Inquilab Logo Happiest Places to Work

غریب نگر:مکینوں کا نام درج کرانے کی درخواست

Updated: August 05, 2026, 1:14 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اے سی پی آر کے ذریعے ایک وفد کی ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات۔ دو دن میں واضح جواب دینے کا اشارہ۔

Assistant Returning Officer Rajput providing information about the affected people of Garib Nagar at the Bandra Election Office. Photo: INN
باندرہ الیکشن آفس میں اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر راجپوت غریب نگر کے متاثر ہونے والوں کے تعلق سے معلومات فراہم کراتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

باندرہ غریب نگر جھوپڑپٹی کے بے گھر کئے گئے مکینوں کےاسپیشل انٹینسیو رویژن( ایس آئی آر) میں ناموں کے اندراج  کے تعلق سےمنگل کو ۴؍ بجے اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کے ذریعے متاثرین اور سیاسی لیڈران پر مشتمل ایک وفد نے ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر پارکر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اوراجاڑے جانے والوں کےنام درج کرنے کی درخواست کی ۔

واضح ہوکہ ۳۰؍جولائی کوباندرہ کی سطح پر الیکشن آفس میں سیاسی جماعتوں کی میٹنگ بلائی گئی تھی ۔ اس میںویلفیئرپارٹی آف انڈیا کی جانب سے یہ مسئلہ اٹھایا گیا تھا ۔اس پراسسٹنٹ رٹرننگ آفیسرراجپوت نے کہا تھا کہ ہمیں ۱۰۰؍ خاندان جو غریب نگر میں موجود ہیں ، ان کے ناموں کے اندراج کی ہدایت تو دی گئی ہے مگر ۳۰۰؍ سے زیادہ اِن خاندانوں (اجاڑے گئے )کے لئے کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے۔ اس لئے ان کا فارم نہیں بھراجارہا ہے اورنہ ہی فوری طور پرکوئی واضح جواب دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: رکمنی بائی سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر کی سنگین غفلت

شرکاء وفد نےکیاکہا ؟

اےپی سی آر کی جانب سے چیف الیکٹورل آفیسر چوک لنگم سے ملاقات کاوقت طے تھا مگر وہ کسی میٹنگ میںچلے گئے اس لئےایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر پارکر سے ملاقات کی گئی۔ اس موقع پرغریب نگر کے متاثرین محمد انیس اور محبوب شیخ وغیرہ جو وفد میں شامل تھے، نے چیف الیکٹورل آفیسر سے کہا کہ ’’ ہم لوگ وہاں ۲۰؍ سال سےزائد عرصے سے مقیم تھے اور پابندی سے ووٹ دیتے رہے ، لیکن جاری ایس آئی آر میں ہمارا نا م نہیںلکھا گیا ہےاورنہ ہی اب تک فارم بھرا گیا ہے۔ اس لئےہم سب کانام بھی شامل کیا جائے ۔‘‘ سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے رئیس شیخ نے کہاکہ ’’ ان متاثرین کا ووٹ دینا حق ہے ، ان کو یہ حق ملنا ہی چاہئے ،کسی صورت انہیں حق رائے دہی سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے۔‘‘ اے پی سی آر کے سیکریٹری شاکر شیخ نے کہا کہ ’’ اگر کوئی فلائی اوور کے نیچے رہتا ہےتواس کا بھی نام شامل کیاجاتا ہے۔ اسی طرح یہ لوگ ابھی بے گھر کئے گئے ہیںجبکہ یہاں یہ سب برسوں سے اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کرتے رہے ہیں،اس لئے اس بات کو یقینی بنایاجائے اوران کا نام بہر صورت درج کیاجائے تاکہ غریب نگر کے تمام لوگ پہلےکی طرح ووٹ دے کر جمہوری نظام کاحصہ بن سکیں۔‘‘

شرکاء وفد کی جانب سے ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر سے یہ بھی کہا گیا کہ آپ انتظار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں مگر آخری تاریخ میں محض چنددن بچے ہیں،اس لئے یہ لوگ مزیدپریشان ہیںکہ کہیںوقت ختم ہوجائے اوران کا نام فہرست میںشامل کئےجانے سے رہ جائے۔

یہ بھی پڑھئے: پروجیکٹس کےسبب منتقل ہوئےووٹر اپنےاصل مقام پر ایس آئی آر کا فارم پُرکرسکتےہیں

ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر کاجواب 

ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر پارکر نےشرکاء وفد کی باتیںبغور سنیں اوریہ یقین دلایا کہ ۲؍ دن کا موقع دیجئے، آپ کے مطالبات سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کرایا جائے گا۔‘ ‘انہوں نےیہ یقین دہانی بھی کروائی کہ ’’الیکشن کمیشن کی جانب سے مسلسل کوشش کی جارہی ہے کہ کسی کا نام رہنے نہ پائے۔ ایک ایک ووٹر تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے اورہر ایک کانام شامل کیاجارہا ہے۔‘‘ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر نے حتمی طور پرتاریخ میں مزید توسیع کے تعلق سے تو کچھ نہیں کہا مگر اشارتاً یہ ضرور کہا کہ ممبئی کی سطح پر ایس آئی آر کا کام سست روی سے چل رہا ہے ، ابھی کافی کام باقی ہے۔

اس پرشرکاء وفد کی جانب سے یہ بھی بتایاگیا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کام پورا نہ ہونے کےسبب شاید تاریخ میں مزید توسیع کی جائے ۔اہم بات یہ ہےکہ اس وفد کی توقع کےمطابق منگل کو ایس آئی آر کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK