ایس کے اسٹون جنکشن اور مودی نگر جل تھل۔ ٹریفک کا نظام دربرہم ۔گاڑی والوں کو دشواریاں۔ شہریوں کا انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار۔
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 11:49 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mira Road
ایس کے اسٹون جنکشن اور مودی نگر جل تھل۔ ٹریفک کا نظام دربرہم ۔گاڑی والوں کو دشواریاں۔ شہریوں کا انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار۔
میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن (ایم بی ایم سی )کے مانسون سے قبل کئے گئے تمام دعوؤں کی پہلی ہی بارش میں قلعی کھل گئی۔ بدھ کے روز شروع ہونے والی بارش نے چند ہی گھنٹوں میں پورے شہر کو جل تھل کر دیا۔ شہر کے مصروف ترین چوراہے ایس کے اسٹون جنکشن پر گھٹنوں تک پانی جمع ہو گیا ۔ایس کے اسٹون سے کاشی میرا جانے والی اہم سڑک پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی جس کے نتیجے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ سب سے زیادہ پریشانی دو پہیہ گاڑیوں اور آٹو رکشہ والوں کو اٹھانی پڑی۔ کئی بائیک سواروں کی گاڑیاں بیچ سڑک پر بند ہو گئیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
یہ بھی پڑھئے: بارش کے سبب لوکل ٹرین کا دروازہ بند کرنے پرنوجوان کا چاقو سے بہیمانہ قتل، ملزم گرفتار
راہگیروں کو گندے پانی سے گزر کر اپنے راستے طے کرنے پڑ رہے ہیں جس سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہر سال کارپوریشن اور ایم ایم آر ڈی اے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر پلہ جھاڑ لیتے ہیں جبکہ کروڑوں روپے ٹیکس دینے والے عوام کو اس لاپروائی کا بھگتان شدید مالی اور ذہنی پریشانی کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس لاپروائی کے ذمہ دار افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
بھائندر کے مودی نگر میں بھی چند گھنٹوں کی پہلی بارش کے بعد ہی پورا علاقہ جل تھل ہو گیا۔ دکانوں اور گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس ابتر صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سابق میونسپل کارپوریٹر اوم پرکاش شرما نے مقامی شہری انتظامیہ، اراکین اسمبلی اور برسرِ اقتدار پارٹی کے لیڈروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کے جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں سابق کارپوریٹر نے بتایا کہ گزشتہ روز ہی انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ م میونسپل کمشنر سے ملاقات کی تھی جس کے دوران میونسپل کمشنر نے بڑے وثوق سے چیلنج کیا تھا کہ اس بار شہر میں ایک بوند پانی بھی جمع نہیں ہونے دیا جائے گا لیکن پہلی ہی بارش نے اس چیلنج کی ہوا نکال دی اور مودی نگر کا بڑا حصہ پانی میں ڈوب گیا۔ سڑکیں ندی کا منظر پیش کر رہی ہیں اور ریلوے لائن کے متوازی نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث پانی کی نکاسی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔