وزیر اعظم مودی کا قوم سے خطاب،کہا: اپوزیشن کو خواتین معاف نہیں کریں گی پرینکا گاندھی کی پریس کانفرنس، کہا کہ’’ بھیڑ کی کھال میںبھیڑیا پیش کیا گیا تھا ‘‘
EPAPER
Updated: April 19, 2026, 12:22 AM IST | New Delhi
وزیر اعظم مودی کا قوم سے خطاب،کہا: اپوزیشن کو خواتین معاف نہیں کریں گی پرینکا گاندھی کی پریس کانفرنس، کہا کہ’’ بھیڑ کی کھال میںبھیڑیا پیش کیا گیا تھا ‘‘
پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم کے معاملے میں بری طرح شکست کھانے کے بعد وزیر اعظم مودی نے سنیچر کو قوم سے خطاب کیا ۔ یہاں پر انہوں نے اپنے خطاب میں اپوزیشن پارٹیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا ریزرویشن ایک ایماندارانہ اقدام تھالیکن اپوزیشن نے اوچھی چالیں چل کر اسے روک دیا۔ انہوں نے کانگریس، ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی اور ڈی ایم کےکو اس کے لئے مورد الزام ٹھہرایا ۔ مودی نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ خواتین کے ریزرویشن میں رکاوٹیں ڈالی ہیں۔ انہوں نے کانگریس کو طفیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی پارٹیوں کی مدد سے زندہ ہے اور اب اس کا اصلی چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔پی ایم مودی نے کہاکہ ٹی ایم سی ، سماج وادی اور کانگریس سبھی خواتین مخالف ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ ملک کی خواتین کی ترقی ہو ۔ پی ایم نے کہا کہ یہ جماعتیں ملک کی ماتاؤں بہنوں کے بااختیار ہونے سے خوفزدہ ہوتے ہیں۔پی ایم نے کانگریس پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کا ایک ہی کام ہے ، حکومت کے ہر اچھےکام میں رخنہ اندازی کرو۔کانگریس نےتین طلاق کی مخالفت کی، دفعہ ۳۷۰؍کی منسوخی کی مخالفت کی اور اب انہوں نے خواتین کے ریزرویشن بل کی بھی مخالفت کی ۔ کانگریس اصلاحات کا نام سنتے ہی چیخ وپکار شروع کردیتی ہے۔ وہ نہیں چاہتی کہ ملک مضبوط ہو۔پی ایم نے کہاکہ وہ بھول رہے ہیں کہ ۲۱؍ویں صدی کی خواتین ملک کے ہر واقعے پر نظر رکھتی ہیں، وہ ان کے ارادوں کو سمجھتی ہیں اور سچائی سے پوری طرح واقف ہیں۔ اس لئے اپوزیشن نے خواتین کے ریزرویشن کی مخالفت کرکے جو پاپ کیا ہے، انہیںاس کی سزا ضرور ملے گی۔ وزیر اعظم مودی نے قوم سے اپنے خطاب میںمزید کہا کہ بعض لوگوں کے لیے قومی مفادات سے زیادہ پارٹی مفادات اہم رہے ہیں۔ خواتین کی طاقت کے عروج کو روکنے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ جب پارلیمنٹ میں خواتین کی بہبود کی تجویز کو شکست ہوئی تو ملک کی اپوزیشن پارٹیاں جوش و خروش سے میزیں تھپتھپا رہی تھی۔ اس منظر سے انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے خواتین ریزرویشن اور حد بندی کے معاملے پر بی جے پی کے خلاف زبردست جوابی حملہ کیا ۔ انہوں نے پریس کانفرنس کر کےکہا کہ کل پارلیمنٹ میں جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔ مودی حکومت نے جمہوریت کو کمزور کرنے اور وفاقی ڈھانچے کو بدلنے کی سازش کی تھی، جسے ہم نے شکست دے دی۔ یہ آئین کی جیت ہے، ملک کی جیت ہے، اپوزیشن کے اتحاد کی جیت ہے، جو حکمراں جماعت کے لیڈران کے چہرے پر واضح طور پر نظر آ رہا تھا۔پرینکا گاندھی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ اور وزیر اعظم نے اپنی اپنی تقریروں میں کہا کہ اگر اپوزیشن اس معاملہ پر متفق نہیں ہوگی تو نہ کبھی انتخاب جیت پائے گی اور نہ ہی اقتدار میں آ پائے گی۔ ان باتوں سے ہی واضح ہو گیا کہ حکومت کا ارادہ کیا تھا۔ میراماننا ہے کہ حکومت کے ذریعہ سازش رچی گئی، اس کا مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے۔ اس کے لئے حکومت نے خواتین کا استعمال کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی تھی کہ خواتین ریزرویشن کے نام پر اپوزیشن یہ بل پاس کروا دے، تاکہ انہیں من مانے طریقے سے حد بندی کی آزادی مل جائے، جس سے مودی حکومت کو ذات پر مبنی مردم شماری کا سہارا نہ لینا پڑے۔پرینکا گاندھی کے مطابق مودی حکومت کا ماننا تھا کہ اگر بل منظور ہوگا تو ان کی جیت ہوگی اور بل منظور نہیں ہوا تو اپوزیشن کو خواتین مخالف بتا دیں گے۔ بی جے پی ایسا کر کے خود کو خواتین کا مسیحا ثابت کرنا چاہتی تھی۔کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی کے مطابق خواتین کے حوالے سے بی جے پی کی ایک تاریخ رہی ہے۔ یہ تاریخ انتہائی واضح ہے۔ صرف ایوان میں اس کے برعکس کہنے سے اس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ملک کی خواتین نے انّاؤ کو دیکھا، ہاتھرس کو دیکھا، خواتین کشتی کھلاڑیوں کو دیکھا اور منی پور کی خواتین کو بھی دیکھا۔ مودی حکومت نے کبھی ان کی خبر گیری نہیں کی اورکل پارلیمنٹ میں ’خواتین کا مسیحا‘ بننے کی کوشش کررہی تھی لیکن ہم نے انہیں ناکام کردیا۔