نرملا سیتارمن کی شرکت، صنعتکاروں سے ملاقاتیں، ہندوستان میں ہنرمندافرادی قوت، مینوفیکچرنگ کے مواقع اور ڈیٹا سیکوریٹی کے فروغ پر زور۔
EPAPER
Updated: September 01, 2026, 12:25 PM IST | Agency | New Delhi
نرملا سیتارمن کی شرکت، صنعتکاروں سے ملاقاتیں، ہندوستان میں ہنرمندافرادی قوت، مینوفیکچرنگ کے مواقع اور ڈیٹا سیکوریٹی کے فروغ پر زور۔
امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے شہر ایش ویلے میں جی-۲۰؍ کے مالیاتی اجلاس میں پیر کو وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے شرکت کی۔اس اجلاس کی توجہ تنازعات اور قرضوں میں اضافہ کے بیچ عالمی ترقی پر مرکوز رہے گی۔ اجلاس میں جی-۲۰؍ ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان شریک ہیں۔ سیتارمن۲۹؍اگست سے۲؍ستمبر تک کے ۶؍ روزہ امریکہ دورے پر ہیں جو کنیڈا سے شروع ہونے والے ان کے ۹؍ روزہ غیر ملکی دورے کا حصہ ہے۔ اتوار کو شکاگو میں صنعتکاروں سے ملاقات کے بعد وہ کیرلائنا پہنچیں جہاں گرین وِیلے-اسپارٹن برگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکہ میں ہندوستان کے سفیر ونے موہن کواترا نے ان کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھئے: اسپیم کالز کو صرف بلاک نہیں، شکایت بھی کریں: ٹرائی
سیتارمن کی صنعتکاروں سےملاقات
وزیر خزانہ شکاگو سے ایش وِیلے پہنچی ہیں، جو واشنگٹن سے تقریباً۷۶۰؍کلومیٹر دور ہے۔ شکاگو میں انہوں نے ایک گول میز کانفرنس میں اہم سرمایہ کاروں کے ساتھ شرکت کی اور نجی شعبے کی بڑی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیوز، صدور اور سینئر نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ان میں امریکی ملٹی نیشنل کمپنی’تھری ایم‘‘کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو ولیم براؤن بھی شامل ہیں۔ ملاقات میں ہندوستان میں ’تھری ایم‘کی خدمات کا دائرہ وسیع کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مالیات نے نشاندہی کی کہ ہندوستان ایک بڑی مارکیٹ سے آگے بڑھ کر جدید مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی اور انوویشن کیلئے کا مرکز بن رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گوگل کے اے آئی ماڈل سے زراعت میں انقلابی تبدیلیاں
ایران کے خلاف دباؤ کی کوشش
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اجلاس کی میزبانی کر رہے ہیں۔ امریکہ نے اس اجلاس میں عالمی اقتصادی ترقی کو مرکزی موضوع بنانے کے ساتھ ایران کے ساتھ باقی ماندہ تجارتی تعلقات ختم کرنے کیلئےجی۲۰؍ممالک پر دباؤ ڈالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ایران پر پابندیوں اور چین سمیت مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کے معاملہ پر جی۲۰؍میں اختلافات کا امکان ہے۔
کئی میڈیا گھرانوں پرپر پابندی
اس بیچ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے نیویارک ٹائمز، بلومبرگ اور وال اسٹریٹ جرنل سمیت بعض بڑے میڈیا اداروں کے صحافیوں کو اجلاس کی کوریج سے روکنے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، جس پر پریس کی آزادی اور شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھے ہیں۔
اے آئی عالمی مالیاتی استحکام کو خطرہ
جی ۲۰؍کے مالیاتی استحکام بورڈ کے سربراہ اور بینک آف انگلینڈ کے گورنر اینڈریو بیلی نے خبردار کیا ہے کہ جدید اے آئی ماڈلز عالمی مالیاتی نظام کے استحکام کیلئے خطرہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے جی۲۰؍ممالک کے مرکزی بینکوں کے گورنروں اور وزرائے خزانہ کو متنبہ کیا کہ جدید اے آئی ماڈلز کی محفوظ تیاری اور استعمال کو ترجیح دی جائے۔