برہانی کالج کے سابق پرنسپل شیخ قربان حسین سعید عرف سوتروالا ( ۸۷؍سال)کا انتقال ہوگیا ۔ بدھ کو تعلیمی ، فلاحی ، سماجی اور معاشی شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی موجودگی میں انہیں سپرد خاک کیا گیا ۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ۲؍بیٹیاں ہیں۔
EPAPER
Updated: March 20, 2026, 11:24 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
برہانی کالج کے سابق پرنسپل شیخ قربان حسین سعید عرف سوتروالا ( ۸۷؍سال)کا انتقال ہوگیا ۔ بدھ کو تعلیمی ، فلاحی ، سماجی اور معاشی شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی موجودگی میں انہیں سپرد خاک کیا گیا ۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ۲؍بیٹیاں ہیں۔
تعلیمی شعبہ میں پرنسپل سوتروالا کانام نہایت احترام اور عقیدت سے لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے ۱۹۸۳ء سے ۲۰۰۰ء تک برہانی کالج کے پرنسپل کے طور پر خدمات انجام دیں ۔ بنیادی طور پرچارٹرڈ اکائونٹنٹ(سی اے) تھے ۔ سعید اینڈ اسوسی ایٹس کے نام سے ان کی چارٹرڈ اکائونٹنٹ کمپنی جاری ہے ۔ انہوں نے ۶؍دہائیوں قبل ایل ایل بی اور سی اے کی ڈگری حاصل کی تھی ۔ ان کے خانوادہ میں ۵؍سی اے ہیں ۔
یہ بھی پڑھئے: راج ٹھاکرے کی جانب سے ایران کی حمایت
انہیں کالج اور یونیورسٹی کے اساتذہ کے تنخواہ کے ڈھانچے کو حتمی شکل دینے کیلئے یو جی سی کمیٹی کا رکن بھی مقرر کیا گیاتھا۔ وہ معاشی طور پر غریب طلبہ کی فیس معاف کرنے میں فراخدل تھے اور کالج کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی دل کھول کر مدد کرتے تھے ۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی :صاف صفائی اور کچرا منتقلی کے بڑے منصوبوں کو منظوری دی گئی
اپنی برادری کی عظیم خدمت کرنے پر انہیں بوہرہ جماعت کی جانب سے ’شیخ‘ کے خطاب سے نوازا گیا تھا ۔ وہ متعدد تعلیمی، سماجی اور ملّی اداروں سے وابستہ تھے ۔ان کے برہانی کالج کے دیرینہ ساتھی پروفیسر سید اقبال کے مطابق ’’ پروفیسر سوتروالا، ایک اچھے انسان ہونے کے ساتھ نرم خو تھے ۔طلبہ اور کالج کے عملےکی ضروریات کا خیال رکھتے تھے ۔ ان کی کمی محسوس کی جائے گی ۔‘‘