• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرانس تشدد کو مہاجرین مخالف پروپیگنڈے کیلئے استعمال کیا گیا: رپورٹ میں انکشاف

Updated: November 10, 2026, 9:55 PM IST | Paris

یورپی یونین اور فرانس کی الگ الگ داخلی رپورٹوں میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روسی نیٹ ورک نے فرانس میں ہونے والے فسادات کے دوران جعلی ویڈیوز اور گمراہ کن خبروں کے ذریعے مہاجرین کو بدامنی کا ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی۔ اسرائیل سے منسلک اور امریکی MAGA تحریک کے اکاؤنٹس نے بھی فسادات کو اسلام پسندی اور امیگریشن سے جوڑنے والے بیانیے پھیلائے۔ تاہم کسی بیرونی طاقت کے احتجاج شروع کرانے یا تشدد بڑھانے کا ثبوت نہیں ملا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فرانس میں گزشتہ ماہ مہنگائی، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور سرکاری خدمات میں کمی کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج اور بعد میں پھوٹ پڑنے والے فسادات کو بیرونی عناصر نے سوشل میڈیا پر اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یورپی یونین کی ایک داخلی رپورٹ میں روس سے منسلک خفیہ نیٹ ورک کی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ فرانس کی وزارتِ خارجہ کی الگ رپورٹ میں اسرائیل سے منسلک اور امریکہ کی MAGA تحریک کے حامی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے بھی مہاجرین اور اسلام سے متعلق اشتعال انگیز بیانیے پھیلانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یورپی یونین کی رپورٹ کے مطابق روسی نیٹ ورک ’’آپریشن اوورلوڈ‘‘ نے فرانس میں ہونے والے فسادات کو بنیاد بنا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ ملک میں بے قابو امیگریشن کے باعث حالات خراب ہوگئے ہیں اور فرانسیسی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ اس مقصد کے لیے مغربی ذرائع ابلاغ کی نقالی کرتے ہوئے جعلی ویڈیوز اور خبریں تیار کی گئیں اور انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے فرانسیسی صارفین تک پہنچایا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کے حق میں ایمسٹرڈیم سرخ، ریڈ لائن مارچ میں ۲؍ لاکھ افراد شریک

رپورٹ میں ایسی جعلی پوسٹوں کی مثالیں بھی دی گئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مہاجرین نے مظاہرین کی عصمت دری کی ہے یا فرانس میں دہشت گردانہ حملے ہونے والے ہیں۔ یورپی یونین کے ماہرین کے مطابق ان دعوؤں کا مقصد عوام میں خوف پیدا کرنا، سماجی تقسیم کو گہرا کرنا اور حکومت کے خلاف بے اعتمادی بڑھانا تھا۔ یورپی یونین کی داخلی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ نیٹ ورک ۷؍ سے ۲۱؍ اکتوبر کے دوران سرگرم رہا اور اس نے فرانسیسی قیادت کو کمزور اور تیزی سے آمرانہ ہوتا ہوا دکھانے کی کوشش کی۔ رپورٹ کے مطابق ایسے واقعات بیرونی عناصر کو یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ قومی حکومتوں کو کمزور کریں، عوام میں خوف اور اختلافات کو ہوا دیں اور انتخابات سے پہلے عوامی رائے پر اثر انداز ہوں۔ تاہم رپورٹ میں ایک اہم وضاحت بھی کی گئی ہے کہ ماسکو یا کسی دوسرے بیرونی فریق کی جانب سے فرانس میں احتجاج شروع کرانے یا اس کے تشدد میں اضافے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ یورپی یونین نے ان سرگرمیوں کو فسادات اور بے چینی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش قرار دیا ہے، نہ کہ ان واقعات کو منظم کرنے کا ثبوت۔

اسرائیلی اور MAGA اکاؤنٹس کی سرگرمیاں

فرانس کی وزارتِ خارجہ کی الگ داخلی رپورٹ میں اسرائیلی حکام، سرکاری اکاؤنٹس، میڈیا اداروں اور اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات سے منسلک پوسٹوں کے ساتھ امریکی MAGA تحریک کے حامیوں کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ان اکاؤنٹس نے فرانس میں ہونے والے فسادات کو بنیاد بناکر مہاجرین اور مبینہ بنیاد پرست اسلام پسندی سے متعلق ’’معاندانہ بیانیے‘‘ پھیلائے۔ رپورٹ میں ایکس پر ۱۶؍ سے ۱۸؍ اکتوبر کے دوران شائع ہونے والی ۱۰؍ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی پوسٹوں کا تقابل کیا گیا۔ اس کے مطابق روس نواز حلقوں سے تعلق رکھنے والی ۱۰؍ مقبول ترین پوسٹوں کو مجموعی طور پر ۲۸؍ لاکھ بار دیکھا گیا۔ اس کے مقابلے میں MAGA تحریک سے منسلک عہدیداروں، میڈیا اداروں اور اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات کی ۱۰؍ مقبول ترین پوسٹوں کو ۴؍ کروڑ ۹۰؍ لاکھ سے زیادہ ویوز ملے۔

اسی مدت کے دوران اسرائیلی عہدیداروں، سرکاری اکاؤنٹس، میڈیا اداروں اور اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات کی ۱۰؍ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی پوسٹوں کو ۳؍ کروڑ ۵۰؍ لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا۔ یہ اعداد و شمار فرانسیسی وزارتِ خارجہ کی رپورٹ میں درج ہیں۔ ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ فرانس کے داخلی بحران کو بیرونی سیاسی مباحث میں کس بڑے پیمانے پر جگہ دی گئی، اگرچہ صرف ویوز کی تعداد سے ہر اکاؤنٹ کے پیچھے موجود منظم رابطے یا کسی حکومت کی براہِ راست ہدایت ثابت نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی تیاری، نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست

’آپریشن اوورلوڈ‘ کا طریقۂ کار

یورپی یونین کی رپورٹ کے مطابق ’’آپریشن اوورلوڈ‘‘ ستمبر ۲۰۲۳ء سے سرگرم ہے اور اس کا ہدف مغربی ممالک کی معروف شخصیات، اداروں اور ذرائع ابلاغ کو بدنام کرنا ہے۔ اس مہم میں یوکرین کی حمایت کرنے والے یورپی ممالک کے خلاف بھی مواد پھیلایا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس نیٹ ورک نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ یورپی حکومتیں اپنے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے یوکرین کو ترجیح دے رہی ہیں۔ برطانیہ میں قائم تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک ڈائیلاگ (Institute for Strategic Dialogue) نے بھی اپنی گزشتہ سال کی تحقیق میں اس نیٹ ورک کو ایک مسلسل اور بڑے پیمانے پر سرگرم روس نواز اطلاعاتی مہم قرار دیا تھا۔ ادارے کے مطابق اس کا طریقۂ کار قابلِ اعتماد ذرائع ابلاغ کی نقالی، مصنوعی ذہانت کے ذریعے ماہرین کی آوازیں نقل کرنا، جعلی اخباری سرخیاں تیار کرنا اور تصاویر میں ردوبدل کرنا ہے۔ اس کے بعد مواد کو مختلف زبانوں اور ممالک میں پھیلایا جاتا ہے تاکہ مقامی تنازعات کو اپنے بیانیے کے حق میں استعمال کیا جاسکے۔فرانس کے اطلاعاتی گمراہ کن مہمات پر نظر رکھنے والے سرکاری ادارے ویجینم (Viginum) نے بھی ۲۰۲۴ء میں آپریشن اوورلوڈ اور اس سے ملتی جلتی روسی سرگرمیوں پر تفصیلی رپورٹ جاری کی تھی۔ فرانسیسی حکام کے مطابق ایسے نیٹ ورک احتجاج، انتخابات اور دیگر حساس سیاسی مواقع پر دوبارہ سرگرم ہوجاتے ہیں۔

فرانس میں احتجاج کی اصل وجوہات

فرانس میں گزشتہ ماہ مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور عوامی خدمات میں کمی کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے تھے۔ مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاج کے دوران بعض مقامات پر تشدد، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے واقعات پیش آئے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر ایسے دعوے پھیلنے لگے جن میں ان واقعات کو مہاجرین یا مسلمانوں سے جوڑا گیا، حالاں کہ فرانسیسی حکام نے ان دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیا۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ۲۱؍ اکتوبر کو کہا تھا کہ احتجاج کے پس منظر میں غیر ملکی مداخلت کا کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آیا، تاہم اطلاعات میں بیرونی عناصر کی جانب سے ردوبدل اور ہیرا پھیری ضرور کی گئی۔ فرانس کی وزارتِ خارجہ نے بھی رائٹرز کو تبصرے کے لیے انہی بیانات کی جانب متوجہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائیاں، ۹؍ ہزار ۱۳۹؍ کو ان کے آبائی وطن بھیجا گیا

دوسری جانب روسی وزارتِ خارجہ نے رائٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اگست میں فرانس کے ۲۰۲۷ء کے انتخابات سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر اور اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے بھی رائٹرز کی جانب سے بھیجی گئی درخواستوں پر کوئی جواب نہیں دیا۔ رائٹرز نے واضح کیا ہے کہ وہ یورپی یونین اور فرانسیسی وزارتِ خارجہ کی دونوں رپورٹوں میں درج تمام دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکا۔ امریکی تھنک ٹینک رینڈ کارپوریشن (RAND Corporation) کی سینئر سیاسی سائنسداں ایلینا ٹریگر (Elina Treyger) کے مطابق اس نوعیت کی مہمات فوری طور پر سیاسی نتائج پیدا کرنے کے بجائے طویل مدت میں بیانیے کی جنگ کا حصہ بنتی ہیں۔ ان کے ذریعے معاشروں میں مہاجرین مخالف جذبات کو تقویت مل سکتی ہے اور ووٹروں میں سیاسی انتہا پسندی کی طرف رجحان بڑھ سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK