خطرناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج طلب، ایکتا نگر میں فوج کے امداد ی دستے مامور، وزیر اعلیٰ کاافسران سے رابطہ۔
EPAPER
Updated: August 05, 2024, 11:52 AM IST | Agency | Pune
خطرناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج طلب، ایکتا نگر میں فوج کے امداد ی دستے مامور، وزیر اعلیٰ کاافسران سے رابطہ۔
پونے شہر اور ضلع میں اتوا ر کو بارش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا۔ اس دورا ن اتوار کی صبح سے مسلسل بارش ہو تی رہی۔ کئی علاقوں میں میونسپل ملازمین کی طرف سے احتیاط برتنے کی وارننگ جاری کی گئی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے انتظامیہ کو مستعد رہنے کا حکم دیا ہے۔ بعدازاں فوج کے امدادی دستے بھی مامورکئے گئے۔ اتوار کو ریڈ الرٹ کے دوران پونے شہر اور مضافاتی علاقوں میں موسلادھار بارش شروع ہو گئی ہے۔ اتوار کو د ن بھر پونے شہر کے تمام حصوں میں موسلادھار بارش ہو تی رہی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی دوران وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پونے ضلع کے غیر محفوظ علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ پونے ضلع میں سیلاب کی صورتحال سے پہلے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پونے کلکٹر، پونے سٹی میونسپل کمشنر اور ایمرجنسی ڈ پارٹمنٹ کے سینئر افسران سے فون پر بات چیت کی اور غیر محفوظ علاقوں میں احتیاط برتنے اورکسی طرح کی کوتاہی نہ کرنے حکم دیا۔ ساتھ ہی ضرورتمند شہریوں کو کھانا اور رہائش فراہم کرنے کے احکامات بھی دیئے۔
یہ بھی پڑھئے:ناگپور میں بی جے پی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس، دیویندر فرنو یس اور نتن گڈکری کا خطاب
اسی دوران پونے ضلع میں گزشتہ۲؍ دن سے ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے کھڑکواسلا ڈیم کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔ ڈیم سے پانی کی سطح کو کم کرنے کیلئے اتوار کو اضافی پانی چھوڑا گیا جس کی وجہ سے پورے ضلع میں سیلابی صورتحال ہے۔ انتظامیہ نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے فوج سے مدد طلب کی جس کے بعد پونے میں موسلادھار بارش جاری رہنے کے دوران نشیبی علاقوں میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے فوج کے امدادی دستے کو مامور کیا گیا۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ امدادی کاموں کے دوران فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے ایکتا نگر علاقے میں واقع سوسائٹی کے کچھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ۱۵؍ دن میں ہونے والی شدید بارش کے بعد اتوار کو پونے ضلع کے کھڑکواسلا ڈیم سے ۳۵؍ ہزارکیوسک پانی چھوڑا گیا۔
محکمہ دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کھڑکواسلا ڈیم سے اضافی پانی چھوڑنے کی وجہ سے، پونے کے ضلع مجسٹریٹ نے احتیاطی اقدام کے طور پر ایکتا نگر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں فوج کے دستے کو مامور کرنے کی درخواست کی۔ ان کی درخواست پر فوج کے جوانوں کو ان کی منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔ اتوار کو سنگھ گڑھ روڈ (ایکتا نگر علاقہ) پر واقع دوارکا سوسائٹی میں فوج کے جوان مامور رہے۔ فوج کے جوان متاثرین کو بچانے کیلئے جنگی پیمانے پر امدادی کارروائی میں مصروف رہے۔