• Thu, 18 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مصر، اسپین، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہان کا غزہ جنگ بند کرنے کا مطالبہ

Updated: September 18, 2025, 7:00 PM IST | Cairo

مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی، شاہ اسپین فیلیپ ششم ، لندن کے میئر صادق خان، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر اینا لینا بیربوک نے غزہ نسل کشی اور جنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر اینالینا بیربوک نے بدھ کے روز غزہ پٹی میں شہریوں اور شہرکے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کی اپیل کی۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کے دو ریاستی حل کے نفاذ کیلئے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل جنگ کے ذریعے غزہ مسئلے کا حل ممکن نہیں۔نہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’’اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے مستقل امن، سلامتی اور وقار کے ساتھ رہنے کا واحد طریقہ دو ریاستی حل ہے۔‘‘ اپنے گزشتہ تبصرے پر انہوں نے کہا کہ’’ اگر غزہ میں دہشت گرد موجود ہو تو بین الاقوامی قانون کے تحت اس کی حفاظتی حیثیت ختم ہو جائے گی۔ تاہم یہ بالکل واضح ہے کہ بین الاقوامی انسانی قانون شہریوں اور شہریوں کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کا مطالبہ کرتا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا غزہ میں مظالم جاری رکھنے کا اعلان

دوسری جانب مصر کے صدر اور اسپین کے بادشاہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی بے دخلی مسترد کردی، دونوں لیڈروں کے درمیان بات چیت اسپین کے بادشاہ کی مصر کے پہلے دورے کے دوران ہوئی، جو منگل کو شروع ہوا اور چار دن تک جاری رہے گا۔مصری صدارتی دفتر کے ایک بیان کے مطابق، السیسی اور فیلیپ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مصر اور اسپین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے ’’غزہ میں فوری جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی، غزہ پٹی میں بلا روک ٹوک انسان دوست امداد کی فراہمی، علاقائی تصادم کو روکنے اور اس امن کو برقرار رکھنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ’’فلسطینی عوام کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کی واضح طور پر مخالفت کی ۔دونوں فریقوں نے ’’مغربی کنارے میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات، بشمول آبادکاری میں توسیع اور فلسطینی زمینوں کو ضم کرنے کی دھمکیوں کو مسترد کر دیا، ساتھ ہی ان اقدامات کو ’’بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی‘‘قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل نےغزہ کی بھکمری چھپانے کیلئے لاکھوں ڈالر کے گمراہ کن اشتہار چلائے: تحقیق

لندن کے میئر صادق خان نے بھی ایک بیان میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے نسل کشی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ جب میں غزہ میں بھوک سے مرتے بچوں کو دیکھ رہا ہوں،۲۰؍ ہزار بچے اسرائیلی حکومت کی پالیسی کے سبب جاں بحق ہوگئے، جب میں غزہ کا نظام صحت تباہ ہوتے دیکھتا ہوں، جب میں دیکھتا ہوں کہ امدادی اشیاء ضرورتمندوں تک نہیں پہنچنے دی جارہی،جب میں انسان کا پیدا کردہ قحط دیکھتا ہوں، جب میں آئی سی جے کا عبوری فیصلہ دیکھتا ہوں،جب میں اقوام متحدہ کمیشن کی اس ہفتے کی رپورٹ دیکھتا ہوں تو ان تمام سے یہ نتیجہ اخذ کرتا ہوں کہ غزہ میں جو ہم اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہے ہیں وہ نسل کشی ہے۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK