ناگپور میں منعقدہ پروگرام میں تمام دینی جماعتوں کے نمائندوںکی شرکت۔ تحفظ ِ شریعت کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
EPAPER
Updated: November 02, 2026, 12:39 PM IST | Ali Imran | Nagpur
ناگپور میں منعقدہ پروگرام میں تمام دینی جماعتوں کے نمائندوںکی شرکت۔ تحفظ ِ شریعت کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
مہاراشٹر حکومت کی جانب سے یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) بنانے کے فیصلے اور اس سلسلے میں تشکیل دی گئی ۷؍ رکنی کمیٹی کی جانب سے۳۷؍ نکاتی سوالنامے کے ذریعے عوام سے تجاویز اور اعتراضات طلب کئے جانے کے پیش نظر اتوار یکم نومبر کو اسلامک کلچرل سینٹر، ٹیکہ، ناگپور میں اس تعلق سے بیداری کیلئے پروگرام کا انعقادکیا گیا جس میں مختلف دینی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تحفظ شریعت کمیٹی، ناگپور (آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، ضلع ناگپور) کے زیر اہتمام منعقدہ اس پروگرام کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، ودربھ کے صدر عبدالوہاب پاریکھ نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سی ایس آر ای کے صدر عبدالروف شیخ نے کہا کہ یو سی سی جیسے اہم معاملے پر ہر شہری کو اپنی رائے حکومت تک پہنچانی چاہئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کے جاری کردہ لنک یا سی ایس آر ای کے تیار کردہ ایپ کے ذریعے سوالوں کے جوابات اور اپنی تجاویز و اعتراضات آن لائن درج کرائیں تاکہ حکومت یو سی سی قانون بنانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
یہ بھی پڑھئے:مروڈ: تاریخی جنجیرہ قلعہ پر مستقل طورپربھگوا جھنڈا لگانے کا مطالبہ
جمعیت علماء ہند، ناگپور کے صدر مولانا سراج احمد نے کہا کہ تحفظ ِ شریعت کی اس مہم سے وابستہ ہونے اور مسئلے کو سمجھنے کے خواہش مند افراد بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس موقع پر گرودوارہ ٹرسٹ کے سیکریٹری سردار بلوندر سنگھ نے سکھ سماج کی نمائندگی کرتے ہوئے تمام طبقات سے یو سی سی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی۔پروگرام میں شہر کی اہم مسلم سماجی و مذہبی تنظیموں کے ذمہ داران اور مختلف سیاسی جماعتوں کے مسلم کارپوریٹرس بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ جامعہ عربیہ اسلامیہ، جمعیت علماء ہند کے دونوں گروپ، جماعت تبلیغ، جماعت اسلامی ہند، جمعیت اہل حدیث، مجلس تعلیم القرآن اور وحدتِ اسلامی ہند ناگپور سمیت مختلف تنظیموں نے پروگرام کی حمایت کی۔