Updated: June 03, 2026, 8:56 PM IST
| New Delhi
ہندوستان میں مودی حکومت نے سعودی عرب میں سفیر کی تقرری کے معاملے میں ایک طویل عرصے سے چلی آ رہی روایت ختم کر دی ہے۔ وزارت خارجہ نے ۱۹۹۸ء بیچ کے انڈین فارن سروس افسر وپل کو سعودی عرب میں اگلا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آزادی کے بعد سے ریاض میں عموماً مسلم سفارت کاروں کو تعینات کیا جاتا رہا تھا۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے گزشتہ دن اعلان کیا کہ ۱۹۹۸ء بیچ کے انڈین فارن سروس (آئی ایف ایس) افسر وپل کو سعودی عرب میں ہندوستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ اس تقرری کو سفارتی حلقوں میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ اس کے ساتھ ہی ایک ایسی روایت کا خاتمہ ہو گیا ہے جو آزادی کے بعد سے تقریباً مسلسل جاری تھی۔ آزادی کے بعد ہندوستان عموماً سعودی عرب میں اپنے سفیر اور جدہ میں قونصل جنرل کے عہدوں پر مسلم سفارت کاروں کو تعینات کرتا رہا ہے۔ اس روایت کی بنیادی وجہ سعودی عرب میں ہر سال ہونے والے حج انتظامات تھے، جن میں لاکھوں ہندوستانی مسلمانوں کی شرکت اور ان سے متعلق سفارتی و انتظامی امور شامل ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مرکزی وزیر تعلیم مستعفی نہ ہوئے تو۶؍ جون کے احتجاج میں شریک ہوں گا: سونم وانگچک
تاہم حکومت کا دعویٰ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ اس روایت کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق مسئلہ صرف اتنا نہیں تھا کہ سینئر مسلم سفارت کاروں کی تعداد محدود ہو گئی تھی بلکہ یہ بھی ضروری تھا کہ متعلقہ افسر سعودی عرب میں تعیناتی کے لیے آمادہ ہو۔ بعض مواقع پر جانشین کی عدم دستیابی کے باعث موجودہ سفیروں کی مدت میں توسیع بھی کرنا پڑی۔ ان حالات میں حکومت کو بعض اوقات روایتی سفارتی حلقے سے باہر بھی جانا پڑا۔ اس کی ایک نمایاں مثال سابق ممبئی پولیس کمشنر احمد جاوید تھے، جنہیں ۲۰۱۶ء میں سعودی عرب میں ہندوستان کا سفیر مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے ۲۰۱۹ء تک اس عہدے پر خدمات انجام دیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’کسانوں کے مسائل فوراً حل نہ کئے گئے تو کسان سڑکوں پر اتر سکتے ہیں‘‘
نئے مقرر ہونے والے سفیر وپل اس وقت قطر میں ہندوستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں خلیجی خطے کے امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی، تزویراتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وپل موجودہ سفیر سہیل اعجاز خان کی جگہ لیں گے، جو خود ۱۹۹۸ء بیچ کے آئی ایف ایس افسر ہیں۔ عربی زبان پر عبور رکھنے والے سہیل اعجاز خان خلیجی ممالک کے امور سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ وہ وزارت خارجہ میں خلیجی ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری، دبئی میں ہندوستان کے قونصل جنرل اور دیگر اہم سفارتی عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔