عرضی گزارنے زعفرانی تنظیم سے سیکوریٹی فیس وصول کرنے کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: April 19, 2026, 11:41 AM IST | Mumbai
عرضی گزارنے زعفرانی تنظیم سے سیکوریٹی فیس وصول کرنے کا مطالبہ کیا۔
بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ میں مفاد عامہ کی ایک عرضداشت داخل کی گئی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس) کو حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی زیڈ پلس وی وی آئی پی سیکوریٹی کی فیس تنظیم کے سربراہ موہن بھاگوت سےوصول کی جائے۔سماجی کارکن للن کشور سنگھ نے ایڈوکیٹ اشون انگولے کے ذریعے یہ عرضی دائر کی ہے۔ جسٹس انل کلور اور جسٹس راج وکوڑے کی عدالت میںآئندہ پیر کو اس درخواست پر سماعت ہوگی۔
عرضداشت کے مطابق مرکزی حکومت اور متعلقہ محکمے ٹیکس دہندگان کے پیسے کا استعمال کرتے ہوئے اس غیر رجسٹرڈ تنظیم کو اعلیٰ ترین سطح کی سیکوریٹی فراہم کر رہے ہیں۔ پٹیشن میں سپریم کورٹ کے ۲۷؍ فروری ۲۰۲۳ء کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا ہے۔ اس فیصلے میں صنعت کار مکیش امبانی کی سیکوریٹی کے حوالے سے واضح کیا گیا تھا کہ اگر بعض حالات میں سیکوریٹی فراہم کی جاتی ہے تو بھی اس کا سارا خرچ متعلقہ شخص یا تنظیم کو برداشت کرنا ہوگا۔ عرضداشت میں مرکزی حکومت، مرکزی صنعتی سیکوریٹی فورس اور مہاراشٹر حکومت کے محکمہ خزانہ کو مدعا علیہ بنایا گیا ہے۔ اب سب کی نظریں عدالت کے فیصلےپر ٹکی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: یوپی میں پنچایت الیکشن اسمبلی انتخابات کے بعد ہوں گے
عرضداشت میں کئے گئے اہم مطالبات:
۱۔)راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت اور سنگھ ہیڈ کوارٹر کو فراہم کی گئی سیکوریٹی کی فیس وصول کی جائے۔
۲) ٹیکس دہندگان کے پیسے کے اس ضیاع کو روک کر سرکاری خزانے میں جمع کیا جائے۔
۳) اس سلسلے میں مرکزی حکومت اور وزارت داخلہ کے درمیان خط و کتابت کرکےفوری طور پر فیصلہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ بی جے پی کو آر ایس ایس ہی کی ایک ضمنی (سیاسی) تنظیم سمجھا جاتا ہے جو اس وقت اقتدار میں ہے۔