• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ: ڈین رینولڈز کا دیواری فن پارہ، ابوظہبی کنسرٹ سے قبل توجہ کا مرکز

Updated: September 22, 2026, 7:07 PM IST | Gaza

فلسطینی فنکاروں نے تباہ شدہ عمارت پر گلوکار کی تصویر اور فلسطینی پرچم بنایا؛ غزہ سے متعلق ان کے حالیہ بیانات کے بعد اظہارِ تشکر قرار دیا جارہا ہے۔

Dan Reynolds` mural art. Photo: X
ڈین رینولڈز کا دیواری فن پارہ۔ تصویر: ایکس

امریکی راک بینڈ امیجن ڈریگنز کے مرکزی گلوکار ڈین رینولڈز کی ایک بڑی دیواری تصویر غزہ شہر کی ایک جنگ زدہ عمارت پر بنائی گئی ہے۔ اس فن پارے میں رینولڈز کو فلسطینی پرچم کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ یہ دیوار نگاری ایسے وقت سامنے آئی ہے جب رینولڈز اور ان کا بینڈ دسمبر میں ابوظہبی گرینڈ پری کے بعد ہونے والے کنسرٹ میں پرفارم کرنے والے ہیں۔ یہ دیواری فن پارہ غزہ کے مقامی فن کاروں نے تیار کیا ہے۔ ان کے مطابق اس کا مقصد رینولڈز کے ان بیانات پر اظہارِ تشکر کرنا ہے جن میں انہوں نے غزہ میں انسانی بحران پر تشویش ظاہر کی اور فلسطینی شہریوں، خصوصاً بچوں، کی تکالیف کا ذکر کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق رینولڈز نے حالیہ ہفتوں میں غزہ کی صورتحال پر کئی عوامی بیانات دیے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کی ہلاکتوں اور انسانی بحران پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امن اور انسانی ہمدردی کی اپیل کی تھی۔ ان کے ان بیانات کو غزہ میں مثبت انداز میں دیکھا گیا، جس کے بعد مقامی فن کاروں نے ان کی تصویر تخلیق کی۔

یہ بھی پڑھئے: جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل جی سی سی وزارتی کونسل کی رابطہ میٹنگ

فن پارے میں ڈین رینولڈز کو مسکراتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ پس منظر میں فلسطینی پرچم نمایاں ہے۔ یہ تصویر غزہ شہر کی ایک ایسی عمارت پر بنائی گئی ہے جو جنگ کے دوران شدید نقصان کا شکار ہوئی تھی۔ فن کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے تباہ شدہ دیوار کو امید اور یکجہتی کی علامت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔ امیجن ڈریگنز اس سال ابوظہبی فارمولا ون گرینڈ پری کے بعد ہونے والے میوزک کنسرٹس میں پرفارم کرنے والے نمایاں بینڈز میں شامل ہے۔ حالیہ دنوں میں بعض دیگر بین الاقوامی فن کاروں نے اپنے پروگراموں میں تبدیلیاں کی ہیں، تاہم امیجن ڈریگنز کی پرفارمنس بدستور شیڈول کے مطابق برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھئے: روس میں انتخابات، حکمراں پارٹی یونائیٹڈ رَشیا کوواضح برتری

ڈین رینولڈز اس سے قبل بھی انسانی حقوق اور سماجی مسائل پر اپنی رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے ایک کنسرٹ کے اختتام پر فلسطینی پرچم بھی لہرایا تھا، جبکہ حالیہ دنوں میں غزہ سے متعلق ان کے بیانات نے دوبارہ توجہ حاصل کی۔ غزہ میں بنائی گئی یہ دیواری تصویر سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ متعدد صارفین نے اسے فن کے ذریعے اظہارِ یکجہتی کی علامت قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے موسیقی اور ثقافت کے ذریعے عالمی توجہ حاصل کرنے کی کوشش سے تعبیر کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK