش کا ایک اہم اقدام ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ وزراء نے جمعرات۲۹؍ جنوری کو برسلز میں مذاکرات کے دوران متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا، جس سے آنے والے دنوں میں اس فیصلے کی باقاعدہ منظوری کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔اس کے نافذ ہونے کے بعد، اس فیصلے کے تحت تمام فعال آئی آر جی سی اراکین کے اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے، مالی معاونت پر پابندی لگائی جائے گی اور ان کی سفر کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ ان میں سے بہت سے ارکان پہلے ہی یورپی یونین کے موجودہ اقدامات کے تحت پابندیوں کا شکار ہیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کاجا کلاس نے کہا کہ یہ اقدام سخت دباؤ کا جواب ہے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اپنے ہی شہریوں کو مارنے والے حکومتی نظام کے ناگزیر نتائج بھگتنے ہوتے ہیں۔ یہ فیصلہ فرانس اورا سپین کی پوزیشن میں تبدیلی کے بعد آیا ہے، جنہوں نے پہلے تحفظات کا اظہار کیا تھا، جبکہ بیلجیم نے بھی منظوری کی طرف رجحان ظاہر کیا۔
یہ بھی پڑھئے: کولمبیا کے صدر کی وینزویلا پرحملےکے بعد لاطینی امریکی ممالک سے متحد ہونے کی اپیل
دریں اثناء فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بیروٹ نے ایران میں پھانسیوں کو ختم کرنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور انٹرنیٹ تک رسائی کی بحالی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے ایرانی حکام پر بھی زور دیا کہ وہ فی الحال تہران میں فرانسیسی سفارتخانے میں پناہ لینے والے دو فرانسیسی شہریوں کو ملک چھوڑنے کی اجازت دیں۔ واضح رہے کہ آئی آر جی سی پر مظاہرین پر کریک ڈاؤن کی ہدایت کرنے، روس کو ہتھیار فراہم کرنے، اسرائیل پر میزائیل داغنے اور حزب اللہ، حماس اور یمن کے حوثی تحریک سمیت مسلح گروہوں کی حمایت کرنے کا الزام ہے۔بعد ازاں کئی ممالک، جن میں امریکہ، کنیڈا اور آسٹریلیا شامل ہیں، پہلے ہی آئی آر جی سی کو دہشت گرد تنظیم کے طور پر فہرست میں شامل کر چکے ہیں۔ جبکہ جرمنی اور نیدرلینڈز طویل عرصے سے یورپی یونین کو یہی قدم اٹھانے کے لیے زور دے رہے تھے۔ یورپی یونین کی دہشت گردی کی بلیک لسٹ میں فی الحال۲۲؍ تنظیمیں شامل ہیں، جن میں حماس، حزب اللہ کا فوجی ونگ اور کردستان ورکرز پارٹی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں مستقل جنگ بندی کیلئے اسرائیل کی مکمل واپسی ضروری ہے: فلسطینی سفیر
یاد رہے کہ ۱۹۷۹ء میں ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد قائم کی گئی، اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کو اسلامی جمہوریہ کی حفاظت اور ممکنہ بغاوتوں کو دبانے کے لیے بنایا گیا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ، اس نے اپنا اثر و رسوخ بڑھایا ہے، ایران کے سیاسی، اقتصادی اور سماجی دائروں تک اپنی رسائی کو بڑھایا ہے، اور مؤثر طریقے سےملک میں اپنی حیثیت قائم کی۔