Updated: March 14, 2026, 4:07 PM IST
| California
فوربس کی تازہ رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے ترقی نے تیس سال سے کم عمر کے ریکارڈ پینتیس ارب پتی پیدا کئے ہیں۔ ان میں بائیس سالہ سوریہ مدھا سب سے کم عمر خود ساختہ ارب پتی کے طور پر سامنے آئے ہیں جنہوں نے اے آئی اسٹارٹ اپ مرکور کے ذریعے اربوں ڈالر کی دولت بنائی۔ ہند نژاد سوریہ مدھا نے سب سے کم عمر سیلف میڈ بلینئر بن کر مارک زکر برگ کا ۱۸؍ سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
فوربس کی جاری کردہ عالمی ارب پتیوں کی فہرست میں اس سال مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ نوجوان کاروباری افراد کی نمایاں تعداد سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق تیس سال سے کم عمر کے پینتیس ارب پتی اب عالمی فہرست کا حصہ ہیں، جن میں سے کئی نے اپنی دولت اے آئی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے حاصل کی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ توجہ بائیس سالہ سوریہ مدھا نے حاصل کی ہے، جو فوربس کے مطابق دنیا کے کم عمر ترین خود ساختہ ارب پتی بن (سیلف میڈ بلینئر) گئے ہیں۔ ۱۸؍ سالہ قبل میٹا کے بانی مارک زکر برگ ۲۳؍ سال کی عمر میں اس فہرست میں شامل ہوکر دنیا کے سب سے کم عمر سیلف میڈ بلینئر بن گئے تھے۔ تاہم، اب سوریہ نے یہ خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: روپیہ ۳۹؍ پیسے کم ہو کر۲۱ء۹۲؍ فی ڈالر کی ریکارڈ نچلی سطح پر بند
ان کی مجموعی دولت تقریباً دو اعشاریہ دو ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔ سوریہ مدھا مصنوعی ذہانت پر مبنی بھرتی کرنے والے پلیٹ فارم مرکور کے شریک بانی ہیں۔ اس اسٹارٹ اپ کی قدر نجی سرمایہ کاروں نے گزشتہ سال تقریباً دس ارب ڈالر لگائی تھی۔ کمپنی نے کم وقت میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے ترقی حاصل کی ہے۔
مرکور دراصل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے ملازمت کے امیدواروں کا انٹرویو لیتا ہے اور انہیں مناسب کمپنیوں سے جوڑتا ہے۔ اس نظام میں امیدواروں کا ابتدائی انٹرویو ایک اے آئی اوتار کے ذریعے کیا جاتا ہے جس کے بعد انہیں ان کمپنیوں کے سامنے پیش کیا جاتا ہے جو ہنر مند افراد کی تلاش میں ہوتی ہیں۔ فوربس کے مطابق سوریہ مدھا کی پیدائش امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں ہوئی۔ ان کے والدین ہندوستانی نژاد ہیں جو دہلی سے امریکہ منتقل ہوئے تھے۔ مدھا نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے بین الاقوامی امور میں تعلیم حاصل کی۔
یہ بھی پڑھئے: ایران کے ریفائنریز پر ڈرون حملے، بحرین نے معاہدے معطل کر دیے
ان کے ساتھ مرکور کے دیگر شریک بانی برینڈن فوڈی اور آدرش ہیرمتھ بھی نوجوان ٹیکنالوجی کاروباری افراد میں شمار ہوتے ہیں۔ تینوں نے مل کر کمپنی کو سیلیکون ویلی کی بڑی اے آئی لیبارٹریوں کے ساتھ کام کرنے کے قابل بنایا ہے۔ فوربس کی رپورٹ کے مطابق اس سال ایک نئی کم عمر خود ساختہ خاتون ارب پتی بھی فہرست میں شامل ہوئی ہیں۔ انتیس سالہ لوانا لوپیس لارا نے پیشن گوئی مارکیٹ کمپنی کلشی کی مشترکہ بنیاد رکھی ہے۔ لوپیس لارا برازیل سے تعلق رکھتی ہیں اور اس سے پہلے ایک بیلرینا رہ چکی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے تعلیم حاصل کی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں قدم رکھا۔
یہ بھی پڑھئے: ایران جنگ: ۹؍ کروڑ سے زائد مسافر پروازوں کی منسوخی سے متاثر، خلیج میں ہوا بازی کا شعبہ درہم برہم
رپورٹ کے مطابق اس سال تیس سال سے کم عمر کے سترہ نئے ارب پتی فہرست میں شامل ہوئے ہیں، جن میں سے گیارہ افراد نے اپنی دولت خود بنائی ہے۔ فہرست کے جغرافیائی تجزیے کے مطابق تیس سال سے کم عمر کے پینتیس ارب پتیوں میں سے آٹھ امریکی شہری ہیں جبکہ مزید تین ایسے ہیں جو اس وقت امریکہ میں مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ تیرہ ارب پتی یورپ میں اور چھ ایشیا میں رہتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی ارب پتیوں کی اکثریت خود ساختہ ہے جبکہ یورپ کے زیادہ تر نوجوان ارب پتیوں کو دولت وراثت میں ملی ہے۔