Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں کے شہیدوں اور مجاہدین آزادی کے ناموں اور کارناموں پرمشتمل نمائش

Updated: August 17, 2026, 3:56 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

طلبہ کا جم غفیر، شیخ رشید لرننگ انسٹی ٹیوٹ میں ۱۵؍ اگست سے شروع ہونے والی یہ نمائش۳۰؍اگست تک جاری رہے گی۔

Former Mayor Tahira Sheikh Rashid inaugurating the exhibition by cutting the ribbon. Picture: INN
سابق میئرطاہرہ شیخ رشید ربن کاٹ کرنمائش کا افتتاح کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

تحریکِ آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں اور اس  میں تن من دھن سے شرکت کرنے والے مجاہدین کے ناموں اور کارناموںکی تصویری نمائش شیخ رشید لرننگ انسٹی ٹیوٹ واقع  نُورباغ ، مالیگاؤں میں آزادی کے جشن کی مناسبت سے جاری ہے۔ اس کا افتتاح سابق میئرطاہرہ شیخ رشید نے کیا۔میئر نسرین شیخ خالد اورنائب میئرشانِ ہندسمیت  خاتون کارپوریٹروں نے بطورِ مہمان شرکت کی۔ اس موقع پر طاہرہ شیخ نےکہا کہ ہم نے اپنے اسلاف کے کارناموںسے اپنے بچوں خصوصاً اسکولی طلبہ کو واقف کروانے کیلئےاس نمائش کا انعقاد کیا۔یہاں پر طلبہ اور خواتین کا جم غفیر اس نمائش کے ساتھ ہمارے مقصدکی کامیابی کی دلیل بھی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جامع مسجد میں برادرانِ وطن کے لئے ’مسجد پریچئے‘ کا اہتمام

اس نمائش کی سرپرستی سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید کررہے ہیں جبکہ اِس نمائش کا انعقاد کرنے والی تحریک دینے والے عبدالحلیم صدیقی نے کہا کہ ۱۹۲۱ء کی خلافت تحریک میں مالیگاؤں کے ۷؍ مسلمان شہید ہوئے۔ سیکڑوں افرادکو سزائیں دی گئیں۔برطانوی حکومت نےاس شہر کو آزادی کے متوالوںکا شہرقراردیتے ہوئےاسے ہمیشہ حساس سمجھا۔ یہاں کے مسلمانوں نے برطانوی حکومت اور اس کے نمک خواروں کے تخت اُکھاڑ پھینکے۔ مقامی سطح پر سودیشی حکومت قائم ہوئی۔۱۹۴۷ء میں ملک کی آزادی کےساتھ بٹوارے کا طوفان اُٹھا تو اس مسلم اکثریتی شہر میں تقسیم وطن کی نہ صرف مخالفت کی گئی بلکہ تاریخی روایات موجود ہیں کہ یہاں سےایک بھی مسلمان ہجرت کرکےنہیں گیا۔اس پوری تاریخ کونئی نسل کو بتانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جین زی کو معلوم ہونا چاہئےکہ اُن کے اجداد اور اسلاف نےوطن کی آزادی میں لہو بہایا، مال خرچ کیا اور غداروں کو اُن کی اوقات بتائی۔

یہ بھی پڑھئے: جمعیۃ علماء کی جانب سے۵۵؍ طلباء وطالبات میں اسکالر شپ کے چیک تقسیم

کنوینرعبداللہ مبارک نے کہا کہ تحریک آزادی میںمالیگاؤںکے حصے کو خاکے  اورتصاویر کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل بینروں پرتحریری مشمولات کے ساتھ متن کی مناسبت سے خیالی خاکے اور تصویریں بنائی گئی ہیں۔کم عمرطلبہ کی سہولت کیلئےرنگوںکا بہترین استعمال بھی ہواہے۔پُرکشش اور جاذب نظرتصویریں اور خاکے آزادی کی جدوجہد کونہ صرف واضح کرتے ہیںبلکہ دیکھنے والوںکے ذہنوں میں نقش بھی ہوجاتے ہیں۔اس نمائش کا سلسلہ یوم آزادی کوشروع ہوا جو ۳۰؍اگست تک جاری رہے گا۔صبح ۱۰؍ سے شام ۵؍بجےتک اسکول کے طلبہ گروپ کی شکل   میں آکر نمائش دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK