• Mon, 15 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیا: شوٹنگ کے بعد سوشل میڈیا پر فیک نیوز، جشن کو مسلمانوں سے جوڑ دیا گیا

Updated: December 15, 2025, 5:09 PM IST | Sydney

سڈنی کے بونڈائی بیچ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کو غلط طور پر مسلمانوں سے جوڑ کر نفرت انگیز دعوے پھیلائے گئے۔ بعد ازاں مقامی تنظیموں نے وضاحت کی کہ وائرل ویڈیو میں دکھائی جانے والی آتش بازی دراصل کرسمس کی سالانہ تقریب کا حصہ تھی، نہ کہ کسی حملے کی خوشی۔

There was chaos on the beach at the time of the attack. Photo: INN
بیچ پر حملے کے وقت افراتفری کا ماحول تھا۔ تصویر: آئی این این

آسٹریلیا کے سوشل میڈیا صارفین نے الزام عائد کیا کہ ’’اسلام پسند‘‘ سڈنی کے ایک نواحی علاقے میں واقع بونڈائی بیچ پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے پر خوشیاں منا رہے ہیں، اور اس دعوے کے ساتھ آتش بازی کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی۔ تاہم، حکام کے مطابق یہ آتش بازی دراصل کرسمس کی تقریبات کیلئے تھی۔ یہ ویڈیو ان متعدد گمراہ کن معلوماتی سلسلوں میں شامل ہے جو اتوار کو آسٹریلیا کے سب سے مشہور ساحل پر ہونے والی فائرنگ کے بعد آن لائن سامنے آئے۔ حکام نے اس واقعے کو ایک یہودی تہوار پر ہونے والا سام دشمن (اینٹی سیمیٹک) دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔ 
حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ہنوکا (Hanukkah) کے یہودی تہوار کی سالانہ تقریب کو نشانہ بنایا جس میں ایک ہزار سے زائد افراد بونڈائی بیچ پر جمع ہوئے تھے۔ اس حملے میں ۱۵؍ افراد ہلاک اور ۴۲؍ زخمی ہوئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سڈنی : یہودیوں پرحملہ، ۱۱؍ ہلاک ،مسلم شخص نے جان پر کھیل کر حملہ آور کو پکڑلیا

اشتعال انگیز دعوؤں کو پذیرائی
ایک ویڈیو تیزی سے گردش کرنے لگی جس میں رات کے آسمان میں آتش بازی دیکھی جا سکتی ہے، اور پیر کی صبح تک یہ ویڈیو ہندوستان، برطانیہ اور امریکہ تک پھیل چکی تھی۔ آسٹریلیا میں موجود ایک صارف نے کہا:’’جن لوگوں کو ہم نے اپنے ملک میں آنے کی اجازت دی ہے وہ اب بینک اسٹاؤن میں آتش بازی کر رہے ہیں اور ہمارے یہودی شہریوں کے بونڈائی قتلِ عام کا جشن منا رہے ہیں۔ ‘‘یہ صارف، جس کی ایکس پر پوسٹ کو۷۵۰؍ سے زائد بار دوبارہ شیئر کیا گیا، نے غیر انسانی زبان استعمال کرتے ہوئے یہ سوال بھی کیا:’’پولیس انہیں گرفتار کیوں نہیں کر رہی؟‘‘فیس بک پر دیگر افراد نے بھی دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو ’’اسلام پسندوں کو سڈنی میں آتش بازی کرتے ہوئے دکھاتی ہے جو بونڈائی بیچ پر ہنوکا کی تقریب پر ہونے والے دہشت گرد حملے کا جشن منا رہے ہیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: مغربی کنارہ میں غیر قانونی یہودی بستیوں میں ریکارڈ اضافہ: اقوام متحدہ کی رپورٹ

مقامی تنظیم نے الزامات کی تردید کی
تاہم، اگرچہ اتوار کی شام کینٹربری بینک اسٹاؤن کے علاقے (جو کئی مضافاتی علاقوں پر مشتمل ہے) میں واقعی آتش بازی ہوئی تھی، ایک مقامی کمیونٹی تنظیم نے وضاحت کی کہ یہ آتش بازی کرسمس کی تقریبات کیلئے تھی۔ بینک اسٹاؤن سے ملحقہ علاقے پیڈسٹاؤ کی روٹری کلب نے کہا:’’یہ آتش بازی ہماری سالانہ کرسمس کیرولز کی تقریب کا حصہ تھی، اس تقریب اور آتش بازی کی منصوبہ بندی کئی ماہ پہلے کی گئی تھی۔ ‘‘روٹری کلب نے مزید کہا:’’اس کا بونڈائی میں ہونے والے دہشت گرد حملے سے کوئی تعلق نہیں تھا‘‘، اور یہ بھی واضح کیا کہ یہ رنگا رنگ آتش بازی ہر سال ہوتی ہے۔ سڈنی کا جنوب مغربی علاقہ بینک اسٹاؤن ثقافتی طور پر نہایت متنوع ہے، جہاں کی ویب سائٹ کے مطابق یہاں ۱۲۰؍ سے زائد قومیتوں کے لوگ رہائش پذیر ہیں تاہم، حالیہ برسوں میں یہ علاقہ بڑھتی ہوئی امیگریشن مخالف بیان بازی کا بھی نشانہ بن رہا ہے۔ 
ویڈیو شیئر کرنے والی پوسٹس کے جواب میں مقامی کمیونٹی کے افراد نے بھی ردِعمل دیا اور تصدیق کی کہ یہ ایک مقامی کرسمس کیرولز کی تقریب تھی۔ قریبی علاقے بیلمور سے تعلق رکھنے والے ایک ایکس صارف نے کہا:’’نفرت پھیلانے کیلئے جان بوجھ کر غلط معلومات شیئر کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ تمہیں خود پر شرم آنی چاہئے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK