وزیر اعلیٰ دفتر سے ہدایات کے بعد ممبئی اور تھانے میونسپل کمشنر کا متعلقہ افسران کو حکم۔ممبرا میں بھی ایک عمارت خالی کرائی گئی
ممبرا کے چاند نگر علاقے میں ثانیہ ہال کے قریب واقع ۵ ؍منزلہ دھوم اپارٹمنٹ کے باہرا فسران نظر آرہے ہیں۔تصویر:آئی این این
بھیونڈی سانحہ کے بعد وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے سبھی بلدیہ کو انتہائی مخدوش عمارتوں کے تعلق سے ضروری اقدام کرنے کا حکم دیاہے۔ اس حکم پر عمل کرتے ہوئے ممبئی اور تھانے میونسپل کارپوریشن کے کمشنروں نے انتہائی مخدوش عمارتو ں کے تعلق سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ان عمارتوں کے تعلق سے فوری حفاظتی اقدامات کرنے اور انہیں خالی کروانے کی ہدایت دی ہے۔ اسی دوران ممبرا کی ایک عمارت جس کی چھت کا سلیب گرگیا تھا، اسے فوراً خالی کروا لیا گیا ہے۔اس تعلق سے بی ایم سی کے ایک افسر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق انتہائی مخدوش عمارتوں کے تعلق سے افسران کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے۔
تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ کے مطابق وزیراعلیٰ دفتر سے موصولہ ہدایات کے مطابق تمام وارڈ کمیٹیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں پرانی اور خطرناک عمارتوں کا مکمل معائنہ کریں اور خطرناک عمارتوں کے تعلق سے ضروری کارروائی کریں۔ میونسپل کمشنر نے حکم دیا ہے کہ ’سی۔ ون‘ زمرہ میں خطرناک عمارتوں کو مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ کی دفعہ ۲۶۴ ؍کے تحت نوٹس جاری کیا جانا چاہئے اور مکینوں کو ممکنہ خطرے کی وضاحت کرتے ہوئے عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرنے کی کارروائی کی جانی چاہئے۔
میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے کرایہ داروں اور فلیٹ مالکان کے قبضے میں کارپٹ ایریا کی پیمائش کرنے اور عمارتیں خالی کرنے سے قبل سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
پانی اور بجلی کنکشن منقطع کرنے کی ہدایت
میونسپل کمشنر نے سبھی وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ( اے ایم سی) کو حکم دیا ہے کہ اگر عمارتوں کو خالی کرانے میں کوئی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے یا مکین انہیں خالی نہیں کرتے تو متعلقہ عمارتوں کی بجلی اور پانی کی سپلائی منقطع کر دی جائے۔ عمارتوں پر انتباہی بورڈز لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو عمارت کے گرنے کے خطرے سے آگاہ کیا جا سکے۔ جن مکینوں کے پاس متبادل انتظامات نہیں ہیں، ان کیلئے ٹرانزٹ کیمپوں میں عارضی رہائش فراہم کی جانی چاہئے۔
ٹیکنیکل افسران کی علاحدہ ٹیم قائم کی جائے
میونسپل کمشنر نے ہر محکمے کی سطح پر ٹیکنیکل افسران کی علاحدہ ٹیم قائم کرنے اور خطرناک عمارتوں کا باقاعدہ معائنہ کی ہدایت دی۔
ممبرا :عمارت خالی کرنے کا حکم
ممبرا کے چاند نگر علاقے میں ثانیہ ہال کے قریب واقع ۵ ؍منزلہ دھوم اپارٹمنٹ کی چھت کا پلاسٹر گزشتہ روز گر گیا تھا،میونسپل افسران نے عمارت کا جائزہ لیا اور اسے فوراً خالی کرنے کی ہدایت دی۔ یہ عمارت تقریباً ۲۰ ؍سال پرانی ہے اور انتہائی خطرناک ( سی۔ون)قرار دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ممبرا کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر وجے کاؤلے نے بتایاکہ عمارت میں مقیم ۴۰؍ خاندانوں کو فوراً بلڈنگ خالی کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ مکینوں کو عمارت کا اسٹرکچرل آڈٹ کروانے کیلئے کہا گیا ہے اور اگر رپورٹ مرمت کے قابل آتی ہے تو اس کی مرمت کروانےکی اجازت دی جائے گی ،ورنہ اسے مستقل طو رپر خالی کروا کر منہدم کیاجائے گا۔